وقت کے پردے کے پیچھے بچپن کے یاروں سے ملاقات
یادوں کے جگنو
وقت کے پردے کے پیچھے بچپن کے یاروں سے ملاقات
محبت اور ماضی کا ایک عجیب رشتہ ہے، کبھی کبھار برسوں پرانی راہوں پر چلتے ہوئے اچانک کوئی جگنو جل اٹھتا ہے اور پھر دل ایک لمحے میں وہیں پہنچ جاتا ہے، جہاں کبھی بچپن کے ہنسی قہقہوں گلیوں کی گرد اور دوستی کے بے ساختہ رنگ بکھرے ہوتے تھے۔
آج میرے دائیں بائیں بیٹھے یہ دو مہربان چہرے ۔
بھائی عبد الغفار اور راشد خان
وہی دوست ہیں جن کے ساتھ بچپن کی گلیاں بانہوں میں بازو ڈال کر گزاری تھیں۔ وہ محلہ وہ کھیل کود وہ بے فکری، جیسے ایک ہی تصویر کے دو گوشے، بس وقت کی گرد نے دھندلا دیے تھے۔
مگر آج، 1990 کے بعد پہلی مکمل ملاقات ہوئی، اور یوں لگا جیسے وقت نے پلک جھپکتے ہی اپنے اور بیچ کے سارے فاصلوں کو مٹا دیا ہو۔
قصہ کچھ یوں ہے کہ بھائی غفار 1990 میں رزق حلال کی تلاش میں دبئی چلے گئے تھے اور ہم 1995 میں نارتھ ناظم آباد منتقل ہوگئے۔
یوں تعلق کا دھاگا نظر سے اوجھل ہوتا گیا۔
پھر 1999 میں حج کے دوران ایک انوکھا لمحہ آیا،
میں طواف کعبہ کے ہجوم میں بھائی غفار پر بس نظر ٹکرا کر رہ گئی۔ لاکھ کوشش کی مگر حرم کا سمندر مجھے ان تک نہ پہنچنے دے سکا۔ وہ ایک لمحے کی زیارت تھی، ملاقات نہیں، مگر وہ لمحہ دل میں جگمگاتا رہا۔۔۔۔۔۔
بعد میں ان کے بھائی روف سے کراچی میں ملاقات ہوئی تو اس نے تصدیق کی کہ ہاں غفار بھائی اسہی سال دبئی سے حج پر گئے تھے۔
دل کو عجیب سا سکون بھی ملا اور ادھورا پن بھی ۔۔۔
وقت گزرتا رہا زندگی اپنی دھن میں چلتی گئی کچھ روز قبل پرانے محلے کی گلیوں کا رخ کیا تو روف سے پھر ملاقات ہوگئی۔ میں نے غفار کے بارے میں پوچھا تو پتا چلا کہ اب کراچی ہی میں رہتے ہیں 4K چورنگی کے قریب۔ نمبر بھی دیا مگر شاید جلدی میں غلط نمبر دے دیا رابطہ نہ ہو سکا۔
پھر ایک چراغ اور جلا، بچپن کے دوست حامد بھائی کا خیال آیا جو آج تک رابطے میں ہیں۔
انہیں بتایا تو دو تین دن میں برادر غفار صحیح نمبر مجھے مل گیا ۔
میں نے فوراً فون کیا اور یوں لگا جیسے آواز نہیں برسوں کا فاصلہ پگھل کر بہہ رہا ہو۔ اب دونوں طرف بیقراری تھی، سو ملاقات کا وقت طے ہوگیا۔
آج میں نارتھ کراچی ان کی طرف نکلا، گھر سے نکلتے وقت اہلیہ نے ہنس کر پوچھا کہ
آپ اتنے برس بعد غفار بھائی کو پہچان لیں گے؟
میں نے بھی مسکرا کر کہا کہ کیوں نہیں غفار بھائی کو تو دور سے بھی انگلی دکھائیں تو گدگدی شروع ہو جاتی ہے۔ پہچانا کیا مشکل ہے ۔
اور بس یہی بات ہوئی کہ جیسے وقت نے بھی اس پر مہر لگا دی۔
دکان بند تھی نماز کا وقت تھا میں بھی قریب کی مسجد میں نماز کے لئے چلا گیا۔
نماز سے فارغ ہوکر باہر نکلا ہی تھا کہ دیکھا سامنے سے ایک صاحب آ رہے ہیں، چہرہ پرانی یادوں کی دھند سے ابھرتا ہوا، قدم جیسے برسوں کی خاک اڑاتے آ رہے ہوں ۔۔۔۔۔۔
میں نے دور سے انگلی کا اشارہ کیا
اور اگلے ہی لمحے وہی بچپن والی ہنسی، وہی گدگدی وہی پرانی شوخی ان کے چہرے پر جگمگا اٹھی۔
میں سمجھ گیا یہی برادر من غفار ہیں۔
ہم دونوں تپاک سے گلے ملے جیسے وقت نے برسوں کا قرض ایک لمحے میں ادا کر دیا۔
غفار بھائی نے پھر کہا چلو ایک اور خزانہ دکھاتا ہوں۔
اور وہ مجھے ہمارے محلے کے پرانے ہمدم راشد خاں کے پاس لے گئے۔
وہی سادگی وہی محبت جیسے وقت نے ان پر ہاتھ ہی نہ ڈالا ہو۔ راشد نے بڑی محبت سے تواضع کی اور ہم تینوں دیر تک بچپن، محلے گلیوں اور ماضی کی خوشبو میں کھوئے رہے۔ راشد کے ساتھی نے ہماری تصویر بھی بنائی
تین چہروں میں تین زمانے اترے ہوئے تھے۔
مغرب سے کچھ پہلے اجازت لی اور واپس گھر لوٹا۔۔۔
کبھی یوں بھی ہوتا ہے کہ دل برسوں تک ایک ملاقات کے انتظار میں دھڑکتا رہتا ہے اور جب رب چاہے تو وہی ملاقات ایک لمحے میں نصیب ہو جاتی ہے آج برادر غفار اور راشد خاں سے مل کر یوں لگا جیسے وقت نے اپنی گردش ایک پل کو روک دی ہو اور بچپن کی وہی گلیاں وہی آوازیں وہی بے فکری دوبارہ سانس لینے لگی ہو۔
زندگی کی دوڑ میں بہت کچھ چھوٹ جاتا ہے مگر سچی دوستی کبھی نہیں چھوٹتی۔ وہ کہیں نہ کہیں کسی نہ کسی موڑ پر جگنو کی روشنی کی طرح پھر مل جاتی ہے، دل کو یاد دلاتی ہے کہ اصل خزانہ انسان ہیں رشتے ہیں اور وہ لمحے ہیں جنھیں وقت کبھی مٹا نہیں پاتا۔
اور آج کی ملاقات گویا ایک پیغام تھی کہ رب جب چاہے، بچھڑے ہوئے چہرے پھر سامنے لے آتا ہے۔ بس شرط یہی ہے کہ دل زندہ ہو اور یادیں روشن۔
اختر شیخ


Comments
Post a Comment