دیار غیر کے دوست اور وطن عزیز کے ناقد
دیار غیر کے دوست اور وطن عزیز کے ناقد
یہ کالم ان پاکستانیوں کے نام، جو ہزاروں میل دُور بیٹھ کر وطن کی خیر مناتے ہیں،
مگر کبھی اس کی خیریت دیکھنے لوٹ کر نہیں آتے .
عجب المیہ ہے صاحب۔
ہماری قوم کا ایک طبقہ جو کبھی وطن کی مٹی سے اٹھا، آج دیار غیر میں عیش کے ایئرکنڈیشن کمروں میں بیٹھا، پاکستان کے لئے تعزیتی نوحے پڑھتا ہے۔
یوں لگتا ہے جیسے وہ ہر شام سوشل میڈیا پر خبریں نہیں، جنازے پڑھتے ہیں۔
(ملک تباہ ہو گیا
یہاں کچھ نہیں بچا)
اب تو بس ہجرت ہی نجات ہے۔
اور پھر اگلے ہی لمحے کسی یورپی کیفے میں بیٹھ کر سیو پاکستان کا اسٹوری لگا دیتے ہیں۔
بھائی، کوئی ان سے کہے کہ یہاں سب خیریت سے ہے۔
یہ مٹی اب بھی زندہ ہے، سانس لیتی ہے، ہنستی ہے۔
زندگی اپنی تمام رعنائیوں کے ساتھ خوشبوؤں، ہوٹلوں کی رونقوں، اور دوستوں کے قہقہوں کے ساتھ رواں دواں ہے۔
آپ جن آسائشوں کے خواب وہاں نیند کی قسطوں میں دیکھتے ہیں، یہاں کا عام آدمی بیداری میں جیتا ہے۔
کسی کیفے ، ہوٹل چائے خانے یا ڈھابے کسی تفریحی مقام پر چلے جائیں بیٹھنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
مہنگائی کے باوجود چائے کے کپ میں امید گھول کر لوگ زندگی کے گھونٹ بھرتے ہیں۔
کسی کچی آبادی میں جھانکئے، تو ہر گھر میں وہی نعمتیں نظر آئیں گی جو آپ کو کسٹمر کارڈ دکھا کر ملتی ہیں ۔
فریج، ٹی وی، موبائل، آن لائن کلاسوں کے بچے، اور چولہے پر چڑھی ماں کی ہانڈی ۔۔۔۔۔۔
یہی تو اصل زندگی ہے، کم میں خوش رہنے کی، شکر کرنے کی، اور جینے کی۔
ہمارے وہ پردیسی دوست، جنہوں نے کبھی وطن کے لئے کچھ نہ کیا،
اب وطن کا درد یوں بیان کرتے ہیں جیسے قوم کی بنیادیں انہی کے کندھوں پر ٹکی ہوں۔
تعلیم حاصل کی، مستقبل سنوارا اور پھر ڈیپارچر گیٹ سے نکلتے ہوئے قوم کے نام ایک لمبا، دکھی پیغام چھوڑ گئے۔
اب وہاں بیٹھ کر فرماتے ہیں ۔۔۔ پاکستان کہاں جا رہا ہے؟؟؟
جناب، کبھی یہ بھی تو دیکھ لیجیے کہ آپ کہاں جا چکے ہیں۔
مانا کہ ملک میں مسائل ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وطن لٹے پٹے خیموں میں کراہ رہا ہے۔
یہ ملک اب بھی سانس لے رہا ہے۔ بلکہ دل کی دھڑکن پہلے سے تیز ہے۔
یہاں کا مزدور دن بھر کی مشقت کے بعد بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر جیتا ہے۔
یہاں کی ماں زیور بیچ کر بیٹی کو یونیورسٹی پہنچاتی ہے۔
یہی وہ لوگ ہیں جن کے حوصلے پر یہ ملک کھڑا ہے۔
کچھ غیرمنصفانہ قوانین کے باعث بعض بچوں کو سرکاری یونیورسٹیوں میں داخلہ نہیں ملتا،
مگر پھر بھی وہ علم کے سفر سے پیچھے نہیں ہٹتے۔
یہی اس مٹی کا کمال ہے، مشکلوں میں بھی چلتے رہنے کا حوصلہ۔
اصل زہر تو وہی ہے جو ہم روز گھولتے ہیں کہ ۔۔۔۔
“میرا لیڈر عظیم مہاتما اور تیرا لیڈر نااہل ۔۔۔۔
بس یہی ملک کی اصل بربادی ہے۔
کسی کا بھی مہاتما عظیم نہیں ۔۔۔۔۔۔۔
عظمت تو اس طاقت کی ہے جو جب چاہتا ہے ذرے کو آفتاب کر دیتا ہے، اور جب چاہے تو مینارِ عظمت کو مٹی میں ملا دیتا ہے ۔۔۔۔
پھر آتی ہے ہماری پرانی بیماری، ناشکری۔
خود کبھی ملک کی خدمت نہیں کی، مگر شور ایسا مچاتے ہیں جیسے وطن کے سب سے بڑے خیر خواہ یہی ہوں۔
محبت زبانی، خدمت آن لائن،
اتنا درد ہے تو آئیے، وطن میں رہیے، ہاتھ بٹائیے، تعمیر میں حصہ لیجیے۔
یہ وطن آج بھی کھلے بازوؤں سے آپ کا منتظر ہے۔
خدا کی قسم، اگر ہم اپنے گریبانوں میں جھانکیں تو ماننا پڑے گا کہ آج کے حالات ماضی سے لاکھ درجے بہتر ہیں۔
وہ نعمتیں جو کبھی خوابوں میں بھی نہ تھیں، آج ہر گلی محلے کے گھر میں ہیں۔
یہ سب کچھ اسی وطن عزیز کے طفیل ہے،
جسے ہم روز برا بھلا کہتے ہیں۔
افسوس تو صرف اس بات کا ہے کہ ہم شکر کو کمزوری، اور شکایت کو فہم سمجھنے لگے ہیں۔
ہم امید کے بجائے مایوسی میں خوش رہنے لگے ہیں، جیسے خوش ہونا گناہ ہو۔
اگر ہم تھوڑا سا صبر، تھوڑا سا شکر اور تھوڑا سا یقین سیکھ لیں،
تو یہ وطن کسی اور کی جنت نہیں، ہماری اپنی جنت بن جائے گا۔
آخر میں افتخار عارف کے یہ اشعار جیسے اس مٹی کی دعا بن کر دل میں اترتے ہیں ۔۔۔
میں اپنے خواب سے کٹ کر جیوں تو میرے خدا
اُجاڑ دے مری مٹی کو دربدر کر دے
مری زمین مرا آخری حوالہ ہے
سو میں رہوں نہ رہوں، اس کو بارور کر دے
وطن سلامت ہے،
بس ہماری سوچ بیمار ہے۔
پاکستان تباہ نہیں ہوا ۔۔۔۔۔۔
تباہ ہم ہوئے ہیں، جو امید کے بجائے افسوس میں جینا سیکھ گئے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment