آدمی اور انسان، جو عام ہے مگر عام نہیں
آدمی اور انسان، جو عام ہے مگر عام نہیں
کہنے کو تو ہم سب عام آدمی ہیں، مگر حقیقت یہ ہے کہ ہمارا یہ عام آدمی کچھ زیادہ ہی غیر معمولی ہے۔
یہ وہ کردار ہے جو نہ وزیر ہے نہ افسر، نہ جرنیل ۔۔ مگر جہاں بھی ہوتا ہے وہاں چھوٹے پیمانے پر اپنا اقتدار قائم کر لیتا ہے۔
یہ پھل بیچتا ہے تو تھیلے میں نیچے دو چار خراب پھل رکھ دیتا ہے، جیسے سچائی کو ہمیشہ نیچے دبانے کی عادت ہو۔
یہ موٹر سائیکل چلاتا ہے تو کبھی پیدل چلنے والے کو راستہ نہیں دیتا، گویا سڑک اس کے باپ کی جاگیر ہو۔
یہی عام آدمی جب بس یا ویگن چلاتا ہے تو لوگ دور ہٹ جاتے ہیں، کیونکہ معلوم ہے کہ اب رفتار پر رحم نہیں ہوگا۔
دفتر میں کلرک بنے تو فائل کے پیچھے یوں چھپ جاتا ہے جیسے انصاف کسی طاق میں رکھ دیا گیا ہو۔
سائل انتظار کرتا رہتا ہے اور صاحب نماز کے بہانے کہیں چلے جاتے ہیں۔
واپسی ہوتی بھی ہے تو یا تو موڈ نہیں ہوتا یا پھر فائل کے آثار قدیمہ تلاش کیے جا رہے ہوتے ہیں۔
یہی عام آدمی جب دکاندار بنتا ہے تو گاہک سے یوں پیش آتا ہے جیسے کوئی بادشاہ رعیت پر احسان فرما رہا ہو۔
واپسی نہیں؟
جناب، ہم واپس نہیں لیتے یہ ہمارا اصول ہے
اور یہ اصول وہی ہے جو ضمیر سے مشورہ کیے بغیر بن جاتا ہے۔
محکموں میں جائے تو رشوت کو چائے پانی کا نام دیتا ہے،
اور سمجھتا ہے کہ گناہ نے وضو کر لیا ہے۔
میٹر ریڈنگ گھر بیٹھ کر کرتا ہے، فون نہیں اٹھاتا،
اور اگر اٹھا بھی لے تو لہجے میں ایسی کرختی ہوتی ہے جیسے ہم نے ان کی نیند خراب کر دی ہو۔۔۔۔۔
یہی عام آدمی سیاست دانوں کی عادتیں بگاڑنے کا سب سے بڑا سبب ہے۔
یہی جلسوں میں دریاں بچھاتا ہے، نعرے لگاتا ہے،
اور پھر انہی لیڈروں کے قدموں میں اپنی عزت رکھ دیتا ہے، مگر اپنی ہی گھر کی چھت ٹپکتی رہے تو کچھ پرواہ نہیں۔
یہی عام آدمی مسجد میں امام کو ملازم سمجھتا ہے،
بازار میں خریدار کو شکار،
اور گھر میں والدین کو ماضی کا بوجھ۔
بیوی سے شائستگی چھٹی کے دن یاد آتی ہے،
اور اولاد کو نصیحت وہی کرتا ہے جس پر خود کبھی عمل نہ کیا ہو۔
اگر قدرت سے پوچھا جائے کہ یہ ملک کیوں نہیں سدھرتا، تو شاید جواب یہ ہو کہ جب تک عام آدمی خود نہ سدھرے،
کوئی نظام، کوئی قانون کچھ نہیں بدل سکتا۔۔۔
جس دن یہ عام آدمی، آدمی سے انسان بن گیا، اس دن نہ سڑکوں پر شور ہوگا، نہ دفتروں میں انتظار،
نہ بازار میں فریب، نہ دلوں میں منافقت۔
سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔
مگر افسوس ۔۔۔
ابھی یہ دن بہت دور ہے،
اور امید ۔۔ وہ بھی اتنی دھیمی جیسے چراغ کی وہ لو
جو تیز ہوا میں بھی خود کو بجھنے سے بچانے کی کوشش کرتی ہے۔
نوٹ :-
یہ تحریر کسی خاص طبقے پر نہیں بلکہ ہمارے اجتماعی رویوں پر ایک ادبی طنز ہے ۔
کہ شاید ہم سب میں کہیں نہ کہیں ایک عام آدمی اب بھی زندہ ہے،
جو انسان بننے کا منتظر ہے۔

Comments
Post a Comment