اہل علم کے نام ایک خط غالبی


 اہل علم کے نام ایک خط غالبی


یہ مکتوب اس کیفیت میں رقم ہوا جب ایک مرحوم شاعر کے مجموعۂ کلام کے بارے میں سوال محض وضاحت کی نیت سے کیا گیا، مگر جواب ایسا آیا کہ علم کی خوشبو کی جگہ تکبر کا دھواں چھا گیا۔ اگر غالب آج ہوتے تو شاید یوں ہی اپنے شوخ و شائستہ انداز میں یہ گلہ کرتے۔


محترم و مکرم،


کل ایک مرحوم شاعر کے مجموعۂ کلام کے بارے میں کچھ دریافت کرنے کی جسارت کی تھی۔ قصد فقط یہ تھا کہ بات علم کی روشنی میں واضح ہو جائے، مگر سبحان اللہ، جواب یوں آیا جیسے میں نے ان کے اجداد کی لوح محفوظ پر دستک دے دی ہو۔


ان کے لہجے میں ایسا رعب، ایسی برہمی کہ جیسے علم کی کائنات کا سرچشمہ ان کے ہی گھر سے پھوٹا ہو۔ انداز تکلم یہ کہ گویا وحی علم ان ہی پر نازل ہوئی، باقی سب تو تلامذۂ غفلت ہیں ۔۔۔۔


دل نے بےاختیار کہا

اگر علم کا حاصل یہی غرور ہے تو جاہل ہی اچھا، کم از کم اس کے پاس عاجزی تو سلامت رہتی ہے۔

دنیا میں ہزاروں چراغ فکر روشن ہیں، مگر ان صاحبان کو اپنی ہی شمع آفتاب دکھائی دیتی ہے۔ اور میں حیرت کے عالم میں سوچتا رہ گیا ۔۔۔


ہائے، یہ وہ علم ہے جس نے عقل چھین لی۔


اب ان کی دانش و خود پسندی کے سامنے بندہ کیا کرے؟


حیراں ہوں دل کو روؤں کہ پیٹوں جگر کو میں۔


کاش وہ مرحوم شاعر زندہ ہوتا تو شاید کہتا۔۔۔۔


میں نے تو لفظوں سے دلوں کے زخم بھرتے دیکھے تھے، مگر اہل علم کے لبوں سے تیر نکلتے دیکھے ۔ 


اے صاحبان علم۔

اگر آپ کے علم نے آپ کو مسکرا دینا، جھک جانا اور کسی کے سوال کو برداشت کرنا نہیں سکھایا، تو آپ نے علم نہیں، صرف انا کے ابجد یاد کیے ہیں


ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے

بہت نکلے میرے ارمان لیکن پھر بھی کم نکلے


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ