چالان کمشن اور کراچی کی بے چینی


 چالان کمشن اور کراچی کی بے چینی ۔۔

کراچی کبھی پاکستان کا مان روشنیوں کا شہر اور معاشی ریڑھ کی ہڈی کہلاتا تھا لیکن آج یہ شہر ایک بے ہنگم  پریشان حال اور پسماندہ انتظامی تجربہ گاہ میں بدل چکا ہے۔ عوام جنہیں روزگار امن اور سہولت درکار ہے وہ آج بے جا چالانوں اور پولیس کے ناروا رویے کا شکار ہیں ۔ گزشتہ چند برسوں سے شہر کراچی میں ٹریفک پولیس کا رویہ ایک الگ ہی نوعیت اختیار کر چکا ہے۔ چالان کی آڑ میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ جیسے عوام کو نہیں بلکہ نوٹوں کو گنا جا رہا ہو، جگہ جگہ ناکے کاغذات کی چھان بین معمولی سی لغزش پر بھاری جرمانے ۔۔۔ یہ سب کچھ ایسے انداز میں ہو رہا ہے کہ جیسے پولیس کا اولین مقصد عوام کی راہنمائی نہیں بلکہ ہدف مکمل کرنا ہو۔

یہ ہدف کیا ہے؟؟؟ جی ہاں، وہی کمشن جو چالان کے پیچھے چھپا ہوا ہے وہی مفادات جو خدمت کے جذبے کو نگل چکے ہیں۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر یہی سرگرمی عوام کی فلاح کے لیے ہوتی اگر یہی توانائی شہر کے بدترین ٹریفک جام کو سلجھانے میں صرف ہوتی تو شاید آدھے سے زیادہ مسائل خود ہی حل ہو جاتے۔ مگر افسوس کہ جہاں ڈیوٹی کے جذبے کے بجائے مالی مفاد کو فوقیت دی جائے، وہاں سڑکیں گواہی دیتی ہیں کہ یہ شہر اپنے محافظوں سے خفا ہے۔ 

عوام کی بے چینی بڑھ رہی ہے۔ یہ صرف وقتی اضطراب نہیں بلکہ ایک مسلسل دباؤ ہے جو نفسیاتی و سماجی سطح پر خطرناک حد تک بڑھتا جا رہا ہے۔ یہ بے چینی اگر پرتشدد شکل اختیار کر گئی تو نہ صرف شہر بلکہ پورے ملک کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ سنجیدہ حلقے  ارباب اختیار اور پالیسی ساز آنکھیں کھولیں۔ چالان کے نام پر جاری اس استحصالی نظام پر نظرثانی کی جائے۔ ٹریفک پولیس کو اس کی اصل ذمہ داریوں کی طرف واپس لایا جائے  یعنی ٹریفک کی روانی عوام کی سہولت اور سڑکوں پر نظم و ضبط ۔۔۔

کراچی کو مزید دُکھ نہ دیجیے اس شہر نے پہلے ہی بہت کچھ سہا ہے۔ اب اسے سچائی سہولت اور انصاف کی ضرورت ہے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ