"ناول بندوبست . از: زیب اذکار
"ناول بندوبست"
از: زیب اذکار
زیب اذکار صاحب جیسی صاحب علم و بصیرت شخصیت کے سامنے میری کیا حیثیت ، تاہم برادر عزیز طارق رئیس فروغ کے حکم نے اس انکسار کو اظہار میں بدلنے پر مجبور کیا۔ یہ چند سطور محض ایک قاری کے احساسات نہیں، بلکہ اس تخلیقی دنیا سے عقیدت کا اعتراف ہیں، جو زیب اذکار جیسی صاحب فکر و فن شخصیت نے اپنے ناول ,بندوبست, میں قائم کی ہے۔
’بندوبست‘ محض ایک کہانی نہیں بلکہ ایک فکری تجربہ ہے۔
یہ ناول ہمیں زندگی کے ان پہلوؤں تک لے جاتا ہے، جہاں انسان خود اپنے بنائے ہوئے نظام کا قیدی بن چکا ہے۔
یہ تخلیق بظاہر خارجی دنیا کے مناظر سے شروع ہوتی ہے،
مگر رفتہ رفتہ انسان کے اندر اترتی چلی جاتی ہے ۔
وہاں تک، جہاں اس کی ذات اور اس کا شعور ایک دوسرے میں تحلیل ہونے لگتے ہیں۔
ناول کے ابتدائی حصے میں، جس کا عنوان ,بہلاوا, ہے،
زیب اذکار نے وہ داخلی فضا قائم کی ہے جو پورے ناول کے فکری و علامتی پس منظر کو متعین کرتی ہے۔
یہ حصہ بظاہر کسی واقعے یا منظر کی تفصیل معلوم ہوتا ہے،
مگر دراصل یہ ایک ایسی فکری دستک ہے
جو قاری کے ذہن کو آئندہ ابواب ۔۔۔۔ نبردآزمائی، دیدہ دلیری، وارفتگی کی سمت لے جاتی ہے۔
’’بہلاوا‘‘ میں ہمیں ایک خاموش اور بوجھل منظر دکھائی دیتا ہے۔
جس کے کردار گویا وقت، نظام اور لاشعور کے دائرے میں قید ہیں۔
یہاں بیماری جسم کی نہیں بلکہ وجود کی ہے، اور علاج کے سارے نسخے ایک منظم فریب کا حصہ محسوس ہوتے ہیں۔
یہی وہ نکتہ ہے جہاں سے پورے ناول کا علامتی مفہوم ابھرتا ہے
کہ انسان اپنی ہی بنائی دنیا میں بہلایا جا رہا ہے،
اور بندوبست اسی بہلاوے کی ترتیب کا دوسرا نام ہے۔
زیب اذکار نے کرداروں کو نام نہیں دیے، کیونکہ ان کے لیے شناخت کوئی فردانہ معاملہ نہیں بلکہ اجتماعی زوال کا استعارہ ہے۔
یہ وہ عہد ہے جہاں انسان اپنی پہچان سے محروم ہو کر
محض ایک ریکارڈ بن گیا ہے۔
ڈاکٹر، رپورٹس، اور ادارے سب اس عہد کے سرد مکینک نظام کی علامت ہیں۔
یوں ’بہلاوا‘ صرف آغاز نہیں بلکہ اس پورے نظامِ حیات کا آئینہ ہے، جس میں احساس کا مرکز دھندلا چکا ہے۔
زیب اذکار کی نثر میں ایک عمیق سکوت ہے۔
یہ نثر قاری کو کسی شور میں نہیں بلکہ خاموشی میں لے جاتی ہے،
ایسی خاموشی جو خود ایک صدائے احتجاج بن جاتی ہے۔ ان کے جملوں کی ساخت میں وہی تہہ داری ہے
جو بڑے علامتی فکشن کی پہچان ہوا کرتی ہے ۔۔
الفاظ کم، مفاہیم گہرے، بیان میں ٹھہراؤ، مگر معنی میں تلاطم۔
بندوبست، کے اس حصے میں شامل اشعار نثر کی علامتی فضا کو مزید وسعت دیتے ہیں۔ وہ قاری کو محض تاثر نہیں دیتے، بلکہ فکری گہرائی میں لے جاتے ہیں۔
فریاد کی آہوں میں جو نالہ نظر آیا
شاید ہی کوئی دیکھنے والا نظر آیا
یہ شعر پورے ناول کے شعوری منظرنامے کی چابی بن جاتا ہے۔
یہاں دیکھنے والا وہی انسان ہے جس کے پاس بینائی تو ہے مگر بصیرت نہیں۔ اور یہی وہ المیہ ہے جسے ’بندوبست‘ اپنی علامتی ساخت میں اجاگر کرتا ہے۔
زیب اذکار کی شخصیت ان تحریروں سے مختلف ہے
جہاں کہانی قاری کو محض محظوظ کرتی ہے۔
یہ ناول قاری سے مکالمہ کرتا ہے،
اور اس مکالمے میں قاری خود ایک کردار بن جاتا ہے۔
یہی کسی بڑی تخلیقی شخصیت کی پہچان ہے کہ وہ اپنے متن کو آئینہ بنا دیتی ہے ۔
جس میں جھانکنے والا اپنے اندر کی گہرائیوں سے روبرو ہو جائے۔
یوں ’بہلاوا‘ صرف ناول کا پہلا باب نہیں بلکہ اس کی فکری سمت کا اشارہ ہے۔
یہاں سے ناول کا علامتی سفر شروع ہوتا ہے،
بہلاوے سے نبردآزمائی تک اور نبردآزمائی سے وارفتگی تک۔
یہ ایک اندرونی سفر ہے جو قاری کو اپنی تہذیبی اور روحانی گمشدگی کا احساس دلاتا ہے۔
آخر میں یہی کہنا کافی ہے کہ ’بندوبست‘
زیب اذکار کی اس تخلیقی شخصیت کا مظہر ہے
جو علامت، احساس اور فکری مکالمے کے سنگم پر جنم لیتی ہے۔
یہ ناول ہمیں یہ احساس دلاتا ہے
کہ زندگی کی سب سے بڑی الجھن شاید خود ’زندگی کے بندوبست‘ میں ہی پوشیدہ ہے۔
اور ’بہلاوا‘ اس بندوبست کا پہلا آئینہ ہے ۔۔
ایک ایسا آئینہ جس میں دیکھنے والا اپنی آنکھوں کی ویرانی دیکھ کر چونک اٹھتا ہے۔
اختر شیخ
۲۴ اکتوبر ۲۰۲۵

Comments
Post a Comment