کالم۔۔۔ عوام ہی عوام نہیں


 کالم۔۔۔ عوام ہی عوام نہیں


(طنز کی چاشنی میں لپٹی تلخ حقیقت کا آئینہ)


ہمارا وطن عزیز شاید دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ہر سیاسی رہنما کے پاس قوم کی تقدیر کے ساتھ ساتھ چند پلاٹ، کاریں اور بیرون ملک اکاؤنٹس بھی ہوتے ہیں۔ یہاں سیاست دانوں کے کپڑے کبھی نہیں پھٹتے، صرف وعدے پھٹتے ہیں۔


اکیسویں صدی کی طرف ہم چلے تو ہیں

فتنے بھی جاگ اُٹھے ہیں آواز پا کے ساتھ


اور یہ آواز اب ضمیر کی نہیں، مفاد کی گونج بن چکی ہے۔ سیاست اب نظریہ نہیں، کاروبار بن چکی ہے۔


مذہبی رہنما بھی کچھ کم نہیں۔ وہ فاقے کی بات نہیں کرتے، صرف صبر کی تلقین کرتے ہیں۔ ان کے قالین نرم، گاڑیاں نئی، خدام تیار اور خطابات میں قناعت کے چرچے۔ زبان پر فقر کی بات، مگر زندگی شاہانہ۔


ایسا لگا غریبی کی ریکھا سے ہوں بلند

پوچھا کسی نے حال کچھ ایسی ادا کے ساتھ


کیا خوب تضاد ہے منبر پر فقر کے قصے مگر دل میں دولت کے خواب۔


سماجی رہنما بھی عوام کی خدمت ایسے کرتے ہیں جیسے شکاری شکار سے محبت کرتا ہے۔ ان کے لیے خدمتِ خلق ایک مشن نہیں، تشہیر کا ذریعہ ہے۔ چہروں پر مصنوعی مسکراہٹ اور لبوں پر نعرے، مگر دلوں میں مفاد کی گرمی۔


شاہ نامے لکھے ہیں کھنڈرات کی ہر اینٹ پر

ہر جگہ ہے دفن اک افسانہ تیرے شہر میں


اور یہ شہر صرف اینٹوں اور پتھروں کا نہیں، خوابوں کے ملبے کا بھی ہے۔


اداروں کے سربراہان کی خوشحالی تو الگ داستان ہے۔ وہ ایسے مطمئن اور محفوظ ہیں کہ عوام کی غربت بھی ان پر رشک کرتی ہے۔ عوام کے ٹیکس سے بنی گاڑیاں، عوام کے پیسے سے سجتے دفاتر، مگر عوام خود ہر دن ایک نئے بحران کا شکار۔


ننگی سڑکوں پر بھٹک کر دیکھ جب مرتی ہے رات

رینکتا ہے ہر طرف ویرانہ تیرے شہر میں


یہ ویرانہ اب صرف گلیوں میں نہیں، انسان کے اندر بھی اتر آیا ہے۔


اور عوام؟

وہی پرانا کردار تالی بجاتی، نعرے لگاتی اور ہر بار نئے مسیحا کی تلاش میں پرانے زخم سہلاتی۔

ہماری قوم مظلوم بھی خود، تماشائی بھی خود اور اکثر ظالموں کی تعریف کرنے والی بھی خود۔


میرے اﷲ 

میں کدھر جاؤں

پھر ہے فطرت نے آگ بھڑکائی

دو حریفوں میں ہے صف آرائی

اک طرف قیصری و دارائی

اک طرف مفلسی ہے جھلائی


ہم قیصری و دارائی کی جنگ میں صدیوں سے پس رہے ہیں، مگر اب بھی امید کے دیے جلائے بیٹھے ہیں۔


(نوٹ تحریر میں تمام اشعار کیفی اعظمی صاحب کے ہیں)


کیسا عجب ملک ہے

جہاں عوام ہی عوامی نہیں۔


کبھی کبھی یوں لگتا ہے کہ اس ملک میں انقلاب نہیں آئے گا، کیونکہ یہاں ہر شخص تبدیلی چاہتا ہے  ۔۔۔ 

مگر دوسرے کے کردار میں، اپنے نہیں۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ