عقیدہ ۔۔ روشنی یا دھواں؟
عقیدہ ۔۔ روشنی یا دھواں؟
عقیدہ … انسان کے باطن کا وہ چراغ ہے جو اگر علم، فہم اور برداشت کے تیل سے جلتا رہے تو نہ صرف اپنے گرد روشنی پھیلاتا ہے بلکہ دوسروں کے راستے بھی منور کر دیتا ہے۔ مگر جب اسی چراغ کا تیل جہالت، تقلید محض اور تنگ نظری سے نکالا جائے تو وہ روشنی نہیں دیتا، دھواں دیتا ہے، ایسا دھواں جو آنکھوں کو چبھتا ہے، دلوں کو جلاتا ہے اور انسانیت کے آسمان کو سیاہ کر دیتا ہے۔
یہ کہنا بجا ہے کہ عقیدہ جتنا باشعور ہو، رویہ اتنا ہی مہذب اور پرامن ہوتا ہے۔
کیونکہ شعور عقیدے کو توازن عطا کرتا ہے، شعور انسان کو یہ سکھاتا ہے کہ اختلاف دشمنی نہیں بلکہ تنوع ہے۔ شعور یہ سمجھاتا ہے کہ دین کی اصل روح محبت، عدل اور خیرخواہی ہے نہ کہ نفرت، تعصب اور تفرقہ
اسی فکری نکتے کو مجروحؔ سلطانپوری نے ایک لازوال شعر میں یوں سمو دیا ہے۔
رہ گئے سبحہ و زنار کے جھگڑے باقی
دھرم ہندو میں نہیں، دین مسلماں میں نہیں
یہ شعر بتاتا ہے کہ جب عقیدہ محض شناخت بن جائے اور روحانیت سے خالی ہو جائے، تو انسان فرقوں میں بٹ جاتا ہے، مگر جب عقیدہ دل کی زمین پر اگتا ہے، تو وہ انسانوں کو جوڑتا ہے، تقسیم نہیں۔
جب عقیدہ علم سے محروم ہوتا ہے تو وہ صرف نعرہ بن جاتا ہے۔ اور نعرے اکثر عقل کے نہیں، جذبات کے اسیر ہوتے ہیں۔ ایسے میں انسان اپنے عقیدے کا دفاع نہیں کرتا، اپنی ضد کا مظاہرہ کرتا ہے۔ یہی وہ لمحہ ہے جہاں عبادت تعصب میں ڈھل جاتی ہے اور یقین تکبر کا لبادہ اوڑھ لیتا ہے۔
کیا خوب کسی نے کہا ہے کہ۔۔۔۔۔۔
(جتنا شعور ہوگا، رویہ اتنا ہی پرامن ہوگا)-
یہ محض ایک جملہ نہیں بلکہ صدیوں کی انسانی تاریخ کا نچوڑ ہے۔ چاہے وہ مذہبی عقائد ہوں، سیاسی نظریات یا فکری مکاتب، جہاں علم، برداشت اور مکالمے کی فضا قائم رہی، وہاں تہذیب نے جنم لیا۔
اور جہاں جہالت نے عقیدے کا لبادہ اوڑھا، وہاں جنگ، ظلم اور نفرت نے ڈیرے ڈال دیے۔
اسی احساس کو قیصر شمیم نے کتنی سادگی سے عشق کے مذہب میں سمو دیا ۔۔
میرا مذہب عشق کا مذہب، جس میں کوئی تفریق نہیں
میرے حلقے میں آتے ہیں تلسی بھی اور جامی بھی
یہ شعر اس بات کا آئینہ ہے کہ محبت ہر عقیدے سے بڑی حقیقت ہے۔
محبت وہ رشتہ ہے جو نہ مذہب پوچھتا ہے، نہ زبان، وہ صرف دل پہ اثر کرتا ہے۔
اسی لیے مجروح کا یہ کہنا کسی الہامی صداقت سے کم نہیں لگتا ۔
مجھ سے کہا جبریل جنوں نے، یہ بھی وحی الہی ہے
مذہب تو بس مذہب دل ہے، باقی سب گمراہی ہے
انسان کی اصل پہچان اس کے عقیدے سے زیادہ اس کے رویے میں چھپی ہے۔
نرم لہجہ، دوسروں کے لیے احترام، اختلاف میں شائستگی، یہ سب باشعور عقیدے کی علامتیں ہیں۔
عقیدہ اگر انسان کو انسانیت سے جوڑ دے، تو وہ ایمان ہے۔
اور اگر وہ انسان کو انسان سے جدا کر دے، تو وہ محض تعصب ہے۔
ہمیں اپنے عقیدے کو اس درجہ پر لے جانا ہے جہاں وہ دلوں کو جوڑے، نہ کہ بانٹے۔
جہاں محبت کا پیغام ہو، نفرت کا نہیں۔
جہاں مسکراہٹ دلیل بنے، غصہ نہیں۔
کیونکہ جو عقیدہ علم اور شعور سے آراستہ ہو، وہ ہمیشہ پرامن، مہذب اور روشن رہتا ہے ۔ جیسے جلتا ہوا چراغ جو روشنی بھی دیتا ہے اور حرارت بھی۔
جہالت جب عقیدہ بن جائے تو رویے جلاد بن جاتے ہیں،
اور علم جب ایمان میں بدل جائے تو انسان فرشتہ ہو جاتا ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment