کراچی سب کا ہے کراچی کا کوئی نہیں


شہرِ قائد، سب کی جنت… اپنوں کا ویرانہ


کراچی سب کا ہے مگر کراچی کا کوئی نہیں۔ یہ محض ایک فقرہ نہیں بلکہ ایک ایسی حقیقت ہے جس نے شہرِ قائد کے ہر باسی کے دل پر اپنے نقوش ثبت کر دیے ہیں۔ یہ شہر اپنے دامن میں پورے ملک کو سموئے ہوئے ہے مگر افسوس کہ اس کے اپنے دامن میں سوائے دھول کے کچھ نہیں۔


کبھی روشنیوں کا شہر کہلانے والا یہ شہر آج اپنی ہی روشنیوں کو ترس رہا ہے۔ یہاں کی سڑکیں ایسی ہیں کہ گمان ہوتا ہے جیسے بلدیہ کے منصوبہ سازوں نے جدید تجریدی فن کے نمونے تخلیق کرنے کا تہیہ کر لیا ہو۔ بارش ہو تو شہر ندی بن جاتا ہے اور اگر موسلا دھار بارش ہو تو شہریوں کو مفت میں تیراکی کی تربیت مل جاتی ہے۔


بجلی، پانی، گیس—یہ سہولیات نہیں بلکہ تین دیویاں ہیں جو کبھی کبھار ہی جلوہ دکھاتی ہیں۔ سیاست دانوں کی محبت بھی عارضی سرمستی ہے؛ الیکشن کے دنوں میں کراچی پاکستان کا دل بن جاتا ہے اور ووٹ لینے کے بعد یہی دل پرانے دولہا کے سوٹ کی مانند الماری میں لٹکا دیا جاتا ہے۔


کراچی کے باسیوں کی ہمت بھی نرالی ہے۔ ٹریفک جام میں پھنس کر ہارن بجانا ہمارا قومی مشغلہ ہے۔ بارش میں ڈوبی سڑکوں کو وینس کا نام دے کر اپنی مصیبت پر قہقہہ لگاتے ہیں۔ اگر سرکاری لائن سے پانی کی ایک بالٹی بھی مل جائے تو یوں خوش ہوتے ہیں جیسے دریائے سندھ ان کے آنگن میں اتر آیا ہو۔


یہ شہر خواب دیکھنے والوں کی جنت ہے مگر روزگار تلاش کرنے والوں کے لیے ایک کڑی آزمائش۔ کراچی کا طالب علم اپنی محنت اور قابلیت کا امتحان دے کر نوکری کے دروازے پر دستک دیتا ہے، لیکن دروازے اس لیے نہیں کھلتے کہ اس کے پاس کراچی کا ڈومیسائل ہوتا ہے۔


روزمرہ کی چھنا جھپٹی میں کراچی والا ایسی بس کا مسافر ہے جس کی مرمت کا وقت کبھی نہیں آتا، اور ایسے رکشوں میں سفر کرتا ہے جن کے ڈرائیور نہیں بلکہ جادوگر ہوتے ہیں جو ٹریفک کے بند گلیاروں میں سے بھی راستہ نکال لیتے ہیں۔


حقیقت یہ ہے کہ کراچی ایک ایسا شیشے کا گھر ہے جسے ہر آنے والا اپنا پتھر مار کر آزماتا ہے، مگر شیشہ ٹوٹ کر بھی گرتا نہیں۔ یہ شہر سب کے مفاد کا مرکز ہے مگر خیر خواہی کا حقدار نہیں۔


یہ شہر اپنی مٹی میں سب کو سمیٹ لیتا ہے، لیکن جب باری اس کے دکھ درد کی آتی ہے تو سب نظریں چرا لیتے ہیں۔ سوال اب بھی وہیں کا وہیں کھڑا ہے: اگر کراچی واقعی سب کا ہے تو پھر کراچی کا کوئی کیوں نہیں؟


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ