سید انور جاوید ہاشمی، علم و ادب کے نشیب و فراز میں ایک باکمال ہستی


 

سید انور جاوید ہاشمی، علم و ادب کے نشیب و فراز میں ایک باکمال ہستی۔


تحریر ۔۔ اختر شیخ


اردو ادب کے گلستان معنی میں جس طرح مختلف پھول اپنی خوشبو اور رنگ سے دل کو مسرور کرتے ہیں، اسی طرح کچھ شخصیات اپنی سادگی، وقار اور علمی وفور سے اس گلستان کی رونق میں اضافہ کرتی ہیں۔ ایسی ہی ایک نادر و نایاب ہستی سید انور جاوید ہاشمی صاحب کی ہے۔ ان کی شخصیت پر اگر نظر ڈالی جائے تو سب سے پہلے جو چیز دل پر مرتسم ہوتی ہے، وہ ان کا متانت و سنجیدگی سے آراستہ لہجہ، گفتگو میں توازن اور ادب کے تئیں بے پایاں محبت ہے۔


آپ کی ولادت باسعادت 28 فروری 1953ء کو کراچی میں ہوئی۔ تعمیر فکر و فن بھی اسی شہر علم و ادب کے دامن میں ہوئی۔ تعلیم کے مراحل نئی کراچی کے اسکول سے میٹرک، اسلامیہ کالج سے انٹر اور بی اے (جس میں اردو کو اختیاری مضمون بنایا) تک مکمل کیے۔ یہ وہ زمانہ تھا جب کراچی کی علمی و ادبی فضا اپنے عروج پر تھی۔ ریڈیو کی آواز ، رسائل و جرائد کی رونق، علمی محفلیں اور فکری تحریکیں اپنے شباب پر تھیں۔ انہی رنگا رنگ محفلوں اور علمی مکالموں نے ہاشمی صاحب کے فکر و فن کو جلا بخشی۔


ان کی شاعری میں انسانی دل کی کیفیات، رومان کی شوخی، باطنی کشمکش اور شعری روایت سے انسیت صاف جھلکتی ہے۔ ان کا کلام پڑھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ یہ کوئی ایسا ہی ہے جس نے زندگی کے نشیب و فراز کو بہت قریب سے دیکھا ہے۔


ان کا ایک شعر ملاحظہ فرمائیں ۔۔۔۔


ہاشمی تم نے کس دُھن میں یہ آج غزل چھیڑی

دیکھو سائیں جل نہیں جانا ریت پہ ننگے پاؤں


اعزازات و اعترافات

ادب و فن کی ان گراں قدر خدمات کے اعتراف میں متعدد معتبر ادبی اداروں نے انہیں سپردۂ تحسین بنایا ہے۔ انجمن بہار ادب پاکستان نے ان کے فن کو

’’نشان اعتراف فن‘‘ کے ایوارڈ 2024 سے نوازا، جبکہ جگنو انٹرنیشنل نے علمی، ادبی اور ثقافتی خدمات پر 2016 میں 

"شیلڈ آف آنر" عطا کی۔ اسی طرح بزمِ ادب امروز پاکستان نے بھی ان کی ادبی خدمات کے صلے میں اعزازی تمغا پیش کیا۔


نثر کے میدان میں بھی ہاشمی صاحب کا قلم یکساں آب و تاب سے چمکتا ہے۔ ان کی تصانیف جیسے۔۔۔ 

نئے بت پرانے پجاری

 

مشاہدۂ حق


 تکلف برطرف

 

اور ،،انتظار کے پودے،، 


ان کے گہرے مطالعہ، تنقیدی بصیرت اور معاشرتی شعور کی آئینہ دار ہیں۔


ہاشمی صاحب کی شخصیت میں جو سادگی اور بے ساختگی پائی جاتی ہے وہ آج کے اس دور نمود و نمائش میں بہت کم نظر آتی ہے۔ وہ گفتگو کم کرتے ہیں، مگر جب لب کشائی فرماتے ہیں تو ہر لفظ میں معنی کی گہرائی ہوتی ہے۔ ان کی شخصیت کا یہ پہلو ان کے اس شعر میں بھی عکس انداز ہے۔۔۔۔۔۔۔


اہلِ خانہ سو رہے ہیں اور گھر خاموش ہیں

بولتا ہے کون اگر دیوار و دَر خاموش ہیں 


کراچی کے ادبی حلقے میں ہاشمی صاحب کی شرکت کو نصف صدی سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔ مشاعرے، کتابوں کی رونمائیاں، علمی نشستیں۔۔۔۔۔۔۔

ہر محفل میں وہ ایک مستقل، باوقار اور روشن چراغ کی مانند موجود رہے ہیں۔ قابل تحسین بات یہ ہے کہ نارتھ کراچی سے معمار منتقل ہونے کے باوجود آج بھی وہ ہر ادبی تقریب میں باضابطہ شرکت فرماتے ہیں۔ پہلے بائیک پر خاموشی سے تشریف لے آتے تھے اب عمر اور صحت کے مسائل کے باعث بائیک نہیں چلاتے، مگر رکشہ یا بس کے ذریعے ہی سہی محفل میں ضرور پہنچتے ہیں۔ یہ ان کے ادب اور اہل قلم سے والہانہ لگاو کا منہ بولتا ثبوت ہے۔


انہیں داخلی کیفیات کو الفاظ کا جامہ پہنانے کا ہنر آتا ہے۔ کبھی وہ یوں گویا ہوتے ہیں۔۔۔


رات جانے میری آنکھوں نے انہیں کیا کہہ دیا

جاگتے ہیں اور وہ وقتِ سحر خاموش ہیں


اور کبھی انسانی اضطراب کو یوں بیان فرماتے ہیں۔۔۔


فیصلے کی گھڑیوں میں جس طرح کوئی مجرم مطمئن نہیں ہوتا

جاگتے ہیں شب میں ہم یوں بھی، شعر لکھنا اب دن بہ دن نہیں ہوتا


مشاعروں میں ان کی شرکت ہمیشہ ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔ ان کا وقار بھرپور، مزاج نرم اور غزل کا قرینہ جداگانہ ہوتا ہے۔ انہی کے الفاظ میں ۔۔۔ 


میں ہاشمی محفل میں لے کر جو غزل جاتا

کچھ لوگ بپھر جاتے، اک شخص بہل جاتا۔


سید انور جاوید ہاشمی صاحب کی ذات ادب کی سنجیدگی، خاموش روشنی اور تہذیبی قرینے کا زندہ نمونہ ہے۔ ان کی موجودگی ہر محفل کو باوقار اور ہر مکالمے کو معنی خیز بنا دیتی ہے۔


اور اخر میں،

ہاشمی صاحب کی ایک مکمل غزل کے پیش کرتا ہوں ۔۔۔ 


شعر لکھنے کا سُنانے کا جتَن ڈھونڈ لیا

زندگی کیسے گزاریں یہ چلَن ڈھونڈ لیا


صرف کرتے رہے یہ عمر توانائی بھی

اور اِسی دُھن میں رہے کارِ سُخَن ڈھونڈ لیا


درٗد کو جمع کیا حِکمَت و دانائی سے

عشق کے نام پر اِک زخمِ کہن ڈھونڈ لیا


رقصِ نظّارا ہر اِک آنکھ کی تقدیر نہیں

اے خوشا ہم نے بیاباں میں چمن ڈھونڈ لیا


خلقتِ شہرِ سُخن وَر اُسے گردانتی ہے

ہاشمیؔ

جس نے محبت سے یہ فن ڈھونڈ لیا

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ