کراچی کے دکھ اور ارباب نظم کی مسکراہٹ بے نیازی
کراچی کے دکھ اور ارباب نظم کی مسکراہٹ بے نیازی
یہ بھی زمانے نے کیا دن دکھائے کہ اہل کراچی اپنے ہی شہر میں اس درجہ بے اعتنائی کے مستوجب ٹھہرتے ہیں۔ سوئی گیس والوں کو نہ جانے کس ساعت میں یہ خیال سجا کہ تین روز سے شام چھ بجنے کی دیر ہے اور گیس کی سرکار یک قلم غائب۔ گزشتہ شب ہم نے ان کی ہیلپ لائن پر ایک صاحب موصوف سے عرض حال کیا تو بڑی فراغ دلی سے ارشاد فرمایا کہ حضور والا، ہماری جانب سے تو کوئی تعطل نہیں ہے۔ یہ تو محض آپ کے گھر کی داخلی الجھن ہے۔ ہم نے بھی مناسب جانا
کہ محلہ والوں سے دریافت احوال کیا جائے۔ سو معلوم ہوا کہ حضرت، یہ تو وہ درد ہے جو گھر گھر مشترک ہے بلکہ شہر کے متعدد اطراف سے یہی نالہ و فریاد سننے میں آتی ہے کہ گیس کی دولت اب اس چمن میں نایاب شے ہو چلی ہے۔ آج اس پر مزید یہ کرم کہ ابھی چار کا گھنٹہ بھی پورا نہ بجا تھا کہ کے۔الیکٹرک نے بھی اپنے مروجہ طور طریقوں کے مطابق اہل محلہ کے صبر کے پیمانے کو آزمانا شروع کر دیا۔ بجلی ہو تو گیس کا نام نہیں، گیس ہو تو بجلی کا پتہ نہیں اور اس پر مستزاد وہ حضرات جنہوں نے کبھی کراچی کی خدمت کو اپنا شعار بتایا تھا۔ سب کے سب اس ابتری پر خاموشی کا ایسا روزہ رکھے ہیں کہ گویا شہر نہیں، کوئی انجان قافلہ ہو جس سے انہیں کوئی سروکار نہیں۔
کیا مجال کہ کسی گوشے سے کوئی آہ سرد ہی بلند ہو، البتہ جس دن عام خلق خدا کا احتجاج ذرا بلند ہوگا، اس روز حسب روایت ایک رسمی سا اخباری بیان جاری کر کے پھر وہی سکوت جسم و جاں طاری کر لیا جائے گا اور شہر نادار کراچی اپنے حال پر تڑپتا رہ جائے گا۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment