آداب نعت ۔۔ نعت گو، نعت خواں، سامع اور منتظمین ۔۔۔ ایک تحقیقی و ادبی مطالعہ


 بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

آداب نعت ۔۔ نعت گو، نعت خواں، سامع اور منتظمین ۔۔۔ ایک تحقیقی و ادبی مطالعہ


نعت رسول مقبول ﷺ محض الفاظ کا سلسلہ نہیں بلکہ حب مصطفیٰ ﷺ اور ادب و طاعت کا سرشاری سے لبریز اظہار ہے۔ نعت وہ شمع فروزاں ہے جو دِل و جاں کو منوّر کرتی، روح کو مُصفّٰی کرتی اور قلب و جگر میں عشق مصطفیٰ ﷺ کے سوز و گداز کو رواں دواں رکھتی ہے۔

یہاں ہر لفظ ہر جملہ اور ہر ادا، ادب و عشق کے آئینہ خانے میں پیراستہ ہوتا ہے۔ نعت گو، نعت خواں، سامع اور محفل کے منتظمین۔چاروں ہی کا فرضِ عین ہے کہ وہ اس مقدس روایت کے مطابق اپنے اپنے مقام پر وقار، خشوع اور تواضع کے ساتھ محفل میں حاضِر ہوں۔

ادب نعت کا بنیادی اصُول لفظ کی پاکیزگی اور دل کی طہارت ہے۔ 

نعت وہ ہے جو قلب و جگر میں سمائیں اور چشم نم و سوز قلب کو جنم دے۔ نعت وہ کلام مدحت ہے جو دل و جاں میں اترے، جو صرف سننے کی حد تک محصور نہ رہے بلکہ روح میں نفوذ کر کے انسان کو سیرت طیبہ کے محاسن و کمالات سے مشتغل کر دے۔


فارسی کا مشہور شعر اس کیفیت کو یوں بیان کرتا ہے۔۔۔


ادب گاہیست زیرِ آسمان از عرش نازک تر

نفس گم کردہ می آید جنید و بایزید این جا

ترجمہ ۔۔ یہ وہ مقام ہے جہاں عرش پاک بھی نازک تر محسوس ہوتا ہے اور جنید و بایزید جیسے ارباب معرفت بھی ادب و تواضع کے ساتھ قدم رکھتے ہیں۔


یہی مقام نعت گو کے لیے مِعْیار ہے کہ لفظ میں ادب، نیت میں اخلاص اور دل میں خشوع ہو ۔۔۔


نعت گوئی کا اولین فریضہ یہ ہے کہ وہ حسن خلق و سیرت کے ساتھ کلمات کا انتخاب کرے۔ الفاظ کا انتخاب ایسا ہو کہ قلب و جگر میں سوز پیدا ہو اور سامع کے دل میں چشم نم جاری کر دے۔ 


اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ نعت گو کو چاہیے کہ حد ادب کو ہر حال میں ملحوظ رکھے، مبالغہ ایسا نہ ہو کہ مقام رسالت ﷺ سے تجاوز کا شبہ پیدا ہو۔ نعت گوئی کا اہم تقاضا یہ ہے کہ حد ادب کی رعایت کی جائے، تشبیہات اور مبالغات ایسے ہوں جو نزاکت کا احساس پیدا کریں، نہ کہ گستاخی کا۔ نعت گو کی شاعری صرف الفاظ کا کھیل نہ ہو بلکہ حسن خلق و سیرت کا مظہر ہو۔ 

ہر مصرع دل و جاں میں اتر کر نور بھرے اور سامعین کے جذبات کو نازک انداز میں چھوئے۔


مرزا غالب کا یہ شعر اسی نازک پن کی یاد دلاتا ہے ۔۔


غالب ثنائے خواجہ بہ یزداں گذاشتیم

کاں ذات پاک مرتبہ دان محمد است


(غالب نے حضور ﷺ کی ثنا خدا کے سپرد کی، کہ وہ ذات پاک کے مرتبے کو بہتر جانتا ہے).


نعت خواں کے لیے ضروری ہے کہ اس کی آواز میں ادب، دل میں عشق مصطفی ﷺ ہو۔ نعت خواں کو چاہیے کہ وہ آواز کی خوبصورتی سے زیادہ ادب و خشوع اور عشقِ مصطفی ﷺ کا خیال رکھے۔ نعت خوش الحانی کے ساتھ ہو لیکن نغمگی کے انداز میں نہ ہو۔ نعت پڑھتے وقت ہر ادا قلب و جگر میں سوز پیدا کرے۔ نعت خواں کو چاہیے کہ وہ چشم نم اور سوز قلب کے ساتھ سامعین کے سامنے آئے۔ ہر لفظ اور ہر مصرع میں حضور ﷺ کے اوصاف حمیدہ کی جھلک ہو۔


فتاویٰ رضویہ میں ہے کہ نعت میں آلات لہو و لعب یا افعال لغو، مثلاً مزامیر وغیرہ کا استعمال ممنوع ہے اور نعت خواں کا کردار باوضو، باادب اور باعمل ہونا لازمی ہے ۔۔ 


(فتاوی رضویہ،جلد24،صفحہ114،رضا فاؤنڈیشن،لاہور)


سامعین ۔۔ سامعین محفل کے آئینے ہیں، اگر وہ بے توجہی یا بے ادبی کا مظاہرہ کریں تو محفل کا نور مدھم پڑ جاتا ہے۔ نعت کے دوران خاموشی اور خشوع ہو، ہر شعر یا جملے کے بعد اضافی شور و غل نہ ہو بلکہ نعت سن کر قلب و جگر میں سوز پیدا ہو۔۔۔۔۔ 


مجلس برخاست ہوتے وقت نزاکت کا احساس رکھتے ہوئے ادب کے ساتھ اِختتام کریں ۔۔۔ 


منتظمین ۔۔۔ نگہبان محفل، ان کی ذمہ داری ہے کہ نعت گو، نعت خواں اور سامعین سب ادب اور خشوع کے دائرے میں رہیں۔ نعت گو اور نعت خواں کے انتخاب میں علم و کردار کا معیار مدنظر رکھیں۔ محفل کے دوران شعائر اسلام کی پاسداری ہو۔ نعت کو نمائش، شور و غل کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔


مجلس کے تمام انتظامات میں نزاکت اور وقار کا خیال رہے۔


سعدی شیرازی رحمہ اللہ  کا یہ شعر ادب کے اس نازک مقام کو پیش کرتا ہے ۔۔۔ 


ہزار بار بشویم دہن زِ مشک و گلاب

ہنوز نامِ تو گفتن کمالِ بے ادبیست


ترجمہ۔۔۔۔  ہزار بار منہ مشک و گلاب سے دھو لوں، تب بھی آپ ﷺ کا نام لینا میرے لیے بے ادبی کے خوف سے لرزاں ہے۔


شیخ سعدی رحمہ اللہ، ہی کے ایک اور شعر کا مفہوم ہے کہ ۔۔۔۔۔۔ 


ان کے ارشاد دل و جاں سے مقدم رکھنا

ان کی سیرت پہ سدا سر کو جھکائے رکھنا


(یعنی ان ﷺ کی تعلیمات اور سیرت کو دل و جاں سے مقدم رکھنا اور ہمیشہ ادب کے ساتھ سر جھکائے رکھنا)


علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے یہ اشعار اس مقام پر دل کی گہرائیوں سے ترجمانی کرتے ہیں۔


تو غنی از ہر دو عالم من فقیر

روز محشر عذر ہائے من پذیر

یا اگر بینی حسابم ناگزیر

از نگاہ مصطفےٰ پنہا بگیر


( اے ذات پاک، تو دونوں جہاں سے بے نیاز ہے اور میں فقیر ہوں۔ محشر کے دن میرے عذر قبول فرما اور اگر حساب لینا لازم ہو تو میرے محبوب ﷺ کی نگاہوں سے اسے پوشیدہ رکھ۔


ادب نعت ہمیں دل و جگر، چشم نم، سوز قلب، شمع فروزاں اور سیرت طیبہ کے محاسن کے ساتھ محفل میں لے آتا ہے۔ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ نعت گو، نعت خواں، سامع اور منتظمین سب اپنی اپنی جگہ اخلاص، ادب، خشوع اور عشق مصطفیٰ ﷺ کے ساتھ محفل میں شریک ہوں۔ محفل نعت کے دوران شعائر اسلام کی پاسداری نزاکت کا احساس، مجلس برخاست میں وقار  ہر قدم ساتھ لے کر چلیں۔۔۔۔۔۔۔


نعت گو اور نعت خواں اپنے کلام میں اوصاف حمیدہ اور حسن خلق و سیرت کے مظاہر پیش کریں۔


سامعین نیت نیک کے ساتھ سنیں اور اپنے دل میں چشم نم، سوز قلب پیدا ہونے دیں۔ 


اگر یہ چار ستون ادب و وقار کے ساتھ قائم رہیں تو محفل نعت صرف ایک اجتماع نہیں، بلکہ ایک نورانی مجلس، روحانی درس گاہ اور عشق مصطفی ﷺ کی بارگاہ مدحت و ثناء بن جائے۔


اختر شیخ

۱۹ نومبر ۲۰۲۵

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ