کراچی، روشنیوں سے اندھیرا، منی لندن سے منی لنگر خانے تک

کراچی، روشنیوں سے اندھیرا، منی لندن سے منی لنگر خانے تک

کہا جاتا تھا کہ کراچی منی لندن ہے، اب تو لندن والے بھی سوچ میں پڑ گئے ہوں گے کہ اگر یہ منی ہے تو اصل لندن کی حالت کیا ہوگی ۔ 

اس گلوب کے ایک طرف اسلامیہ کالج ہوتا تھا، دوسری طرف داؤد انجینئرنگ کالج۔ ان دونوں اداروں کے بیچ میں وہ کراچی بستا تھا جو علم، تہذیب اور شرافت کا مظہر تھا۔


دور پس منظر میں مزار قائد نظر آتا تھا اور آج کل پس منظر میں مزار ہی رہ گیا ہے، منظر سے تو قائد کب کے غائب ہو گئے۔


جب گلوب کے فوارے چلتے تھے تو ایک سماں بندھ جاتا تھا۔ روشنیوں کا، پانی کے قطروں کا اور خوابوں کا۔ اب فوارے بند ہیں تو خواب بھی سوکھ گئے ہیں۔


پھر شہر پر بھرپور یلغار ہوئی، کہیں پلازوں کی، کہیں سیاست کی، کہیں بے ہنری کی۔


نتیجہ یہ کہ جس شہر میں کبھی خوشبو بسی تھی، اب وہاں بس دھواں ہی دھواں ہے۔

صفائی ستھرائی کی وہ ہریالی، سڑکوں کی وہ چمک، وہ نظم و ضبط، سب کچھ ترقیاتی منصوبوں کی نذر ہو گیا۔

مسکن تو اس شہر کو سب نے بنایا، مگر دیا کسی نے کچھ نہیں۔

اب تو بجلی، نہ گیس نہ پانی کچھ بھی نہیں ۔۔


میں نے کبھی شعر میں کہا تھا۔


رتبہ کسی بھی شہر کو ایسا ملا نہیں،

اپنا کراچی شہر عروس البلاد ہے۔


لیکن اب لگتا ہے کہ عروس البلاد نہیں بلکہ عروس غم ہو گئی ہے ۔۔ زیور کے نام پر گرد اور لباس کے نام پر گردوغبار۔


کبھی قہوہ خانوں میں شعر و ادب کی محفلیں سجتی تھیں اب وہی قہوہ خانے گرم چائے کے ساتھ گرم سیاسی بحثوں کا اڈہ بن گئے ہیں۔

پہلے چائے پیئیں کہہ کر بلایا جاتا تھا، اب چائے پی کر دکھاؤ کہا جاتا ہے۔


ادیب، شاعر، دانشور، سب یا تو ہجرت کر گئے یا موبائل ایپ پر آ گئے۔

اور جو بچے ہیں وہ فیس بک پر ادبی محفل لگا کر یہی لکھتے ہیں ۔۔۔


(ہائے کراچی، تجھے کس کی نظر کھا گئی)


سید عتیق الحسن نے کہا تھا۔


کبھی منی لندن کہلاتا تھا، علم و ادب جس کی پہچان تھی ۔۔۔


ہم اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ اب علم و ادب کے ساتھ ساتھ ٹریفک، شور اور گرمی بھی ہماری پہچان ہیں۔


مصطفی زیدی کا شعر یاد آتا ہے۔۔۔


میں کس کے ہاتھ پہ اپنا لہو تلاش کروں

تمام شہر نے پہنے ہوئے ہیں دستانے۔


بس آج کے کراچی میں دستانے نہیں، ماسک زیادہ ہیں۔

شاید اسی لیے ایک دوسرے کا چہرہ پہچانا نہیں جاتا۔


اور آخر میں یہی کہنا پڑتا ہے ۔۔۔۔۔

کراچی آج بھی وہی ہے، بس آنکھیں وہ نہیں رہیں جو اسے دیکھتی تھیں۔


اختر شیخ

 

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ