نعت خواں، نعت کا تقدس اور ادب
نعت خواں، نعت کا تقدس اور ادب
آج کی نعت خوانی میں بڑھتی ہوئی بے ادبی پر ایک سنجیدہ ادبی مکالمہ
نعت کہنا اور نعت پڑھنا محض ایک فن نہیں ایک ایسی امانت ہے جو اہل دل کے حصے میں آتی ہے۔ نعت وہ چراغ ہے جو ہمارے باطن میں حضور اکرم ﷺ کی محبت، تعظیم اور ادب کی روشنی بکھیرتا ہے۔ یہ وہ صنف سخن ہے جس کا ہر لفظ احتیاط چاہتا ہے ہر حرف ادب کا تقاضا کرتا ہے اور ہر آواز پاکیزگی کے ساتھ اٹھنی چاہیے۔
نعت عشقِ رسول ﷺ کا اظہار ہے
یہ اسٹیج کا فن نہیں معاش کا ذریعہ نہیں اور نہ ہی کسی نمائش کا عنوان۔ یہ وہ در ہے جہاں انسان اپنے دل کی کیفیت لے کر آتا ہے، ہنر دکھانے نہیں جاتا۔
افسوس کہ آج کی نعت خوانی میں ایسے رجحانات تیزی سے بڑھ رہے ہیں جو نعت کے تقدس اور سادگی سے بہت دور ہیں۔
بعض نعت خواں مخصوص ایکو اسٹیج لائٹس، کیمروں کے زاویے، تراشیدہ انداز پیشکش اور ضرورت سے زیادہ موسیقیت کے محتاج دکھائی دیتے ہیں۔ یہ سب عناصر نعت کو بدقسمتی سے روحانیت کے بجائے پرفارمنس بنا دیتے ہیں۔
سوال یہ ہے کہ کیا یہ انداز ادب نعت کے مزاج میں آتا ہے؟
کیا پچھلے تیس چالیس سالوں کے بزرگ نعت خواں اسی طرز پر نعت پڑھتے تھے؟
وہ جب نعت پڑھتے تو سننے والا وجد میں آ جاتا دل نرم پڑ جاتا آنکھیں بھیگ جاتیں اور محفل ایسی کیفیت سے بھر جاتی کہ محسوس ہوتا گویا رحمت نور بن کر اتر رہی ہو۔
ان کی آوازیں شاید مضبوط نہ تھیں مگر دل مضبوط تھے۔ لہجے میں دکھاوا نہیں ہوتا تھا عشق ہوتا تھا۔
لب و لہجہ سادہ ہوتا مگر تاثیر ایسی کہ دل ہل جاتے۔
اور آج بعض محفلوں میں اس قدر غیر ضروری موسیقیت اور جذباتی بے اعتدالی شامل ہو چکی ہے کہ نعت کی سنجیدگی متاثر ہونے لگتی ہے۔
یہ کیفیت محفل نعت کے تقدس سے ہم آہنگ نہیں۔
یہ جملہ لکھنا مشکل ہے مگر کہنا ضروری ہے کہ نعت کو تاثر کے بجائے تماشہ بنانے کا سلسلہ بڑھ رہا ہے۔
نعت کے تقدس کے خلاف جانے والی نشانیاں یہ ہیں کہ
آواز کو اصل مقصد یعنی تعظیم پر غالب کر دینا
نعت کو مقابلہ بنا دینا ۔ محفل کو روحانی اجتماع کے بجائے اسٹیج پرفارمنس بنا دینا،
سادگی کے بجائے نمود و نمائش۔
نعت کو عقیدت کے بجائے شو بنا دینا
نعت خواں کو جاننا چاہیے کہ وہ صرف ایک آواز نہیں، وہ ایک نسبت اٹھا رہا ہے۔ اس کے ہونٹوں پر وہ نام آتا ہے جس کا احترام فرشتوں کے لیے بھی لازم ہے۔
نعت محبت ہے ادب ہے، علم ہے اور سب سے بڑھ کر ایک امانت ہے۔
نعت کا تقدس صرف نعت خواں کی ذمہ داری نہیں۔
محفل کو باوقار اور باادب بنانے میں تینوں کردار نعت خواں، منتظمین اور سامعین برابر کے ذمہ دار ہیں۔
نعت خواں کے لیے ضروری ہے کہ اس کی آواز، انداز، نشست و برخاست، تلفظ اور لب و لہجہ
سب کچھ بارگاہِ نبوی ﷺ کے ادب کا آئینہ ہو۔
نعت خوانی فن نہیں عقیدت کا نام ہے۔ اس میں سادگی، وقار، نرمی اور اخلاص ہی اصل حسن ہیں۔
نغمگی اگر پیدا ہو بھی جائے تو وہ وقار سے آگے نہ بڑھے۔
منتظمین ۔۔ محفل کے تقدس کے اصل نگہبان ہیں، محفل نعت کا ماحول اس کا سکون اس کی نورانیت اور اس کا وقار ان سب کا دارومدار منتظمین پر ہوتا ہے۔ انہیں چاہیے کہ محفل کو ذکر مصطفیٰ ﷺ کی نسبت سے ترتیب دیں
ساؤنڈ سسٹم میں حد سے زیادہ آواز یا گونج پیدا نہ ہونے دیں، لائٹس، کیمروں اور ظاہری انتظامات میں سادگی اور وقار قائم رکھیں محفل کو شو کا انداز نہ دیا جائے، نعت خواں پر غیر ضروری دباؤ نہ ڈالا جائے محفل کا ماحول پرسکون باوقار اور نورانی رکھا جائے
منتظم کی نیت اگر ادب و تعظیم ہو تو محفل خود بخود ادب میں ڈھل جاتی ہے۔
سامعین محفل کے مزاج کے خالق ہیں،
یہ کم کہا جاتا ہے مگر حقیقت یہی ہے کہ جو محفل سنی جاتی ہے وہی محفل بنتی ہے۔ سامعین کے رویے سے محفل کا مزاج قائم ہوتا ہے۔ سامعین کو چاہیے کہ خاموشی، توجہ اور احترام کے ساتھ نعت سنیں
موبائل کی بے احتیاطی اور غیر ضروری ریکارڈنگ سے بچیں تالیاں اور شور سے اجتناب کریں، نعت کو دل کی سماعت سے سنیں ظاہری جوش سے نہیں، نعت خواں کی طرف نہیں عشق رسول ﷺ کی طرف متوجہ رہیں ۔۔۔
جب سامعین ادب کے ساتھ بیٹھتے ہیں تو محفل میں بھی باوقار ہو جاتی ہے۔۔۔۔۔
جب تینوں کردار اپنا فرض ادا کریں گے۔ یعنی نعت خواں اپنے لب و لہجے میں ادب رکھے۔۔۔۔۔
منتظمین محفل کو سادگی اور نورانیت کے ساتھ ترتیب دیں ۔۔۔۔۔
سامعین سنجیدگی اور احترام کے ساتھ سنیں،
تو نعت کا وقار، تقدس اور وہ روحانی فضا
دوبارہ اسی شان سے لوٹ آتی ہے
جو ہمارے ماضی کی محافل کا امتیاز ہوا کرتی تھی۔
ایسی محفلیں دلوں کو نرم کرتی ہیں سینوں کو روشن کرتی ہیں اور ذکر مصطفیٰ ﷺ کو انسان کے باطن میں اتار دیتی ہیں۔
حوالہ جات
نعت میں اعتدال اور غلو سے بچنے کی تعلیم
رسول اکرم ﷺ نے فرمایا ۔۔۔
لَا تُطْرُونِي كَمَا أَطْرَتِ النَّصَارَى ابْنَ مَرْيَمَ
(صحیح بخاری)
ترجمہ۔۔۔ میری تعریف میں غلو نہ کرنا جیسا نصاریٰ نے عیسیٰ ابن مریم کے بارے میں کیا۔
آواز اور لہجے میں وقار کی ہدایت
القرآن، سورۃ لقمان، آیت 19
وَاغْضُضْ مِنْ صَوْتِكَ
ترجمہ۔۔۔۔ اپنی آواز پست رکھو، یعنی گفتگو اور تلاوت میں وقار اور اعتدال ہو۔
خوش آہنگی کی فضیلت مگر روحانیت اصل ہے
نبی کریم ﷺ کا ارشاد ۔۔۔۔۔
لَيْسَ مِنَّا مَنْ لَمْ يَتَغَنَّ بِالْقُرْآنِ
(صحیح بخاری)
ترجمہ۔۔۔ وہ ہم میں سے نہیں جو قرآن کو خوش آہنگی سے نہ پڑھے۔
نعت کا معیار
حضرت حسان بن ثابتؓ
صحیح مسلم میں روایت ہے۔۔۔۔
اللَّهُمَّ أَيِّدْهُ بِرُوحِ الْقُدُسِ
ترجمہ۔۔۔۔ اے اللہ، اسے روح القدس کے ذریعے مدد عطا فرما۔
اس عقیدت بھری تحریر کے اختتام پر قلب بےنوا کی وہ نذرانۂ نعت پیش ہے جسے میں نے محض عشق مصطفیٰ ﷺ کی لرزتی ہوئی کیفیت میں قلم بند کیا تھا۔
سلام ان پر ازل سے دہر پر جو سایہ گسُتر ہیں
سلام ان پر جو ہیں رحمت، سراپا حق کا مظہر ہیں
سلام اُس پر کہ جس در سے کوئی خالی نہیں لوٹا
سلام ان پر کہ جو شانِ سخاوت، بندہ پرور ہیں
سلام ان پر کہ ہے جن کو شرف معراج کا حاصل
سلام ان پر کہ جو اللہ کے مہمان و دلبر ہیں
سلام ان پر کہ جو ہم عاصیوں کو بخشوائیں گے
سلام ان پر یقینا َََجو شفیعِ روز محشر ہیں
سلام ان پر کہ جو نورِ ہدایت ، شمعِ ایمانی
سلام ان پر دو عالم کے جو سرور اور رہبر ہیں
سلام ان پر کہ جو تشنہ لبوں پر مہرباں ہوں گے
سلام ان پر وہی تو ساقیِ تسنیم و کوثر ہیں
تجھے اذنِ حضوری اخترِ بےکس وہی دیں گے
سلام ان پر کہ جن پر جان و دل دونوں نچھاور ہیں
سراپا نیاز ۔ محمد اختر شیخ

Comments
Post a Comment