رات کے آخری پہر کی خاموشی
*رات کے آخری پہر کی خاموشی*
(یہ چند سطور مشہور چینی ادیب ژو داکسن (Zhou Daxin) کی تحریر سے متاثر ہو کر لکھی گئی ہیں جس نے Mao Dun ادب ایوارڈ یافتہ اس ناول میں بڑھاپے کے احساسات اور زندگی کے اختتام کے مناظرات کو بڑی سچائی اور نفاست سے بیان کیا گیا ہے۔)
زندگی کی دوڑ دھوپ کے بعد ایک وقت ایسا بھی آتا ہے جب دن کی روشنی دھیرے دھیرے ماند پڑنے لگتی ہے۔ آسمان پر شام کی زردی اترتی ہے اور دھیرے دھیرے رات کے سائے گہرے ہوئے جاتے ہیں۔ یہی لمحے ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ سفر اب منزل آخر کی جانب رواں دواں ہے۔
ساٹھ برس کے بعد انسان کو وہ سچائیاں واضح نظر آنے لگتی ہیں جنہیں جوانی کے شور اور مصروفیت نے ڈھانپ رکھا تھا۔ رشتوں کا ہجوم چھٹنے لگتا ہے، دوست اور ساتھی آہستہ آہستہ اوجھل ہونے لگتے ہیں۔ تنہائی ایک ناگزیر ساتھی بن جاتی ہے، اور ہمیں اس کے ساتھ جینا سیکھنا پڑتا ہے۔ زمانے کی روش بھی بدل جاتی ہے۔ وہ نام، وہ شہرت، وہ مقام
جس پر کبھی سب کی نظریں مرکوز تھیں، اب نئی نسل کی طرف منتقل ہو جاتا ہے۔ اسٹیج پر اب دوسروں کی روشنی جلوہ گر ہے اور ہمیں پیچھے رہ کر خاموشی سے دیکھنا سیکھنا پڑتا ہے، بغیر کسی حسد اور رنج کے۔
پھر بدن کی کمزوریاں آہستہ آہستہ دستک دیتی ہیں۔ دل کا بوجھ، دماغ کی بھول بھلیاں، ہڈیوں کا ڈھانچہ بن جانا یہ سب حقیقتیں ہیں۔ ان سے
خوف ذدہ ہونے کے بجائے ان کے ساتھ جینا ہی عقل مندی ہے۔ کبھی یہ بھی ہوتا ہے کہ بستر زندگی کا مرکز بن جاتا ہے، جیسے ابتدا میں تھا۔ فرق صرف اتنا ہے کہ آغاز میں ماں کی ممتا کا سایہ ساتھ ہوتا تھا اور اب خدمت کرنے والے چہرے اجرت یا مصلحت کے تقاضوں کے ساتھ موجود ہوتے ہیں۔ اس لمحے انسان کو عاجزی اور شکر گزاری کا دامن تھامنا ہوتا ہے۔
بڑھاپے کے کمزور لمحوں میں لالچ کے سوداگر گھات لگائے بیٹھے ہوتے ہیں۔ وہ معجزے دکھانے والے نسخے ہوں یا لمبی عمر کے دعوے، اصل میں یہ سب فریب ہوتے ہیں۔ عقل و احتیاط ہی اس دور کا اصل سہارا ہیں۔ لیکن سب سے قیمتی سرمایہ وہ رفاقت ہے جو زندگی بھر ساتھ رہی ہو۔ شریک حیات یا قریبی ساتھی کی موجودگی بڑھاپے کا سب سے بڑا سہارا ہے۔
اولاد اپنی مصروفیات میں الجھ کے رہ جاتی ہے، مگر بڑھاپے کے سناٹے میں ایک دوسرے کے ساتھ کی نرم گفتگو سب کچھ سہل کر دیتی ہے۔ یہی وقت ہے جب انسان کو دنیا پر حکم چلانے کے بجائے خاموشی سکون اور دعاؤں کے چراغ جلانے چاہئیں۔ وقار اور روحانی تیاری کے ساتھ انجام کو قبول کرنا ہی بڑھاپے کی اصل دانائی ہے اور جب رات کا آخری پہر حاوی ہونے لگتا ہے تو دل کی گہرائیوں میں یہ صدا گونجتی ہے ۔۔
" اب تو جب پچھلے پہر باد
صبا آتی ہے "
"کان میں موت کے قدموں کی
صدا آتی ہے "
جوش ملیح آبادی صاحب
اقتباس از ژو داکسن، ناول You Are on the Highland
"In old age, one no longer fights with the world;
the struggle shifts inward, to make peace with time,
with memories, and with the body that slowly turns into silence."
ترجمہ
بڑھاپے میں انسان دنیا سے نہیں لڑتا، جدوجہد کا رخ اندر کی طرف مڑ جاتا ہے، وقت سے صلح کرنے کی یادوں سے مانوس ہونے کی اور اس بدن کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کی جو آہستہ آہستہ خاموشی میں ڈھل رہا ہوتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اگر یہ حقیقت ہم نے مان لی تو رات کا اندھیرا بھی ہمیں خوف زدہ کرنے کے بجائے آخری یقینی مستقل سفر کی جانب سکون سے لے جائے گا۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment