(امی کی مار اور ہماری جنت


 یادوں کے جگنو


(امی کی مار اور ہماری جنت)


امی کی دنڈی سے زیادہ خطرناک ہماری شرارتیں ہوتی تھیں، مگر آخر میں دونوں ہار جاتے ہم ہنسی میں، اور امی محبت میں۔


آج ایک تصویر واٹس ایپ پر موصول ہوئی تو دیکھتے ہی دل جیسے ٹھہر سا گیا۔

تصویر میں ماں دنڈی کمر کے پیچھے چھپائے کھڑی ہے،  اور سامنے کچھ فاصلے پر چند شرارتی بچے معصوم آنکھوں سے ماں کو دیکھ رہے ہیں


اس منظر نے لمحے بھر میں بچپن کی گلیوں کا دروازہ کھول دیا۔ دل نے بے اختیار کہا ۔۔۔ 


یہ منظر قلم بند کرنا چاہیے، کیونکہ یہ صرف ایک تصویر نہیں،

بلکہ محبت، تربیت اور بچپن کی شرارتوں کی پوری کہانی ہے۔


اس تصویر کو دیکھ کر دل جیسے لمحہ بھر میں ماضی کی گلیوں میں واپس چلا گیا۔

ماں دنڈی کمر کے پیچھے چھپا کر کھڑی ہیں،

اور سامنے کھڑے بچے خوف، معصومیت اور شرارت کے درمیان جھول رہے ہیں۔

ماں کی آنکھوں میں وہی پرانی سختی، مگر اندر کہیں نرمی کی روشنی چھپی ہے۔


دونوں فریق ایک دوسرے کے انتظار میں ہیں۔  ماں بچوں کے قریب آنے کے لمحے کی تاک میں، اور بچے اس آس میں کہ امی ذرا پلٹ جائیں تو بھاگ نکلیں۔


یہ منظر دیکھ کر دل کہتا ہے ۔ 


ہائے کہاں گیا وہ وقت جب تربیت کے لیے دنڈی کافی ہوتی تھی اور مار کے بعد چپکے سے بانہیں میں بھی وہی لپٹاتی تھیں۔

امی کے ہاتھ کی وہ مار دراصل محبت کا ایک انداز تھا۔ غصے کی شکل میں لپٹی ہوئی دعا۔


جب ہم شرارت کرتے اور امی کہتی تھیں، 


(تمہیں موت نہ آئے بے شرموں)


تو ہم سہم جاتے، مگر آج جب یاد آتا ہے،  تو یہی جملہ سب سے میٹھی دعا لگتا ہے۔


وہ ڈانٹ دراصل ایک حصار تھی،

جو ہمیں زندگی کی تلخیوں سے بچانے کے لیے دی جاتی تھی۔


امی جب ناراض ہوتیں تو دنڈی لہرا کر کہتیں ۔۔۔

اب دیکھو تم لوگ ہاتھ نہ لگانا مجھے

اور ہم سب ایک دوسرے کو اشاروں میں خبردار کرتے۔


امی غصے میں ہیں، تھوڑا وقت دو، خود ہی ہنسنے لگیں گی۔


اور پھر چند لمحوں بعد وہی ہوتا، امی کا غصہ پگھل کر محبت میں بدل جاتا، اور وہی دنڈی ہمارے سر کے نیچے تکیہ بن جاتی۔


اب جب برسوں بعد یہ تصویر دیکھی

تو دل جیسے نم سا ہو گیا۔  یوں لگا جیسے ماضی کا دروازہ آہستہ سے کھل گیا ہو ۔۔۔


کچن کی خوشبو، دوپہر کی دھوپ، اور امی کی آواز،

سب ایک ساتھ کانوں میں گونجنے لگے۔


وہ دنڈی شاید اب کسی پرانی دیوار کے سائے میں گم ہے، مگر اس کی یاد آج بھی دل کے اندر ایک روشنی بن کر جلتی ہے۔


 ( ماں )

تجھے سلام ۔۔۔

تو وہ سایہ ہے جو خفا ہو کر بھی دعا دیتی ہے،

اور وہ لمس ہے جو مار میں بھی محبت بانٹ دیتا ہے۔


میری ایک مختصر نظم ماؤں کے نام 


(  ماں  )


جب سارا عالم سوتا ہے

اس وقت میں اکثر روتا ہوں

نم آنکھ مری ہو جاتی ہے

اے ماں تو بہت یاد آتی ہے


وہ پیار کا موسم بیت گیا

وہ سارا عالم خواب ہوا

تو جب سے ہم سے دور ہوئی

رہ رہ کے ہمیں تڑپاتی ہے

اے ماں تو بہت یاد آتی ہے


اختر شیخ


رب کریم

ہم سب کی ماؤں کو جو اس دنیا سے رخصت ہو چکیں ہیں، ان سب کو جنت الفردوس میں اعلی سے اعلی مقام عطا فرما۔


آمین ثم آمین یا ربّ العالمین۔

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ