گلشن اقبال کا المیہ اور کراچی کے افق پر نیا سایۂ خوف
گلشن اقبال کا المیہ اور کراچی کے افق پر نیا سایۂ خوف
کراچی کو تو حوادث زمانہ سے دائمی مناسبت رہی ہے لیکن گلشن اقبال کے قطعات ارضی میں جو قضیہ پیش آیا اس نے شہر بے مہر کے دامن پر جو داغ ثبت کیا ہے، وہ محض عبوری زخم نہیں، بلکہ دائمی کرب کی حیثیت رکھتا ہے۔ چالیس برس سے ایک خاکۂ مسکن میں سانس لیتا ہوا خاندان یکایک اس صبح اس طرح بیدار ہوا گویا شہر کے کسی قانون نے نہیں، بلکہ وقت کے کسی قابضۂ استبداد نے دروازہ پر طبل اجارہ بجایا ہو۔ پولیس کے ہمراہ آنے والے یہ مسلح افراد شاید یہ سمجھ بیٹھے تھے کہ یہ کوئی گھر نہیں بلکہ محکمے کی کوئی گمشدہ کاغذات ہے جسے دفتر سے برآمد کر کے نیا غلاف چڑھا دینا ہے۔
اپنے اپنے دائرے میں دیکھ لو
حسب طاقت ہر کوئی فرعون ہے
(عابی مکھنوی)
نوائے دلکش یہ کہ فائرنگ بھی ہوئی،
اور پولیس بھی برموقع موجود رہی، دونوں واقعات اس ترتیب سے رونما ہوئے گویا یہ شہر انہی اصولوں پر کاربند ہے جو شادی کے میلے میں ڈھولکی والے مقرر کرتے ہیں۔ دھوم بھی ہماری اور خاموشی بھی ہماری۔
مقصود یہ کہ یہ قبضہ مافیا کوئی نیا عنصر نہیں لیکن جو تازہ تماشا برپا ہوا ہے، وہ حد درجہ بے باکی پر مبنی ہے۔ ازاں وقت کہ شہر کی میئر شپ پیپلز پارٹی کے زیر قبضہ آئی ہے، اہل کراچی حیرت زدہ ہیں کہ کہیں بلدیہ کے فیصلوں کے ساتھ ساتھ اب گھروں کے دروازوں پر بھی مہر سرکار کا سایہ تو نہیں پڑنے والا۔ یوں محسوس ہونے لگا ہے کہ گویا کراچی پر اقتدار کی گرفت کافی نہ تھی، اب شاید گھروں پر قبضے کا عملی باب بھی کھل چکا ہے۔ گلشن اقبال کا یہ سانحہ اسی نئے دور کا پہلا ورق معلوم ہوتا ہے۔
اہل خانہ کا بیان ہے کہ وہ چار عشروں سے اس مکان میں مقیم ہیں۔ اہل محلہ شاہد ہیں، اور جائیداد کے کاغذات اس امر کی شہادت کہ یہ مسکن انہی کا ہے۔ لیکن موجودہ دور میں کاغذات سے زیادہ طاقت ان ہاتھوں میں ہے جو اسناد کو پامال کرنے کی جسارت رکھتے ہیں۔۔۔۔۔
جعلی احکام، جعلی دعوے اور جعلی کردار، سب حقیقت سے زیادہ مضبوط دکھائی دینے لگے ہیں۔ وکلاء کا کردار تو غیرت قانون کا الگ باب ہے۔ کالے کوٹ والوں نے اس واقعے میں جو حصہ ڈالا، اس پر قانون خود شرما جائے تو تعجب نہیں۔
کون اس دیس میں دے گا ہمیں انصاف کی بھیک
جس میں خونخوار درندوں کی شہنشاہی ہے
جس میں غلے کے نگہباں ہیں وہ گیدڑ جن سے
قحط و افلاس کے بھوتوں نے اماں چاہی ہے
(قتیل شفائی)
لیکن کراچی میں اصل کمال تو پولیس ہی دکھاتی ہے۔ پولیس وہ ادارہ ہے جو ظلم کے آگے دیوار بھی بن سکتا ہے اور ظلم کو دیوار پھلانگنے کا راستہ بھی دے سکتی ہے۔ اس مکان کے سامنے کھڑی پولیس نے جو منظر دیکھا، اسے روکنے کے بجائے شاید دفتری کارروائی میں درج کرنے کے لائق بھی نہ سمجھا۔ قیاس ہے کہ آئندہ روز کسی منشی نے دفتر میں ملفوف کھول کر تحریر کیا ہو، واقعہ حسب معمول گزرا۔
اسی ہنگامہ میں شام تک ایک اور منظر بھی ابھرا۔۔۔
جماعت اسلامی کی آمد کا۔ اس جماعت نے ہمیشہ کی طرح یہاں بھی وہی کیا جو اس کی فطرت میں شامل ہے: مظلوم کے دروازے پر حائل ہونا اور ظالم کے سامنے سپر بن جانا۔ ایک مختصر پریس کانفرنس تھی، لیکن اس میں جو اعتماد جو جرأت اور جو واضح موقف تھا، اس نے اہل محلہ کے حوصلے بحال کیے اور قبضہ گروں کے دلوں میں رعب کی پہلی لکیر بھی کھینچ دی۔۔۔۔۔
اگر جماعتِ اسلامی بروقت نہ پہنچتی تو شاید قبضے کا کھیل کہیں زیادہ قانونی دکھائی دیتا اور اہل خانہ کی صدائے حق شور میں گم ہو جاتی۔
کالم نگاروں کی محفل میں ایک لطیفہ مشہور ہے کہ کراچی کا قانون اسی وقت بیدار ہوتا ہے جب کسی صاحب اقتدار کی نیند خراب ہو جائے۔ گلشن کے اس واقعے میں بھی قانون نے بیداری کا التزام تو کیا، لیکن تاخیر سے۔ اب سوال یہ ہے کہ اس بیداری کا تسلسل برقرار رہے گا یا نہیں۔
اہل کراچی برسوں سے مظالم برداشت کرتے آئے ہیں، کبھی آب رسانی کے بہانے، کبھی بلدیہ کے نام پر، کبھی محصولات کی لامتناہی فہرستیں تھما کر، لیکن اب اگر ان کے گھروں پر بھی نظر بد پڑنے لگی، تو پھر یہ شہر شاید کسی نئے دور کے ظلمت کدے میں داخل ہونے والا ہے۔ یہاں گھر کا مالک ہونا گویا جرم بنتا جا رہا ہے اور اپنے حق پر ڈٹ جانا جسارت قرار پاتا ہے۔
جتنے حرام خور تھے قرب و جوار میں
پردھان بن کے آگئے اگلی قطار میں
(عدم گوندوی)
اس واقعے نے شہر والوں کے دلوں میں ایک خاموش خوف ضرور پیدا کیا ہے کہ آج گلشن اقبال ہے کل کوئی اور محلہ ہوگا۔ مگر یہ خوف ذلت قبول کرنے والا نہیں، بلکہ مزاحمت کے لیے للکار پیدا کرنے والا شہر ہے۔
کیونکہ کراچی وہ شہر ہے جو ہر ظلم کے آگے سینہ تان کر کھڑا ہوا ہے۔ جس کی گلیوں میں صرف پانی نہیں، مزاحمت کا لہو دوڑتا ہے۔ جس کے باسیوں نے کبھی جھک کر نہیں، ڈٹ کر جواب دیا ہے۔
قبضے کا یہ نیا کھیل اگر نہ رکا تو کراچی والے اپنے گھروں کے دروازوں پر مہرِ سرکار ہو یا مہر مافیا۔۔۔
دونوں کو للکاریں گے انہیں للکار کر ہی سکون کی سانس لیں گے۔
یہاں ہر بند دروازہ کوئی حکم سننے والا نہیں،
یہاں ہر دیوار میں دہکتا ہوا احتجاج ہے
یہ شہر جھکنا جانتا ہی نہیں
یہاں ہر مہر کو توڑنے کا حوصلہ
خون میں رچا بسا ہوا ہے
یہ شہر بہت کچھ جھیل چکا ہے، لیکن گھروں کا عدم تحفظ اس کی روح کو کچل دے گا۔ کراچی اس مقام پر کھڑا ہے جہاں سوال یہ نہیں کہ قبضہ کیسے ہوا، سوال یہ ہے کہ قبضہ ہونے کیوں دیا گیا؟
بہرحال، امید یہی ہے کہ عدالت کی ہدایت عوامی آواز اور جماعتِ اسلامی جیسے کرداروں کی بروقت موجودگی مل کر اس ظلم کو روکیں گے۔ ورنہ پھر کراچی کے گھروں کے دروازے نہیں بلکہ خود کراچی کی روح چوک میں نیلام ہونے لگے گی۔
اختر شیخ
نومبر ۲۹. ۲۰۲۵

صحیح بات کی ہے کراچی کے شہریوں میں خاموش خوف کا اپ نے ذکر کیا ہے جس نے بھی یہ خبر پڑھی اور سنی ہوگی اور وہ صاحب جاداد ہے کراچی میں اسے ضرور یہ فکر لاحق ہوئی ہوگی کہ کل یہ واقعہ میرے ساتھ بھی ہو سکتا ہے لیکن دیکھنے کی بات یہ ہے کہ اس مکان پہ ہی کیوں نظر ڈالی گئی اس میں ایسی کیا خاص بات تھی یا اس کے پیچھے کوئی اور حقیقت چھپی ہوئی ہے
ReplyDelete