تقریبِ رونمائی۔۔ (گل دوگانہ) ا سید کاشف رضا


 

تقریبِ رونمائی۔۔ (گل دوگانہ)

از سید کاشف رضا


زیر اہتمام، ادارہ یادگار غالب، کراچی

مورخہ: 21 اکتوبر 2025


ادارہ یادگار غالب کراچی کے زیر اہتمام معروف شاعر، ناول نگار، نقاد اور مترجم سید کاشف رضا کے تازہ شعری مجموعے (گل دوگانہ) کی پر وقار تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔

تقریب کی صدارت ممتاز ادیب و شاعر جناب فہیم اسلام انصاری نے فرمائی، جب کہ نظامت کے فرائض ادارے کی مجلسِ عاملہ کی فعال رکن محترمہ ڈاکٹر تنظیم الفردوس نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیئے۔


تقریب کا آغاز جناب حسین موسی کی پر سوز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد ادارہ یادگار غالب کراچی کے سیکریٹری جنرل، جناب ڈاکٹر رانا خالد محمود نے مہمان تقریب کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔

انہوں نے سید کاشف رضا کی علمی، ادبی اور صحافتی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ وہ بیک وقت شاعر، ناول نگار، مترجم اور مدیر کی حیثیت سے اردو ادب میں نمایاں شناخت رکھتے ہیں۔ ان کے شعری مجموعے محبت کا محل وقوع، ممنوع موسموں کی کتاب اور گل دوگانہ نے ادبی حلقوں میں پذیرائی حاصل کی، جبکہ ان کا ناول چار درویش اور ایک کچھوا 2018ء میں یو بی ایل پرائز برائے فکشن سے نوازا گیا۔

انہوں نے محمد حنیف، نوم چومسکی، ارندھتی رائے اور منیزہ نقوی جیسے عالمی مصنفین کی تصانیف کے تراجم بھی اردو قارئین تک پہنچائے، جو ان کے علمی تنوع اور وسعتِ مطالعہ کا مظہر ہیں۔


اس کے بعد نظامت کار ڈاکٹر تنظیم الفردوس نے جناب منیب الرحمن کا تحریر کردہ مضمون پیش کیا، جو علالت کے باعث تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔

مضمون میں مصنف نے سید کاشف رضا کی علمی و ادبی و ثقافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ

نئی صدی کے آغاز میں جن تخلیق کاروں نے اردو ادب میں اپنی انفرادیت کے نقوش ثبت کیے، ان میں سید کاشف رضا نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔


محترمہ ڈاکٹر رخسانہ صبا نے اپنی مخصوص ادبی نفاست اور فکری گہرائی کے ساتھ ایک لاجواب مضمون پیش کیا۔

ان کی گفتگو میں زبان و بیان کی چاشنی، خیال کی لطافت اور اسلوب کی شستگی اس طرح گھلی ہوئی تھی کہ ہر جملہ سامع کے دل میں اترتا چلا گیا۔

انہوں نے نہایت خوبصورتی سے اس بات کا اظہار کیا کہ سید کاشف رضا کا تخلیقی وجود کئی جہتوں سے روشنی بکھیرتا ہے۔

ان کی شاعری میں احساس، تجربہ اور فہم کا حسین امتزاج پایا جاتا ہے، جو انہیں معاصر شعرا میں ایک منفرد اور نمایاں مقام عطا کرتا ہے۔


بعد ازاں صاحب کتاب اور صاحب تقریب، سید کاشف رضا نے اپنے تاثرات بیان کیے، انہوں نے کہا کہ شاعری اور تنہائی سے میری ملاقات بچپن میں ہوئی۔ ہم سمندر کے کنارے ایک ائرفورس کیمپ میں رہتے تھے، جہاں فطرت کی وسعتیں میرے تنہائی کے ساتھی بن گئیں۔میں امرود، گلاب اور گل دوپہر کے پھولوں کی نمو روز دیکھتا اور ان کے کھلنے کے منظر پر حیران ہوتا۔ شاید وہی حیرت رفتہ رفتہ شاعری میں ڈھل گئی۔

اس موقع پر انہوں نے اپنی چند دلکش نظمیں اور غزلیں پیش کیں، جنہوں نے محفل کو ایک اور سطح پر پہنچا دیا۔ ہر شعر پر واہ واہ اور کیا خوب کی صدائیں گونجتی رہیں اور سامعین دیر تک ان کے اشعار کی موسیقیت اور معنویت کے سحر میں مبتلا رہے۔

یوں ان کے کلام نے شام کو وہ یادگار رنگ بخشا جو دیر تک ذوق سماعت میں رس گھولتا رہا۔


صدر محفل جناب فہیم اسلام انصاری نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ گل دوگانہ دراصل رومان اور فکر کا حسین امتزاج ہے۔

ان کے بقول یہ مجموعہ بیک وقت کلاسیکی روایت اور جدید اظہار کی نمائندگی کرتا ہے۔ سید کاشف رضا کی شاعری میں تازگی، معنوی گہرائی اور سماجی شعور ان کی انفرادیت کی بنیاد ہے۔


اختتام پر نظامت کار محترمہ ڈاکٹر تنظیم الفردوس نے تمام معزز مہمانوں، شرکائے محفل اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور ریفریشمنٹ کے ساتھ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔


تقریب میں علمی و ادبی شخصیات نے شریک کی ان میں محترمہ حمیرا اطہر، محترمہ نسیم انجم، جناب سید انور جاوید ہاشمی، جناب صفدر نوید زیدی محسن نقی اور اس خاکسار کے ساتھ ساتھ چند نوجوان سامع قابل ذکر ہیں۔


محسن نقی صاحب کا خصوصی شکریہ جن کی رپورٹ اور چند تصاویر سے استفادہ کیا گیا،

اور جناب رانا خالد محمود صاحب کا تہہ دل سے ممنون ہوں کہ انہوں نے میرے موبائل سے اس یادگار تقریب کی چند خوبصورت تصاویر محفوظ کیں۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ