روشنیوں کے شہر میں ایمانداری کے بلب
روشنیوں کے شہر میں ایمانداری کے بلب
(ضمیر آن لائن، ایمانداری آف لائن)
کراچی، وہی شہر جو کبھی روشنیوں کا شہر کہلاتا تھا، آج اپنی ہی بجلی کے بل میں گم سم بیٹھا ہے۔
شہر والوں کی
حیرت بھی عجب ہے روز شکوہ کرتے ہیں کہ میئر کچھ نہیں کرتا، سڑکیں ٹوٹی ہیں، گٹر ابل رہے ہیں، کچرا اب شہری تہذیب کا قومی پھول بن چکا ہے۔۔۔
مگر صاحب، قسمت کو کبھی چیلنج نہیں کرتے خاص طور پر جب وہ کسی ایماندار نظام کے ہاتھوں لکھی گئی ہو۔
اب سوال یہ ہے کہ کیا جنابِ مرتضی وہاب عوام کے ووٹوں سے میئر بنے؟؟؟
ارے بھائی، یہ تو وہ خوش نصیب ہیں جو ایمانداری سے درآمد کیے گئے۔
ایک کھیل کھیلا گیا
نہ کرکٹ کا، نہ سیاست کا، بلکہ ایمانداری کا ۔۔۔
پھر ایک نہایت ایماندار پارٹی کے نہایت ایماندار بندوں نے اپنی ایمانداری کی تجوریاں بھر کر، نہایت شفاف طریقے سے ووٹ ڈالے ۔۔۔۔۔۔
اب بھلا اس سے زیادہ پاکیزہ نظام کون سا ہو سکتا ہے؟؟؟
لوگ کہتے ہیں شہر تباہ ہو گیا، نہیں جناب، یہ تباہی نہیں یہ ایمانداری کی جیت ہے۔
جس شہر میں وفاداری کی قیمت طے ہو جائے وہاں ترقی کے نرخ خودبخود گر جاتے ہیں ۔۔۔۔
اور جو کہتے ہیں کہ میئر عوام کو جواب دے ہے، انہیں سمجھنا چاہیے کہ جو منتخب نہیں ہوا وہ جواب دہ کیسے ہو؟؟؟؟
وہ تو ان کا مقروض ہے جنہوں نے اسے منتخب نہیں، بلکہ منصوبہ بند کیا۔
پھر کوئی کہتا ہے نظام بدلے۔
بھائی، نظام بدلے گا کیسے؟؟؟
یہ نظام خود کو بدلنے نہیں دیتا، کیوں کہ اس کے تمام بدلنے والے بھی اسی کے پے رول پر ہیں۔ یہاں ہر پارٹی ایماندار ہے، فرق صرف موقع کا ہے۔
موقع ملے تو سب کا ضمیر ویسے ہی جاگتا ہے جیسے بجلی کے بل دیکھ کر غریب کا خون۔
کراچی کی سیاست اب خدمت سے نہیں، کھیل سے چلتی ہے۔ یہاں ووٹ نہیں، نوٹ گنتے ہیں، وعدے نہیں، معاہدے بولتے ہیں۔
جمہوریت کی پرانی کتاب بند ہو چکی ہے۔۔ اب اس کا نیا ایڈیشن شائع ہوا ہے، جس کا عنوان ہے ۔۔۔۔۔۔
(ایماندار جمہوریت قسطوں پر)
سو اے اہل کراچی،
میئر پر غصہ نہ کرو۔ اس نے وہی کھیلا جو ایماندار لوگوں نے اس سے ایمانداری سے کھلوایا تھا ۔۔۔
یہی نظام ہے، یہی سیاست، یہی تسلسل صداقت
اور اگر دل پھر بھی مطمئن نہ ہو تو
اپنے گلی کے کچرے کے ڈھیر پر کھڑے ہو کر بس اتنا کہہ دو ۔۔۔۔۔
کیونکہ… ہم سب ایماندار ہیں، بس کراچی بدقسمت ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment