مذمت کیوں نہیں کرتے
کچھ خاموشیاں، خاموشی نہیں بلکہ بے حسی کا اعلان ہوتی ہیں۔
کہتے ہیں، خاموشی کبھی کبھی زبان سے زیادہ بہت کچھ کہہ جاتی ہے۔
اور ہمارے ہاں یہ خاموشی اب ایک باقاعدہ طرز سیاست بن چکی ہے۔
قوم دو حصوں میں بٹ گئی ہے۔ ایک وہ جو ہر ظلم پر فوراً مذمت و احتجاج کرتے ہیں، اور دوسرے وہ جو فوراً ان کی مذمت کرتے ہیں جو مذمت کرتے ہیں۔
دنیا کے ایک گوشے میں آگ بھڑک رہی ہے، زمین پر لہو بہہ رہا ہے،بچے، عورتیں، بزرگ سب بے بسی کی تصویر ہیں۔ مگر ہمارے ایک صاحب، جو برسوں سے خود کو ملت کا رہنما قرار دیتے آئے،
یوں خاموش ہیں جیسے انسانیت کی یہ سسکیاں ان کے دائرۂ احساس سے باہر ہوں۔
گویا ان کے کیلنڈر میں مظلوموں کے دن ابھی آئے ہی نہیں۔
دو ڈھائی سال ہو گئے۔ زمین سرخ ہو چکی، ضمیر سپید۔
ان کے بیانات میں ہر شے مل جاتی ہے سیاست، گرفتاری، آزادی، انقلاب، عدل، ورزش، کھانا، مگر فلسطین کا ذکر غائب ہے۔۔۔
یوں لگتا ہے جیسے وہ عملاً اسرائیل کے واحد خاموش نمائندہ بن چکے ہوں،
جن کی گفتگو میں ہر موضوع سما جاتا ہے، سوائے اس ایک کے جہاں مظلوموں کا خون بولتا ہے۔ ان کی تقریروں میں انصاف کا دریا تو بہتا ہے،
مگر شاید اس کا رخ فلسطین کی طرف نہیں جاتا۔
ہم نے سوچا، شاید وہ کسی عظیم حکمت عملی میں ہیں۔ کہ وقت آنے پر بولیں گے،
یا خاموشی ہی کو احتجاج کا ہتھیار بنا لیں گے ۔۔۔۔
مگر جب خاموشی طول پکڑ لے تو وہ احتجاج نہیں رہتی،
بے حسی بن جاتی ہے۔
ڈاکٹر اسرار احمدؒ اور حکیم سعیدؒ نے برسوں پہلے جن خدشات کا اظہار کیا تھا،
آج ان کی باتوں کو گویا عملی تقویت ملتی نظر آتی ہے۔
واقعی آج یہی لگتا ہے کہ ہم نے ضمیر کی آواز کو سفارت کے ماتحت کر دیا ہے۔ بولنا خطرہ بن گیا اور چپ رہنا وقار۔ مگر سچ تو یہ ہے کہ یہ وقار نہیں،
یہ وہ خاموشی ہے جو تاریخ کے صفحوں پر
تماشائیوں کے نام سے لکھی جاتی ہے۔
اور شاید یہی وہ نیا سیاسی فلسفہ ہے جہاں ضمیر بھی اب پریس ریلیز کے وقت کے انتظار میں رہتا ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment