جہیز ۔۔ احساس کی شکست یا رسم کی جیت
جہیز ۔۔ احساس کی شکست یا رسم کی جیت؟
کچھ تصویریں لفظوں سے زیادہ بولتی ہیں،
اور کچھ چہرے پوری صدیوں کی تھکن اپنے ساتھ لیے چلتے ہیں۔
ایک ایسی ہی تصویر نے دل ہلا دیا، ایک چھوٹی سی سوزوکی جس کے پیچھے جہیز کا سامان لدا تھا، اور اس کے ساتھ بیٹھے دو چہرے ماں اور باپ ۔۔۔۔
ان کے چہروں پر وہ مسکراہٹ نہیں تھی جو بیٹی کی رخصتی کے موقع پر ہوا کرتی ہے،
بلکہ ایک خاموش کرب جیسے ہر برتن ہر پردہ ہر صندوق کے ساتھ ان کے دل کا ایک ٹکڑا بھی بیچ دیا گیا ہو۔
یہ تصویر صرف ایک گھر کی کہانی نہیں، یہ ہمارے پورے معاشرے کا آئینہ ہے، جہاں خوشی کی بنیاد قرض پر رکھی جاتی ہے اور محبت کی رسموں میں رواج کا زہر گھول دیا گیا ہے۔
حضرت میر تقی میر کا واقعہ صدیوں پرانا ہے مگر آج بھی زندہ ہے۔
کہا جاتا ہے جب ان کی بیٹی کی شادی ہوئی تو انھوں نے اپنا سب کچھ بیچ کر جہیز کا سامان اکٹھا کیا ۔۔۔۔
یہاں تک کہ چھت بھی ہاتھ سے نکل گئی اور وہ خود فٹ پاتھ پر جا بسے۔
جب بیٹی کو اس قربانی کا علم ہوا تو اسے ایسا صدمہ پہنچا کہ وہ چل بسی۔
تب میر کے لبوں سے وہ دردناک شعر نکلا جو آج بھی دل چیر دیتا ہے ۔۔۔
اب آیا خیال اے آرام جاں اس نامرادی میں
کفن دینا ہی بھول گئے ہم اسباب شادی میں
یہ میر صاحب کا آخری شعر مانا جاتا ہے،
اور یہ صرف شعر نہیں، ایک تہذیبی نوحہ ہے۔۔۔۔۔۔
یہ بتاتا ہے کہ جہیز کی لعنت اچھوں اچھوں کو لے ڈوبی
کتنے دل توڑے کتنے خواب روند ڈالے اور کتنی بیٹیاں زمانے کے زخموں میں دفن ہوئیں۔
ہم روزانہ ایسی کہانیاں دیکھتے ہیں مگر آنکھیں پھیر لیتے ہیں ۔۔۔۔۔
ہم ہر تصویر کے نیچے فلسفے بکھیر دیتے ہیں مگر خود کو نہیں بدلتے۔
سوال یہ ہے کہ یہ معاشرہ آخر ہے کون؟
کیا یہ کوئی اور مخلوق ہے یا ہم خود اس کے کردار ہیں؟
اگر ہر نوجوان اپنی شادی کے وقت زبان سے یہ ایک جملہ کہہ دے ۔۔۔۔۔
مجھے جہیز نہیں چاہیے، صرف دعا دیجیے ۔۔۔
تو رسموں کی صدیوں پرانی زنجیر لمحوں میں ٹوٹ سکتی ہے۔
اگر ہر والد یہ طے کر لے کہ وہ اپنی بیٹی کو بوجھ نہیں برکت سمجھے گا، تو اس معاشرے کے چہرے پر روشنی لوٹ آئے گی۔
جہیز صرف ایک رواج نہیں، یہ احساس کم تری کی اجتماعی علامت ہے۔
یہ وہ زنجیر ہے جس نے محبت کو حساب میں بدل دیا، اور عزت کو سامان کے طوق میں جکڑ دیا۔
اب وقت ہے کہ ہم صرف باتیں نہیں کردار پیش کریں۔
انکار کریں ۔۔ نرم لہجے میں مگر مضبوط یقین کے ساتھ۔
تبدیلی قانون سے نہیں ضمیر سے آتی ہے۔ یہ وہ لمحہ ہے جب معاشرہ لفظوں سے نہیں دلوں کے فیصلوں سے بدلے گا۔
چلو، فیصلہ آج کر لیں ۔۔۔۔۔۔
کہ کوئی باپ اپنی بیٹی کے جہیز کے لیے خود کو نہ بیچے، اور کوئی بیٹی اپنے باپ کے ہاتھوں میں
شرمندگی نہ دیکھے۔
بات صرف اتنی سی ہے۔۔۔
جہیز کے خلاف تقریر نہیں، عمل چاہیے۔
ورنہ کل کوئی اور میر۔۔۔۔۔۔۔۔
اپنی بیٹی کے کفن کو بھول جائے گا
اسباب شادی میں۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment