فارسی کے متروک مگر زندہ محاورے
فارسی کے ان گم گشتہ محاوروں کی سرگزشت سنائیے تو دل خیال کے ایک ایوان قدیم میں کھڑا ہو جائے جہاں زمانہ کی گرد نے ہزاروں سال کے نقوش چھپا دیے، مگر ہوا کے جھونکے اب بھی ان کی خوشبو سے معطر ہیں۔ یہ محاورے کبھی تہذیب کے دھڑکتے دل تھے، اب وہ کتابوں کے اوراق میں سوئے ہوئے لعل ہیں جو بولتے تو نہیں، مگر سننے والے کے کانوں میں اپنی داستان گنگنا جاتے ہیں۔
خطاے بزرگان گرفتن خطاست
کا جملہ تو گویا تہذیب کے آداب سکھاتا ہے۔ اس میں وہ حکمت پنہاں ہے کہ بزرگوں کی لغزشوں کو چشم پوشی کے گلابوں سے ڈھانپ دینا ہی درحقیقت انسان کی اپنی شریف النفسي کی دلیل ہے۔ آج کے اس عہد بے اعتباری میں یہ محاورہ تہذیب کے اس گم شدہ روئیے کی یاد دلاتا ہے جب رشتوں کی لڑیں الفاظ کے موتیوں سے پروئی جاتی تھیں۔
پدرم سلطان بود، تُرا چہ؟
کے طنز میں تو وہ کسک ہے جو نسلوں سے تکبر کے بتوں کو پاش پاش کرتی آئی ہے۔ یہ جملہ اس صدیوں پرانے حقیقت نگاری کا ترجمان ہے کہ انسان کی قدر اس کے اپنے کردار سے ہے، نہ کہ اس کے آباء کے کارناموں سے۔
من ترا حاجی بگویم، تو مرا ملا بگو
کی معصومانہ چالاکی دیکھیے یہ باہمی ادب کا وہ غیر مرئی تاج ہے جو دو دلوں پر یکساں رکھا جاتا ہے۔ اس کے برعکس
من آنم کہ من دانم
میں اپنی ذات کے اعتراف کی وہ شان ہے جو بظاہر انکساری ہے مگر درحقیقت خودشناسی کا اعلی ترین درجہ۔
زندگی کی تلخیوں کو کس خوبصورتی سے فارسی نے سمیٹا۔
آواز سگاں کم نہ کند رزق گدا را
تو گویا زمانے بھر کی حقارت اور تنقید کے آگے صبر کی دیوار بن کر کھڑا ہو جاتا ہے۔ یہ محاورہ آج بھی ہر اس دل کو تقویت دیتا ہے جو دنیا کی بے جا تنقید سے کھینچتا ہوا ہے۔
دروغ گورا حافظہ نباشد
کی صداقت تو ہر عہد میں سچ ثابت ہوئی۔ جھوٹ کو یاد رکھنے کے لیے حافظہ چاہیے، سچ تو خود اپنا راستہ بنا لیتا ہے۔ یہ محاورہ اخلاقیات کا وہ آئینہ ہے جو ہر دور کے انسان کو اپنا عکس دکھا سکتا ہے۔
گویم مشکل، وگرنہ گویم مشکل
تو انسانی دل کی اس کیفیّت کا عکاس ہے جسے ہم آج بھی اپنے اندر محسوس کرتے ہیں۔ کہیں چپ رہو تو دل پر بوجھ، کہو تو زبان پر۔ یہ زندگی کے اس دو دھاری تلوار کی مانند ہے جس سے ہر صاحبِ دل نبرد آزما رہا ہے۔
فارسی گفتگو کی شائستگی کا اندازہ
آمدم بہ سر مطلب
سے ہوتا ہے۔ یہ محض ایک جملہ نہیں، بلکہ گفتگو کے آداب کا وہ حسین پیرایہ ہے جس میں سامع سے اجازت لے کر مقصد بیان کرنے کی تہذیب پنہاں ہے۔
ہر کہ آمد، عمارت نو ساخت۔
میں تو فکر انسانی کی وسعتوں کا نقشہ ہے۔ ہر نئی آنے والی نفسیات اپنا ایک جداگانہ قلعہ تعمیر کرتی ہے، اور یہی تو معاشرے کی ترقی کا راز ہے۔
اور آخر میں نشستند و گفتند و برخاستند
یہ تین فعل مل کر ایک ایسی مکمل داستان بیان کرتے ہیں جس میں بے ثمر مجالس، بے نتیجہ گفتگو اور بے مقصد ملاقاتیں سمٹ آتی ہیں۔ یہ محاورہ اپنی سادگی میں بھی ایک عالم کو سمیٹے ہوئے ہے۔
یہ تمام محاورے اگرچہ روزمرہ کی زبان سے رخصت ہو چکے ہیں، مگر ان کی روح آج بھی فارسی ادب کے حرم میں زندہ ہے۔ یہ محض الفاظ کا مجموعہ نہیں، بلکہ تہذیب کے وہ ابدی نشان ہیں جو وقت کی زد پر بھی قائم ہیں۔ جب ہم انہیں پڑھتے ہیں تو محسوس ہوتا ہے جیسے تاریخ کے دریچے کھل جاتے ہیں ۔ الفاظ خاموش ہیں مگر ان کی گونج صدیوں تک سنائی دے گی۔
خدا کرے کہ یہ گہرے پانیوں کے موتی کبھی فراموشی کے گہرے سمندر میں گم نہ ہوں۔
اختر شیخ

ٹک ٹک دیدم دم نہ کشیدم
ReplyDeleteکچھ اس کی وضاحت فرما دیں
ٹک ٹک دیدم،
ReplyDeleteمیں نے ٹک ٹک کر کے دیکھا (یعنی غور سے، حیرت سے، یا مسلسل گھورنا )
دم نہ کشیدم۔
میں نے سانس نہ لیا (یعنی کوئی بات نہ کی یا کوئی رد عمل ظاہر نہ کیا خاموش رہا)
مثلا
جب کوئی بہت حیران کن یا ناقابل یقین منظر دیکھتا ہے، تو وہ بول نہیں پاتا اس کیفیت کو بیان کرنے کے لیے یہ محاورہ استعمال ہوتا ہے، جیسے ۔۔ "جب میں نے اس unbelievable منظر کو دیکھا،
تو بس ٹک ٹک دیدم دم نہ کشیدم۔
یہ محاورہ فارسی سے اردو میں آیا ہے اور اردو شاعری و محاورے میں خوب استعمال ہوتا ہے.
سہیل بھائی، انتہائی معذرت کے ساتھ آپ کا کمنٹ اج ابھی دیکھا ۔