کھلا ہے جھوٹ کا بازار


 

کھلا ہے جھوٹ کا بازار


بانک اردلی، عمر دراز مانگ کر لائے تھے چار دن

دو پالش میں کٹ گئے، دو پوچھ کر بتانے میں


یہ مصرعہ محض مزاح نہیں، بلکہ ہمارے دور موجود کا نوحہ ہے۔

اب انسان اپنی عمر نہیں، اپنی تشہیر دراز مانگتا ہے۔

سچائی کا دامن ہاتھ سے چھوٹ چکا ہے، مگر دکھاوے کا غلاف روز تازہ کیا جاتا ہے۔


کھلا ہے جھوٹ کا بازار، آؤ سچ بولیں


قتیل شفائی نے کہا تھا


کھلا ہے جھوٹ کا بازار آؤ سچ بولیں

نہ ہو بلا سے خریدار، آؤ سچ بولیں


لیکن آج جھوٹ کے خریدار اتنے زیادہ ہو گئے ہیں کہ سچ بولنے والا خود شک کے گھیرے میں آ جاتا ہے۔

سچ بولنا اب نفع کا سودا نہیں بلکہ نقصان کا اعلان ہے۔

سچ کہنے والا زمانے کی آنکھ میں کانٹا بنتا جا رہا ہے اور جھوٹ بولنے والا ہر مجلس میں معتبر ٹھہرتا ہے۔


ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم تحقیق سے زیادہ ’یقین‘   کو ترجیح دیتے ہیں 

چاہے وہ جھوٹ پر ہی کیوں نہ ہو۔

ہم نے عقل کو تالا لگا دیا ہے، بس جذبات کو آزاد چھوڑ رکھا ہے۔

کسی واقعے کی تصدیق کی زحمت گوارا نہیں کرتے، مگر یقین کے ساتھ کہانی بیان ضرور کرتے ہیں۔

ہمیں فرق نہیں پڑتا کہ بات سچ ہے یا جھوٹ، بس وہ ہماری پسند کی ہونی چاہیے۔


سکوت چھایا ہے انسانیت کی قدروں پر

یہی ہے موقع اظہار، آؤ سچ بولیں


یہ شعر آج کے منظرنامے کی مکمل عکاسی ہے۔

انسانیت کی قدریں خاموش ہیں اور جھوٹ نے نعرے لگا رکھے ہیں۔

سچ بولنے والوں پر تہمتیں، طعنے اور طنز کے پتھر برسائے جاتے ہیں۔

ہر طرف شور ہے، مگر وہ شور دراصل خاموشی کا پردہ ہے۔


ہم نے کردار سے زیادہ تاثر کو اہمیت دی ہے۔

کیا دکھانا ہے، کیا کہنا ہے اور کون سا زاویہ بہتر لگے گا یہی فکر رہ گئی ہے۔

سچائی اب الفاظ میں نہیں، پیشکش میں تلاش کی جاتی ہے۔


ہمیں گواہ بنایا ہے وقت نے اپنا

بنام عظمت کردار، آؤ سچ بولیں


لیکن ہم نے کردار کی جگہ مصلحت چن لی ہے۔

ہم وہ گواہ ہیں جو حقیقت دیکھ کر بھی زبان بند رکھتے ہیں، کہ مبادا کوئی ناراض نہ ہو جائے۔


تمام شہر میں اب ایک بھی نہیں منصور

کہیں گے کیا رسن و دار، آؤ سچ بولیں


اب سچ بولنے والے منصور کم اور تماشائی زیادہ ہیں۔

ہم سچائی کے علم بردار بننے سے پہلے توازن کا حساب لگاتے ہیں

کہ کدھر ہوا چل رہی ہے، کون ناراض ہوگا اور کہاں داد ملے گی۔

ہم حق کے قافلے میں نہیں، موقع کے جلوس میں شامل ہو چکے ہیں۔


ہم نے چہروں کو چمکانے کے چکر میں ضمیر کی دھول جھاڑنا چھوڑ دیا ہے۔

ہماری پالش شدہ مسکراہٹیں اندر کی کثافت نہیں چھپا سکتیں۔


چھپائے سے کہیں چھپتے ہیں داغ چہروں کے

نظر ہے آئینہ بردار، آؤ سچ بولیں


سچ چھپایا جا سکتا ہے، مٹایا نہیں۔

جھوٹ وقتی روشنی دیتا ہے مگر انجام میں اندھیرا ہی لکھتا ہے۔


سنا ہے وقت کا حاکم بڑا ہی منصف ہے

پکار کر سر دربار، آؤ سچ بولیں


کبھی کبھی یوں لگتا ہے کہ عدالتیں خاموش نہیں مگر سماعتیں بہری ہو چکی ہیں۔

سچ بولنے والے کو انصاف نہیں، نصیحت ملتی ہے۔

اور جھوٹ بولنے والا خود انصاف بن کر کھڑا ہو جاتا ہے۔


اب وقت ہے کہ ہم جھوٹ کے شور سے باہر نکلیں۔

سچ شاید کڑوا ہو، مگر یہی وہ دوائی ہے جو معاشرے کو شفا دے سکتی ہے۔

ہمیں اب بھی وہی پکار سننی چاہیے جو قتیل شفائی نے برسوں پہلے دی تھی


بنام عظمت کردار، آؤ سچ بولیں


ورنہ آنے والی نسلیں شاید ہمیں یہ کہہ کر یاد کریں،

کہ وہ لوگ، جنہیں سچ معلوم تھا مگر وہ پوچھ کر بتانے میں ہی زندگی گزار گئے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ