لسانیت کے سائے میں جامعہ کراچی، ایک شہر لاوارث کی داستان


 لسانیت کے سائے میں جامعہ کراچی، ایک شہر کی محرومی کی داستان۔۔۔ 



منگل 18 نومبر 2025 کو سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے جامعہ کراچی کی داخلہ پالیسی کے خلاف جو حکم جاری کیا ہے وہ محض ایک انتظامی فیصلہ نہیں بلکہ کراچی کے نوجوانوں کے تعلیمی مستقبل پر ایک اور کاری ضرب ہے۔ اس کمیٹی کی سربراہی نثار کھوڑو کر رہے ہیں جن کا کراچی سے تعلق وہی ہے جو پیپلز پارٹی کا ۔۔۔ اقتدار میں حصہ تو بہت مگر شہر کی اصل روح سے بے گانگی اتنی ہی گہری۔ ان کے بقول چونکہ جامعہ کراچی سندھ میں واقع ہے اس لیے داخلے کی پہلی بنیاد سندھ ڈومیسائل ہونی چاہیے گویا کراچی کو سندھ کا حصہ تسلیم کرنے کے بجائے اسے سندھ سے الگ کوئی خطہ سمجھا جا رہا ہو۔


یہ وہی جامعہ کراچی ہے جہاں 1990 کی جدوجہد حقوق کے نتیجے میں (کے ایس پی) پالیسی نافذ کی گئی تھی۔ ایک شفاف اصول کہ پہلے کراچی کے ڈومیسائل والے طلبہ کو موقع ملے گا پھر سندھ کے دیگر اضلاع کو اور آخر میں پاکستان بھر کے لیے نشستیں کھلیں گی۔ یہ پالیسی کراچی کی محرومی کا جواب تھی وہ محرومی جو اب پھر ایک نئی شکل میں ہمارے سامنے کھڑی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ کراچی کے ڈومیسائل پر داخل ہونے والے طلبہ میں آدھے سے زیادہ غیر کراچی ہوتے ہیں، مگر اس کے باوجود لسانیت کے خود ساختہ پاسبان کراچی کی دہلیز پر ڈومیسائل کا پہرہ بٹھانے پر مصر ہیں۔


تعجب خیز بات یہ ہے کہ سندھ کے وسائل ملازمتوں اور سرکاری محکموں کی تقسیم میں تو کوٹا سسٹم فولادی دیوار کی طرح نافذ ہے

شہری سندھ الگ جسے اس وقت سندھ میں سمجھا ہی نہیں جاتا،  دیہی سندھ الگ۔ یہاں تک کہ بلدیاتی اداروں میں ملازمتیں بھی سندھ کے ڈومیسائل پر تقسیم کی جاتی ہیں۔ مگر جب کراچی کو اس کے حصے کا حق دینا ہو، تو یہی کوٹہ سسٹم اچانک غیر منصفانہ قرار پانے لگتا ہے۔ جیسے کراچی کے نوجوانوں کے خواب اس دھرتی پر کسی کے عطیہ پر قائم ہوں۔


پیپلز پارٹی کی نظریں اب اس شہر کے آخری بڑے تعلیمی قلعے پر ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ جامعہ کراچی بھی سندھ یونیورسٹی کی ایک اور شاخ بن جائے، جہاں سندھ کا ڈومیسائل ہی فیصلہ کن ہو۔ یہ سیاسی خواہش نہیں بلکہ لسانیت کا وہ خنجر ہے جو کراچی کے سینے میں ایک بار پھر اتارا جا رہا ہے اور تاریخ بتاتی ہے کہ کراچی کے حقوق کی پہلی چنگاری بھی جامعہ کراچی ہی سے اٹھی تھی۔ وہ چنگاری ایک نسل کو بدل گئی تھی اور اب لگتا ہے کہ تاریخ خود کو دہرانے کی تیاری کر رہی ہے۔


وفاقی حکومت کے لیے یہ محض ایک جامعاتی تنازعہ نہیں بلکہ قومی سلامتی اور سماجی ہم آہنگی کا مسئلہ ہے کراچی پورے ملک کی معاشی شہ رگ ہے۔ یہاں کے نوجوان محض ایک شہر کے شہری نہیں بلکہ پاکستان کی فکری اور تخلیقی قوت کا مرکز ہیں۔ ان کے ساتھ تعصب روا رکھ کر کسی کو کیا فائدہ ہو سکتا ہے؟ اور اگر یہ زخم گہرے ہوئے تو نقصان کس کا ہوگا؟


ضرورت اس بات کی ہے کہ 35 برس سے جاری (کے ایس

پی) پالیسی کو برقرار رکھا جائے۔ یہ کراچی کے جائز حق کا مسئلہ ہے اور سندھ و پاکستان کی وحدت کا بھی۔ کراچی کی محرومی کو بڑھایا گیا تو اس کے اثرات صرف ایک شہر تک محدود نہیں رہیں گے۔ بہتر یہی ہے کہ انصاف کو بنیاد بنایا جائے، لسانیت کو نہیں۔ جامعہ کراچی کو اس کا حق دیا جائے اور اس شہر کے بچوں کو ان کے ہی گھر میں غریب الوطن نہ بنایا جائے۔


اگر یہ آواز آج نہ اٹھی تو کل بہت دیر ہو جائے گی۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ