مشاعرے کی اصل روایت
مشاعرے کی اصل روایت ۔۔۔ بیٹھ کر کلام خوانی کے آٹھ سو سالہ شواہد
آج کے مشاعروں میں ایک نئی روش دیکھی جا رہی ہے شعرا مائیک ہاتھ میں لے کر اسٹیج پر چلتے پھرتے ہوئے اپنا کلام پیش کرتے ہیں۔ بظاہر یہ انداز جاذب نظر سہی، مگر ہم مشاعرے کی تاریخ پر نگاہ ڈالیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ ہماری اصل روایت ہمیشہ بیٹھ کر کلام خوانی کی رہی ہے۔
قریب آٹھ سو برس قبل امیر خسرو نے اپنی کتاب قرة الکمال کے دیباچے میں جس ہیئتِ مشاعرہ کا ذکر کیا ہے اس میں شعرا دائرے کی صورت میں بیٹھتے تھے۔ درمیان میں ایک شمع رکھی جاتی جو باری باری ہر شاعر کے سامنے لائی جاتی۔ جس کے سامنے شمع ہوتی وہی اپنا کلام سناتا۔
یہی وہ روایت تھی جس نے مشاعرے کو ادب و احترام کا ایک باوقار منظر بنا دیا۔
اٹھارویں صدی میں میر تقی میر اور خواجہ میر درد کے عہد میں مشاعرے چھوٹے ادبی حلقوں کی صورت میں منعقد ہوتے تھے۔ یہ بڑے عوامی اجتماعات نہیں ہوتے تھے بلکہ اہل ذوق کی مجلسیں ہوتی تھیں جہاں ہر شاعر اپنی نشست پر بیٹھا ہی اپنا کلام پیش کرتا۔ یہی سکون اور وقار اس روایت کی روح تھا۔
شاہ عالم ثانی کے زمانے میں جب لال قلعہ میں پہلا شاہی مشاعرہ ہوا تو دربار کے سخت آداب کے پیش نظر شعرا نے بھی بیٹھ کر ہی کلام پیش کیا۔ چلتے پھرتے شعر خوانی شاہی آداب کے خلاف سمجھی جاتی تھی۔ ہر شاعر کے کلام کے بعد تحسین و آفرین کے بھی مخصوص قرینے تھے، بے ہنگم تالیاں یا شور اس ماحول کا حصہ نہیں تھے۔
بڑے عوامی مشاعرے جن میں ہزاروں سامعین شریک ہوتے ہیں دراصل انیسویں صدی کے آخر میں رواج پائے۔ آج کا اسٹیج، مائیک اور چلتی پھرتی خوانی اسی جدید ارتقاء کی پیداوار ہیں مگر انہیں قدیم روایت کہنا تاریخی طور پر درست نہیں۔
آج کے مشاعروں میں ایک اور افسوس ناک پہلو یہ بھی نمایاں ہے کہ نظامت کے فرائض انجام دینے والے بعض شعرا خود مائیک پر شاعر کا کلام پڑھتے ہوئے اس انداز سے داد دیتے ہیں کہ ان کی داد کی آواز میں سامعین اصل شعر ہی سن نہیں پاتے کہ شاعر نے آخر پڑھا کیا ہے۔ ناظم مشاعرہ کو اس پہلو پر خصوصی توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے، کیونکہ محفل مشاعرہ کا توازن اور لطف اسی اعتدال میں پوشیدہ ہے۔
علی جواد زیدی کی معروف کتاب تاریخ مشاعرہ میں اس فن روایت کے ارتقاء پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔ یہ مطالعہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ادبی روایتیں صرف ورثہ نہیں ذمہ داری بھی ہوتی ہیں۔
نئی طرزیں اپنانا عیب نہیں، مگر انہیں اصل روایت کے طور پر پیش کرنا یقینا علمی اور تاریخی ناانصافی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ نئی نسل کو مشاعرے کی اس اصل روح سے روشناس کرائیں جہاں شاعر، سامع، شمع اور سخن سب ایک دائرے میں جڑے ہوتے تھے اور لفظوں سے زیادہ وقار محفل کی چمک دلوں کو روشن کرتی تھی۔
(نوٹ ۔۔ یہ مضمون تاریخی و تحقیقی حقائق کی روشنی میں تحریر کیا گیا ہے۔ مزید مطالعے کے لیے علی جواد زیدی کی تاریخ مشاعرہ نہایت مفید ہے۔)
مشاعرہ اگر سخن کا جشن ہے، تو اس کا آداب اس کی جان ہیں۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment