برادر من، قمر خان رحمانی ایک ملاقات، ایک احساس، ایک رشتہ
برادر من قمر خان رحمانی ایک ملاقات، ایک احساس، ایک رشتہ
ہمارے ہم مکتب، بلکہ ہم مکتب تو بہت بعد کی بات ہے، وہ ہمارے محلے دار اور ہماری غوثیہ مسجد گلبہار میں نماز جمعہ کے بعد ہونے والی درد و سلام کی محفل کے روح رواں رہے،
اور آج بھی اپنی خوش الحانی اور خدمت نعت کے سبب کل پاکستان نعت کونسل کے معزز ذمہ داروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
ایک استادالنعت ایک عاشق رسول اور ایک بے مثال انسان۔۔۔۔۔
ہمارے اکثر گلبہار کے دوست و احباب بھی مشترکہ ہیں۔
گزشتہ دس پندرہ دنوں سے قمر بھائی علیل تھے۔ سو آج نہ صرف عیادت کا ارادہ تھا بلکہ شریف امروہوی صاحب مرحوم کا نعتیہ مجموعہ بھی ان سے لینا تھا، تاکہ کاپی کر سکوں۔
یہ دونوں کام آج بحمد اللہ ہو گئے۔
چند روز قبل برادر عزیز کا فون آیا کہ
اختر بھائی، ناسازیِ طبع کے باعث آج کل گھر پر ہی ہوں، اگر فرصت ہو تو آ جائیں ۔۔
میں نے وعدہ کیا، ان شاء اللہ جمعہ کے دن بعد نماز جمعہ آپ کی خدمت میں حاضر ہوتا ہوں۔
تقریباً ایک ماہ قبل میری ملاقات اپنے پرانے ساتھی طارق بھائی سے ہوئی تھی۔ وہی طارق جو صابر شمسی بھائی مرحوم کی روزانہ کی بیٹھک کے رکن تھے۔
ان کے نارتھ کراچی منتقل ہو جانے کے بعد ہمارا رابطہ ٹوٹ گیا تھا،
جو اب صابر بھائی مرحوم کے صاحبزادے عامر کی وساطت سے کوئی پچیس تیس سال بعد دوبارہ بحال ہوا۔
اس ملاقات کے دوران باتوں باتوں میں قمر بھائی کا ذکر خیر آیا۔
میں نے کہا، قمر بھائی تو آپ کے قریب ہی رہتے ہیں۔
یہ سن کر طارق بھائی کے چہرے پر خوشی چھا گئی،
کہنے لگے ارے پھر تو ان سے بھی ضرور ملنا ہے، یوں وہ بھی قمر بھائی سے ملاقات کے لیے بے چین ہو گئے۔
آج نماز جمعہ کے بعد میں طارق بھائی کو لے کر نکلا ، وہ قمر بھائی کے گھر کے قریب ہی رہتے ہیں،
لہذا ہم باآسانی ان کے گھر پہنچ گئے۔
دروازہ کھلا، سامنے وہی محبت بھرا چہرہ، وہی مسکراہٹ جو برسوں پرانی اپنائیت کی یاد دلا گئی۔
بیٹھک میں بیٹھتے ہی پرانی باتوں کا سلسلہ چل نکلا ،
محلے کی یادیں، نعتیہ محافل کے قصے، مشترکہ احباب کا ذکر خیر۔
قمر بھائی حسب معمول محبت بھری مسکراہٹ کے ساتھ باتیں کرتے رہے۔
الحمد للہ طبیعت میں بہتری تھی،
مگر کھانسی نے ابھی تک انھیں خاصا متاثر کر رکھا ہے۔
اللہ تعالی برادر من کو صحت کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے، آمین۔
میں نے ان سے شریف امروہوی صاحب مرحوم کا نعتیہ مجموعہ لیا،
چند یادگار تصویریں ان کے صاحبزادے سے بنوائیں، اور قمر بھائی سے اجازت طلب کی۔
پھر طارق بھائی سے بھی رخصت لے کر گھر واپس آیا۔
کسی پرانے دوست سے ملاقات اور پرانی یادوں کو دہرانا ایک خوبصورت عمل ہے۔
ایسی ملاقاتیں انسان کو ماضی کے ان دنوں میں لے جاتی ہیں جہاں خلوص ہی سب سے بڑی دولت تھی،
اور دوستی صرف دل کی بات ہوتی تھی۔
گزرے جو اپنے یاروں کی صحبت میں چار دن
ایسا لگا بسر ہوئے جنت میں چار دن
خمار صاحب
آنکھوں کو سوجھتا ہی نہیں کچھ سوائے دوست
میں تجھے یاد کرتا رہا اور کوئی نہیں تھا
شرف مجددی
ایسی ملاقاتیں وقت کے بوجھ کو ہلکا کر دیتی ہیں،
دل کو تسکین اور روح کو تازگی بخش جاتی ہیں۔
قمر بھائی جیسے مخلص احباب کے دیدار سے دل کو یقین ہوتا ہے کہ تعلقات وقت کے ساتھ کمزور نہیں پڑتے، بلکہ یادوں میں مزید مضبوط ہو جاتے ہیں۔ اور آج کی یہ ملاقات
ایک جگنو کی طرح دل میں اتر گئی
جو مدتوں روشنی دیتی رہے گی۔
اختر شیخ

Great update about the visit to Mohammad Qamar Khan Rehmani's home. What a lovely picture! 💕 It's heartwarming to see three young boys together.
ReplyDeleteشکریہ ۔ برادر عزیز ۔ سلامت رہیئے
ReplyDelete♥️♥️♥️♥️