انصاف کا دوہرا معیار


 انصاف کا دوہرا معیار ۔۔ چالان کے لیے قانون سخت اور جرم کے سامنے خاموش


کراچی کی سڑکوں پر آج کل کیمروں کی آنکھیں ہر سمت بیدار ہیں ایک لمحے کی لغزش ایک لمحے کی جلدی اور فوراً ایک بھاری جرمانہ۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ قانون کی گرفت اب فولادی ہو چکی ہے اور انصاف کے ترازو پوری طرح قائم ہیں۔

مگر سوال یہ ہے کہ یہی قانون اس وقت کیوں خاموش ہو جاتا ہے جب انہی سڑکوں پر کوئی ڈاکو شہریوں سے ان کی جمع پونجی چھین لیتا ہے؟

جب کوئی لٹیرا کھلے عام اسلحہ لہراتا ہے اور کسی مظلوم کی جان لے لیتا ہے 

جب کوئی بےبس شہری اپنی جان خطرے میں ڈال کر ویڈیو بناتا ہے، ثبوت فراہم کرتا ہے، مگر قانون کے دروازے بند ہی رہتے ہیں؟

یہ عجیب تضاد ہے۔

گاڑی کا نمبر پلیٹ نہ ہو تو فوراً بھاری جرمانہ، لیکن کراچی اور حیدرآباد کے علاوہ صوبے کے بیشتر شہروں میں بغیر نمبر پلیٹ، بغیر لائسنس کے گاڑیاں روڈوں پر دندناتی پھرتی ہیں اور وہاں قانون کی سانسیں گویا رک سی جاتی ہیں۔

یہ کیسا انصاف ہے جو صرف چالانوں کی رسیدوں میں زندہ ہے، مگر جرم کے مقابلے میں بےجان؟


کراچی کے شہری اکثر کہتے ہیں،

ہمارا جرم صرف یہ ہے کہ ہم قانون پر یقین رکھتے ہیں۔

وہ قانون جو کیمرے کی آنکھ سے تو سب کچھ دیکھ لیتا ہے،

مگر مجرم کے ہاتھ میں بندوق دیکھ کر آنکھیں موند لیتا ہے۔

ساغر صدیقی نے کیا خوب کہا تھا۔


دستور یہاں بھی گونگے ہیں، فرمان یہاں بھی اندھے ہیں

اے دوست خدا کا نام نہ لے، ایمان یہاں بھی اندھے ہیں


بے رنگ شفق سی ڈھلتی ہے، بے نور سویرے ہوتے ہیں

شاعر کا تصور بھوکا ہے، سلطان یہاں بھی اندھے ہیں


اور پھر اس نظام کا ایک اور المیہ یہ ہے کہ جب چالان کی مد میں کسی سرکاری یا عوامی خدمت کے ادارے کو کمیشن ملنے لگے تو قانون کی نیت مشکوک ہو جاتی ہے۔ ایسے میں اہل کار اپنے فرائض منصبی کے بجائے کمیشن کے فرائض انجام دینے لگتے ہیں۔ نتیجتاً ٹریفک کا نظام سدھرنے کے بجائے مزید بگڑ جاتا ہے اور شہری نظم کی سڑکیں ایک کاروباری منڈی میں بدل جاتی ہیں۔

پورے صوبے میں یکساں نظام عدل کیوں نہیں ہوتا ۔۔

قانون اگر ایک شہر میں تلوار کی طرح تیز ہے تو دوسرے میں موم کی طرح نرم کیوں؟

جرم جرم ہے، چاہے وہ ٹریفک سگنل توڑنے کا ہو یا کسی کا خون کرنے کا۔

جب تک کیمرے صرف عوام کو دیکھتے رہیں گے اور قانون مجرموں سے آنکھیں چراتا رہے گا، اس معاشرے کی تصویر ادھوری رہے گی۔


حبیب جالب کی صدائے احتجاج آج بھی صدائیں دیتا ہے ۔۔۔ 


دیپ جس کا محلات ہی میں جلے

چند لوگوں کی خوشیوں کو لے کر چلے

وہ جو سائے میں ہر مصلحت کے پلے

ایسے دستور کو، صبح بے نور کو

میں نہیں مانتا، میں نہیں جانتا ۔۔


قانون کی اصل روح انصاف میں ہے، جرمانے میں نہیں۔ اگر سزائیں صرف کمزوروں کے لئے ہوں اور رعایتیں طاقتوروں کے لئے، تو پھر کیمروں سے زیادہ اندھے ہم خود ثابت ہوں گے۔

جب قانون کے ترازو جھک جائیں،

جب انصاف کی آنکھوں پر مفاد کی پٹی بندھ جائے،

جب جرم کے چہرے پر اقتدار کا نقاب ہو  ۔۔۔

تب لفظ بغاوت بن جاتے ہیں،

اور شاعری صداقت کا استعارہ۔

ایسے وقتوں میں ساغر کی تلخی اور جالب کی للکار کے بعد ۔۔۔۔۔

فیض احمد فیض کی امید،

اندھیرے میں روشنی کا آخری چراغ بن کر ابھرتی ہے۔

ان کا کلام ہمیں یقین دلاتا ہے کہ ظلم عارضی ہے،

اور عدل کی صبح ضرور طلوع ہو گی۔۔۔۔۔۔۔

وہ صبح جو عوام کی آنکھوں سے نکلے گی،

اور خلق خدا کے ہاتھوں سے لکھی جائے گی۔


فیض احمد فیض کہتے ہیں کہ ۔۔۔۔۔


ہم دیکھیں گے، ہم دیکھیں گے

لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے

وہ دن کہ جس کا وعدہ ہے

جو لوح ازل میں لکھا ہے


جب ظلم و ستم کے کوہ گراں

روئی کی طرح اُڑ جائیں گے

ہم محکوموں کے پاؤں تلے

یہ دھرتی دھڑ دھڑ دھڑکے گی


اور اہل حکم کے سر اوپر

جب بجلی کڑ کڑ کڑکے گی

جب ارض خدا کے کعبے سے

سب بت اُٹھوائے جائیں گے


ہم اہل صفا، مردود حرم

مسند پہ بٹھائے جائیں گے

سب تاج اچھالے جائیں گے

سب تخت گرائے جائیں گے


بس نام رہے گا اللہ کا

جو غائب بھی ہے، حاضر بھی

جو ناظر بھی ہے، منظر بھی


اٹھے گا اناالحق کا نعرہ

جو میں بھی ہوں، اور تم بھی ہو

اور راج کرے گی خلق خدا

جو میں بھی ہوں، اور تم بھی ہو

لازم ہے کہ ہم بھی دیکھیں گے۔۔۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ