جب دلیل بھی توبہ کر لے۔۔۔۔


 فیک خبر، لاحاصل بحث … اور جلتا ہوا صبر 


جب دلیل بھی توبہ کر لے۔۔۔۔


(بحث کے بادشاہ پر ایک ادبی خاکہ)


ہمارے ایک جگر دوست جو بحث کے عاشق صادق ہیں۔ 

دنیا کا کوئی موضوع ان کے لیے غیر متعلق نہیں۔

چاہے ملکی سیاست ہو، عالمی معیشت، یا محلے کی گلی میں بننے والا کھڈا ۔

ان کے نزدیک ہر معاملے پر ان کی رائے حتمی ہے،

اور اگر کوئی اختلاف کرے تو وہی گفتگو کی اصل روح بن جاتی ہے۔ ان کے لیے بحث صرف عادت نہیں، ایک باقاعدہ فریضہ ہے۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ وہ کسی خبر پر بڑی شد و مد سے گفتگو شروع کر دیتے ہیں،

اور جب ہم پورے احترام کے ساتھ حوالہ جات، تحقیق اور مستند ذرائع پیش کرتے ہیں ۔

تو بجائے تسلیم کرنے کے ان کے لہجے میں خفگی در آتی ہے۔


پھر وہی جملہ جو اب ہماری محفل کا محاورہ بن چکا ہے۔ 

بس میں ٹھیک ہوں، باقی سب غلط۔۔۔۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر آپ نے تحقیق کے ساتھ بات کر لی، اور انہیں تھوڑا علمی کونا دکھا دیا،

تو بعد میں دل کی بھڑاس یوں نکالتے ہیں کہ ہنستے ہوئے آپ کو محقق صاحب کہہ دیتے ہیں۔ گویا علمی گفتگو کا انجام ایک طنزیہ لقب پر ہوتا ہے، جو ہمیں قبول ہے۔ مگر اسی ایک جملے سے ان کی اندرونی کیفیت بھی ظاہر ہو جاتی ہے۔ کہ دلیل کی شکست کا غصہ مزاح کے پردے میں چھپا دیا گیا ہے۔


میں اکثر سوچتا ہوں کہ یہ بحث ان کے لیے علاج ہے یا مرض؟

کیونکہ جب وہ بحث کرتے ہیں تو جیسے دل ہلکا کرتے ہیں، اور جب ہم حوالوں کے ساتھ جواب دیتے ہیں تو وہ مزید بوجھل ہو جاتے ہیں۔


اور سچ تو یہ ہے کہ وہ بحث جس میں حکمرانوں کے سوا دونوں فریق ہی بے بس ہوں، اس سے حاصل بھی کیا ہونا ہے؟

ایسی گفتگو آخرکار نہ کسی مسئلے کا حل دیتی ہے،

نہ کسی دکھ کا مرہم بنتی ہے۔

بس دلوں کی گرمی بڑھا دیتی ہے۔


میں نے ایک دن کہا،

بھائی، بحث اس وقت فائدہ دیتی ہے جب دونوں فریق سننے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

بولے، رکھتے تو ہم ہیں، مگر تم لوگ بس حوالوں میں الجھ جاتے ہو۔

میں نے مسکرا کر کہا،

حوالے تو سچ کی سند ہوتے ہیں، انکار اس کی کمزوری نہیں۔ کہنے لگے،

تم جیسے محققین ہی نے ملک کا سارا ماحول خراب کر رکھا ہے ۔ 

اب بھلا ہم کیا کریں؟

بحث ختم ہو تو دل آزاری رہ جاتی ہے،

اور جاری رہے تو تعلق کمزور۔

یوں ہر بحث کا انجام ایک ہی۔۔۔۔

یا ان کا دل جلتا ہے، یا ہمارا۔


آخر میں بس یہی سوچتا ہوں کہ بحث جب حقیقت سے دور اور انا کے قریب ہو جائے،

اور جب فریقین بے اختیار ہوں،

تو اس کا انجام صرف دل آزاری پر ہی ہوتا ہے،

چاہے جیتنے والا کوئی بھی ہو۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ