رفاقت کے چراغ اور یادوں کی محفل"


 یادوں کے جگنو

رفاقت کے چراغ اور یادوں کی محفل


وقت کے دریچوں میں کبھی کبھی ایسی یادیں جاگ اٹھتی ہیں جو صرف دل ہی نہیں بلکہ پورے وجود کو ماضی کی خوشبو سے مہکا دیتی ہیں۔ وہ لمحے جو اس وقت معمولی سے لگتے تھے مگر آج سوچوں تو لگتا ہے کہ اصل زندگی تو وہی تھی۔ انہی جگنوؤں میں ایک جگنو میرا برادر من سراج راجپوت ہے۔ یہ رشتہ خون کا نہیں مگر خون سے بھی بڑھ کر ہے۔ بھائیوں سا تعلق، بے ساختہ اپنائیت اور وہ چاہت جسے وقت اور فاصلے کبھی ماند نہیں کر سکے۔۔۔۔۔۔۔۔۔

یاد آتا ہے کہ گلبہار کے وحیدآباد میں سراج بھائی کی ویڈیوز گیسٹ کی دکان تھی۔ اس دکان کی اپنی ایک الگ دنیا تھی۔ روز شام کو یہ بیٹھک آباد رہتی۔ ہنسی قہقہے، فلموں اور موسیقی کی باتیں، دوستوں کی رونقیں، سب اسی جگہ سمٹ آتے۔ دکان بند ہونے کی نشانی بھی کتنی دلچسپ تھی۔ جب سراج بھائی پورے ذوق اور فل آواز میں وہ پاکستانی گانا لگاتے ۔۔۔۔

 جب رات ڈھلی تم یاد آئے، ہم دور نکل آئے اس رات کے سائے سائے

تو محلے والوں کو معلوم ہو جاتا کہ اب دکان بند ہونے والی ہے۔ پھر لوگ بھاگم بھاگ آتے کہ یار یہ فلم کی کیسٹ دے دو، اور یوں دکان بند ہونے کے لمحات بھی ایک الگ رونق میں ڈھل جاتے۔ دکان بند ہونے کے بعد بھی ہماری رات ختم نہیں ہوتی تھی۔ سراج چونکہ برنس روڈ پر رہائش پذیر تھے تو اکثر میں اور مودی (محمدد عرف مودی) ان کے ساتھ نکل جاتے۔ کبھی لسبیلہ پر چائے کی محفل جمتی، کبھی برنس روڈ پر دیگر دوستوں کے ساتھ شطرنج کھیلنے یا خوش گپیوں کے مزے لیے جاتے۔ پھر فجر کا قریب آتا تو مودی اور میں گلبہار لوٹتے۔ وہ راتیں، وہ محفلیں، وہ آزاد لمحے آج بھی دل کو روشن رکھتے ہیں۔

نہ جی بھر کے دیکھا نہ کچھ بات کی

بڑی آرزو تھی ملاقات کی

(بشیر بدر)

جب یہ دکان ختم ہوئی تو ملاقاتوں کا رنگ بھی بدل گیا۔ کبھی سراج کے گھر بیٹھک ہو جاتی، کبھی بھائی شکور کے ہاں محفل جم جاتی۔ کچھ عرصہ یہ معمول رہا مگر رفتہ رفتہ غم روزگار نے اپنے پنجے گاڑ دیے۔ ملاقاتیں دنوں سے مہینوں میں اور پھر مہینوں سے برسوں میں بدل گئیں۔ مگر دل کا رشتہ ہمیشہ کی طرح قائم و دائم رہا۔۔۔ چند برس قبل کی ایک یاد بھی دل پر نقش ہے۔ سراج بھائی نے اپنے بیٹے اور بیٹی کی شادی پر مدعو کیا۔ پروگرام جنگ اخبار کے دفتر کے قریب کسی ہال میں تھا۔ میں اپنے بیٹے کے ساتھ رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے وہاں پہنچا تو حیرت ہوئی کہ ہال سنسان ہے۔ نہ آدم نہ آدم زاد۔ میں نے سراج کو فون کیا تو وہ ہنستے ہوئے بولا، ارے بھائی بھول گیا کیا؟؟؟ ہماری برادری کی صبح ہی رات گیارہ بارہ بجے ہوتی ہے۔ یہ سن کر میں لمحہ بھر کو ماضی میں جا پہنچا۔ یاد آیا کہ جب سراج نے گلبہار کی دکان ختم کر کے برنس روڈ پر آئسکریم پالر کھولا تھا تو میں اکثر رات بارہ بجے ملاقات کے لیے نکلتا۔ پھر فجر کی نماز پڑھ کر ہی واپسی کی اجازت ملتی تھی۔ وہی رات ہماری ہوتی اور وہی لمحے ہماری دوستی کا سرمایہ۔

نہ اداس ہو نہ ملال کر کسی بات کا نہ خیال کر

کئی سال بعد ملے ہیں ہم تیرے نام آج کی شام ہے

(بشیر بدر)

سراج بھائی کے ساتھ کی یادیں اگر لکھنے بیٹھوں تو شاید ایک پوری کتاب مکمل ہو جائے۔ ہر محفل، ہر واقعہ، ہر ہنسی ایک الگ داستان ہے۔ وقت نے فاصلے پیدا کر دیے ہیں مگر دل میں سراج کی جگہ وہی ہے جو پہلے دن تھی۔ دعا ہے کہ اللہ میرے اس برادرِ من کو سلامت رکھے، خوش رکھے، صحت و تندرستی عطا کرے اور ہماری یہ رفاقت تا دم آخر قائم رہے۔

کل رات برسوں بعد ملاقات کا موقع بھی میسر آ گیا۔

چھ سات برس بعد برنس روڈ پر بھائی سراج کی بیٹھک میں حاضری نصیب ہوئی۔ دیڑھ دو گھنٹے کی خوش گوار رفاقت کے بعد ہماری مختصر محفل برخاست ہوئی۔ زمانہ بدلنے کے ساتھ ساتھ معمولات بھی بدل جاتے ہیں۔ بھائی سراج بھی اب صبح کی بعض مصروفیات کے باعث جلد اٹھنے پر مجبور ہیں، ورنہ ان کے بقول ہماری صبح تو رات گیارہ بجے شروع ہوتی ہے اور رات صبح سات آٹھ بجے۔ برادر کا کام ہی کچھ ایسا ہے کہ رات بارہ بجے سے لے کر صبح چھ بجے تک انہیں مصروف رہنا پڑتا ہے۔ مگر آج کل کی صبح کی ذمہ داریاں انہیں جلد سونے پر آمادہ کرتی ہیں۔ اسی سبب وہ تمام احباب جو رات دو بجے کے بعد ہی بیٹھک کا رخ کرتے ہیں ان سے ملاقات نہ ہو سکی۔ طے یہ پایا کہ کسی ہفتے کے دن فون پر خبر دے دی جائے تاکہ سب اکٹھے ہو سکیں۔ اب دیکھئے یہ نشست کب میسر آتی ہے۔

"آج تو مل کے بھی جیسے نہ ملے ہوں تجھ سے

چونک اٹھتے تھے کبھی تیری ملاقات سے ہم

(جاں نثار اختر)

رہی میری بات، تو گزشتہ تین سال سے بیٹی کو یونیورسٹی چھوڑنے کی خدمت میرے ذمے ہے اس لیے میں بھی جلدی سو جانے کا عادی ہو چکا ہوں۔ ہاں، چونکہ ناظم آباد کی ہماری محفل بدھ کے روز جمتی ہے، اس لیے جمعرات کو بیٹی کو یونیورسٹی پہنچانے کی ڈیوٹی صاحبزادے نبھا دیتے ہیں۔ آج بھی اسی سہولت کا فائدہ اٹھایا اور ناظم آباد سے دوستوں سے اجازت لے کر بارہ، ساڑھے بارہ بجے برنس روڈ کی راہ لی۔ البتہ اس بات کا افسوس ضرور رہا کہ سب دوستوں سے ملاقات نہ ہو سکی۔ خیر، یار زندہ صحبت باقی۔

وقت کی دھول نے چاہے فاصلے بڑھا دیے ہوں، مگر دل کی دنیا میں سراج  کے ساتھ کی محفلیں آج بھی جگمگاتی ہیں۔ ہر ملاقات، چاہے برسوں بعد ہی کیوں نہ ہو، یہ یقین دلا دیتی ہے کہ رشتے وقت کے محتاج نہیں، یہ تو دل کی سچائی سے جیتے ہیں۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ