محترم ڈاکٹر شاہد ناصر کی تحریر کا جواب


 https://www.facebook.com/share/p/17af71Acie/


محترم ڈاکٹر شاہد ناصر کی تحریر (سمے وار) قلب کراچی کے نہ سنے گئے نوحوں کو الفاظ کا پیرہن عطا کرتی ہے۔ مقبوضہ کراچی میں ہر چیز پر باقاعدہ منصوبہ بندی اور خاموشی سے قبضہ ہوتا چلا گیا ہے اور انتہائی درد ناک پہلو یہ ہے کہ شہر کے اصل وارث خود اس بات سے آگاہ نہیں کہ ان کے پریس کلب، وکلا بار، چیمبر آف کامرس سے لے کر آرٹس کونسل تک پر بدترین غیر مقامی قبضہ ہو چکا ہے۔ احمد شاہ کی فن کاری کے نتیجے میں آرٹس کونسل میں ایک مخصوص ثقافتی دھارے کا غلبہ نظر آتا ہے، جبکہ کراچی والے سرمایہ داری کے پرزے بن کر رہ گئے ہیں اور انہیں احساس تک نہیں کہ ان کی سیاسی نمائندگی کی لاش اب تعفن زا ہو چکی ہے۔


تازہ احوال یہ ہے کہ عالمی ثقافتی میلے کے نام پر ساری دنیا کی ثقافت کو تو نچوایا اور دکھایا گیا، مگر جس شہر میں یہ آرٹس کونسل قائم ہے اس شہر کی ثقافت کے لیے اس کا خانہ خالی رہا اور شہر میں کوئی غیرت مند باقی نہیں جو اس پر سوال اٹھا سکے۔ احمد شاہ نے پاکستان کی ہر ثقافت کو تو دکھایا صوبائی ثقافتوں کا ڈھنڈورا پیٹا مگر اس شہر کراچی کی ثقافت کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا۔ شہر کی سیاست ختم کر دی گئی ہے اور غیر مقامی تسلط اتنا بڑھ گیا ہے کہ ان کے قبضہ کردہ اداروں سے مہاجر ثقافت کا نام ونشان مٹتا جا رہا ہے۔ اب نہ کوئی محسن بھوپالی زندہ ہے نہ عارف شفیق نہ رئیس امروہوی جو اس شہر کا نوحہ لکھ سکیں۔


احمد شاہ خوش نصیب ہیں کہ ان کے لیے ایک مفتوحہ شہر جھولی میں ڈال دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس شہر کی آواز بننے کے بجائے اپنی لسانی و سیاسی تعصبات کو آگے بڑھایا انہیں سندھی، پنجابی، بلوچ، پشتو اور یہاں تک کہ یوگنڈا کے کلچر تو دکھانے ہیں مگر اس شہر کے کلچر کے لیے اسٹیج پر کوئی جگہ نہیں ہے۔ کاش ایسے لوگ ملتے جو تعمیری تنقید کرتے، کیونکہ نکتہ چینی کا مقصد صرف اور صرف اصلاح ہوتا ہے۔ مقصد یہ ہوتا ہے کہ ہر قوم کی طرح مہاجر قوم کو بھی کھل کر برابر کی نمائندگی ملے اور انہیں یہ احساس نہ ہو کہ ان کے شہر کی آرٹس کونسل بھی اب کسی غیر کے پاس ہے۔ شہر نے احمد شاہ کو تو مان لیا مگر احمد شاہ شہر والوں کے دل کی آواز کیوں نہیں بن رہے؟ 

یہ جذبات کی رو میں بہہ کر کہا گیا نوحہ ہے، خدا کرے کوئی اس کی آواز سنے اور شہر کے چہرے سے اجنبیت کے غبار کو صاف کرے


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ