استاد کی پنشن، شاگردوں کی وفا اور اللہ کی رضا
یادوں کے جگنو
استاد کی پنشن، شاگردوں کی وفا اور اللہ کی رضا
(استاد دوست محمد بلوچ صاحب کی پنشن کا قصہ)
زندگی کے سفر میں کچھ واقعات ایسے ہوتے ہیں جو بظاہر معمولی لگتے ہیں، مگر دل پر ایسی چھاپ چھوڑ جاتے ہیں کہ برسوں بعد بھی ان کی گرمی محسوس ہوتی ہے۔ کبھی کسی استاد کا چہرہ یاد آ جاتا ہے، کبھی ان کی نصیحت کا لہجہ، اور کبھی ان کی دعا کی تاثیر۔ انہی لمحوں میں انسان سمجھ پاتا ہے کہ اصل علم وہ ہے جو احترام استاد سے جنم لیتا ہے اور اصل عزت وہ ہے جو شاگرد اپنے عمل سے واپس لوٹاتا ہے۔
کہتے ہیں کہ انسان منصوبے بناتا ہے، مگر فیصلے ہمیشہ اللہ تعالی کے ہوتے ہیں اور اس کے ہر فیصلے میں کوئی نہ کوئی بھلائی پوشیدہ ہوتی ہے۔
ہمارے محترم استاد جناب دوست محمد بلوچ صاحب، جن سے وابستگی کا سلسلہ 1970-71 میں فیڈرل اسکول فردوس کالونی کے روشن دنوں سے ہے، اب طویل عرصے سے سبکدوشی کی پرسکون زندگی گزار رہے ہیں۔ مگر کچھ عرصہ پہلے ایک خبر نے دل کو جیسے تھام سا لیا، معلوم ہوا کہ سر کی پنشن بند کر دی گئی ہے۔
وجہ یہ بنی کہ وہ مہینوں بعد پنشن بینک سے نکالتے تھے اور بدلتی ہوئی سرکاری پالیسیوں میں ان کی بایومیٹرک تصدیق مکمل نہ ہو سکی۔
جب یہ خبر راجن پور میں سر سے ملی جہاں وہ اب مقیم ہیں، تو جیسے وقت لمحہ بھر کو رُک سا گیا۔ پنشن کراچی سے جاری ہوتی تھی، فاصلہ بہت تھا، مگر ارادہ پختہ۔ سر نے اپنے ایک شاگرد غضنفر سے رابطہ کیا۔ جو ہمارے بیچ سے بہت جونیئر اور ہم سے عمر میں چھوٹے مگر دل کے بڑے نکلے۔ اخلاص، محبت اور وفاداری کے جذبے سے انہوں نے یہ معاملہ اپنے ذمے لیا۔
غضنفر کی کوششیں جاری تھیں کہ ایک مقام پر کام رک گیا۔ انہوں نے سر کو صورتحال سے آگاہ کیا۔ اسی دوران سر کے بھتیجے برادر حسنین فرید جو میرے ساتھ واٹس ایپ پر رابطے میں رہتے ہیں، مجھے تفصیل بتائی اور برادر غضنفر کا نمبر دیا۔ میں نے بھی غضنفر سے بات کی، مگر چونکہ ایسے معاملات میرے اختیار سے باہر تھے، اس لیے یہ مسئلہ اپنے فیڈرل اسکول کے ساتھیوں کے واٹس ایپ گروپ پر شیئر کر دیا، کہ شاید کسی کے دل میں استاد کی محبت جاگ اٹھے۔
اور واقعی، رب کریم نے محبت کے جذبے سے بھری ایک صورت پیدا کر دی۔ ہمارے دوست عبدالسلام آگے بڑھے۔ انہوں نے برادر غضنفر سے رابطہ کیا، فائل حاصل کی، اور سر کے کام کو عملی طور پر سنبھال لیا۔ اللہ تعالی نے ان دونوں کی نیتوں میں برکت ڈال دی۔ سر کو کراچی بلایا گیا، وہ اپنے بھتیجے کے ہمراہ آئے اور عبدالسلام کے گھر قیام کیا۔
جن کاموں کے لیے بڑی رقمیں طلب کی جا رہی تھیں، وہ اللہ کے کرم، استاد کے فیض اور شاگردوں کی محبت سے بغیر کسی دنیاوی فائدے کے آسانی سے طے پا گئے۔
اب صرف ایک کاغذ کی رسمی کارروائی باقی ہے، جو سر کے راجن پور پہنچتے ہی مکمل ہو جائے گی اور ان شاء اللہ ان کی پنشن بحال ہو جائے گی۔
اللہ پاک عبدالسلام اور برادر غضنفر کی اس بے لوث خدمت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے ۔۔۔۔۔۔
ادب تعلیم کا جوہر ہے زیور ہے جوانی کا
وہی شاگرد ہیں جو خدمت استاد کرتے ہیں
یہی تو استاد و شاگرد کے رشتے کی اصل روح ہے۔۔۔۔ وقت کے فاصلے کچھ بھی ہوں، عقیدت کی ڈور کبھی نہیں ٹوٹتی۔
جہاں تک میرا تعلق ہے، تو دل میں آج بھی ایک کسک باقی ہے۔
بدھ کی رات جمی اور کمال سے بات طے ہوئی تھی کہ جمعرات کو ظہر کی نماز فردوسیہ مسجد میں ادا کریں گے، پھر وہیں سے سر کی خدمت میں حاضر ہوں گے۔ دل عجب سی خوشی سے بھرا ہوا تھا، جیسے برسوں بعد کسی پیارے بزرگ کی زیارت نصیب ہونے جا رہی ہو۔
مگر تقدیر کے فیصلے کچھ اور تھے۔ جمعرات کی صبح فجر کے وقت ایک عزیز کے انتقال کی اطلاع ملی۔ تدفین ظہر میں تھی۔ دل بوجھل، آنکھیں نم اور قدم جیسے رک گئے۔ ناگزیر حالات نے اجازت نہ دی۔ میں نے جمی اور عبدالسلام کو اطلاع دی کہ آج کی ملاقات مؤخر کرنی پڑے گی۔
اور بے اختیار معین شاداب کا یہ شعر زہن میں آ گیا
تو نے استاد کو استاد نہیں سمجھا ہے
جا تجھے کوئی سبق یاد نہیں ہو سکتا
بعد از عصر جب گھر لوٹا تو تھکن اور غم نے دل پر قبضہ سا کر لیا۔ مگر رات گئے برادر غضنفر نے محبت سے فون پر سر اور ان کے بھتیجے سے بات کرا دی ۔ بڑی محبت برادر من اپ کے لئے دل سے دعائیں ۔
سر کی آواز سن کر دل کو قرار تو آیا، مگر ایک گوشہ اب بھی خالی سا محسوس ہوتا ہے۔
یہ احساس شاید اب ہمیشہ دل میں رہے گا، کہ ملاقات کی چاہ، تیاری اور دعا سب موجود تھے مگر دیدار نصیب نہ ہو سکا۔
اور پھر دل نے ایک بار پھر وہی کہا،
کہ جو کچھ ہوا، وہ اسی رب کے حکم سے ہوا،
اور اس کے فیصلوں میں ہمیشہ بھلائی پوشیدہ ہوتی ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment