(وردی کا پہلا عکس… بلیک اینڈ وائٹ یادوں میں رنگ)
یادوں کے جگنو
(وردی کا پہلا عکس… بلیک اینڈ وائٹ یادوں میں رنگ)
پرانے البم کا ایک ورق کیا پلٹا،
جیسے وقت نے سانس روک لی ہو۔
وہی اسٹوڈیو کی بلیک اینڈ وائٹ تصویر ........
سرکاری ملازمت کے ابتدائی سالوں کی،
جب وردی نئی تھی، مگر نیت پکی۔
اب بیٹیا رانی نے بڑے شوق سے کہا،
بابا جان، میں نے آپ کی یہ تصویر رنگین کر دی ہے۔
ہم نے تصویر دیکھی تو دل میں ایک پرانی ڈیوٹی کال گونج اٹھی۔
وردی کے بٹن جیسے پھر سے روشنی پکڑنے لگے،
اور چہرے پر وہی نرمی، جو تربیت سے نہیں، خلوص سے آتی ہے۔
مسکراہٹ خود بہ خود لبوں پر آئی،
اور ہم نے بیٹی سے کہا ۔۔۔۔
بیٹا یہ رنگ تو آپ نے لگائے ہیں،
مگر یادوں کا رنگ تو کبھی ماند نہیں پڑتا۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ وہ رنگ ہیں جو وقت بھی فیڈ نہیں کر سکا۔
ناظم آباد نمبر1 چورنگی کے اس پرانے اسٹوڈیو کی یاد بھی کیا خوب یاد ہے ۔۔۔۔۔
جہاں روشنی ایک بلب سے بنتی تھی،
اور فوٹوگرافر کے لہجے میں پورا پروٹوکول ہوتا تھا۔
پہلے کالر سیدھا، جیب سے کنگھی نکالی اور سامنے لگے آئینے میں آخری نظر ڈالی۔
فوٹوگرافر نے ہمیشہ کی طرح کہا ۔
جناب ذرا سنجیدہ دیکھیے، یہ سرکاری تصویر ہے ۔۔۔
بس پھر ہم سنجیدہ ہو گئے
گویا مسکراہٹ بھی چھٹی پر چلی گئی ہو ۔۔۔۔۔
اب جب وہی تصویر بیٹی نے رنگین کر کے دکھائی،
تو دل نے چپکے سے کہا، کیا زمانہ تھا ۔۔۔
جب تصویریں بلیک اینڈ وائٹ تھیں مگر دل رنگین،
اور آج سب کچھ رنگین ہے، بس دل کہیں بلیک اینڈ وائٹ ہو گئے ہیں۔
ایسے میں یاد آیا مومن خان مومن کا شعر، جو شاید اسی لمحے کے لیے کہا گیا ہو ۔۔۔۔۔۔
تاب نظارہ نہیں، آئینہ کیا دیکھنے دوں
اور بن جائیں گے تصویر، جو حیراں ہوں گے
واقعی صاحب،
اس زمانے کی سادگی اگر آج کے کیمرے دیکھ لیں،
تو حیرت سے خود فوٹو نیگیٹو بن جائیں ۔۔۔۔۔۔
ہم اس دور کے لوگ ہیں ۔۔۔۔۔۔۔
جب وردی خدمت کی پہچان تھی، فیشن نہیں۔
جب عکس خلوص سے بنتا تھا، ایڈیٹنگ سے نہیں۔
کیونکہ ۔۔۔۔۔۔۔
دل تو آج بھی ناظم آبادی ہے۔
ان تصاویر میں وقت کھڑا ہے … بس عمر گزر گئی ۔۔
اختر شیخ

خوبصورت اور یادگار تصویر
ReplyDeleteسہیل بھائی ۔ بڑی محبت ♥️
ReplyDelete