کراچی کا نیا دستور ۔۔ رزق حلال ہے بشرط اسپیکر
آہ، ذرا ٹھہر کر غور فرمائیے اس صوتی ابتری پر جو کراچی کی گلی کوچوں میں یوں مسلط ہے جیسے کسی فاتح بے رحم نے مستقل پڑاؤ ڈال دیا ہو۔ پنجاب پولیس کی جانب سے مائیک اور اسپیکر کے خلاف شروع کی گئی مہم کی خبر نے تو گویا زخم کہنہ کو پھر سے تازہ کر دیا۔ دل بے ساختہ یہ دعا مانگ اٹھا کہ کاش سندھ پولیس کے اہلکاروں کو بھی وہی خیال نیک پیدا ہو جو ان کے پنجاب کے ہم منصبوں کو سوجھا ہے۔
کراچی، جو کبھی ’شہر قائد‘ کہلانے پر فخر کرتا تھا آج ’شہر شور‘ کے نام سے زیادہ مانوس ہے۔ یہاں کی گلیاں گویا گلیاں نہیں رہیں بلکہ ایک مسلسل سمعی میدان کارزار ہیں، جہاں ہر سمت سے اعلان جنگ جیسی صدائیں ابلتی ہیں۔
کہیں اسٹیل کے برتنوں والا پکار رہا ہے کہیں پرانے سامان والے کی للکار کہیں جھاڑو فروش کا نعرہ کہیں سبزی فروش کی الو، لوکی اور ٹماٹر سے مزین آوازیں، اور ان سب پر مستزاد وہ آئس کریم فروش جس کا اسپیکر رات گئے ایک بجے بھی موسیقی کا محاذ گرم رکھتا ہے۔
یوں لگتا ہے اس شہر نے خاموشی کو جلاوطن کر رکھا ہے۔
یہ سوال بھی کتنا تلخ مگر برمحل ہے کہ چار پانچ برس قبل کیا یہی تمام چیزیں بغیر مائیک، اسپیکر کے فروخت نہیں ہوتیں تھیں؟
کیا آج کے یہ فروخت کنندگان کوئی آسمانی مخلوق ہو گئے ہیں کہ آواز لگا کر بیچنا ان کے لئے ممکن نہیں رہا؟
آخر بازار تو پہلے بھی آباد تھے، صدائیں بھی تھیں، مگر شورش کا یہ سمندر نہ تھا۔
کیا یہی تہذیب و شائستگی تھی جس کے لیے ہم نے بستیاں آباد کی تھیں؟
بزرگوں کی آرام، مریضوں کی اذیت، طلبہ کے مطالعے کے اوقات، سب اس سمعی یلغار کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔
اور ستم بالائے ستم یہ کہ جب آپ نرمی سے عرض کریں کہ
،،حضور، ذرا آواز آہستہ کر لیں ۔۔۔
تو جواب میں ایک ہی تیر آتا ہے کہ
یہ ہمارا (ہماری نہیں) روزی ہے ۔
گویا شور کی شدت ہی رزق میں برکت کی دلیل ہے اور شہری سکون ان کے پیشے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ....
کیا روزی کا حلال ہونا صرف آواز کے ہنگامے سے طے ہوتا ہے؟
یا اس کے طریقۂ حصول کی شرافت بھی کوئی معنی رکھتی ہے؟
کاش کوئی قانون کوئی ادارہ کوئی زندہ ضمیر ایسا ہوتا جو مائیک کی جگہ زبان اور شور کی جگہ شائستگی سے کام لینے کا سبق دیتا۔
خدا کرے کہ اہل کراچی وہ دن جلد دیکھیں جب سندھ پولیس بھی ان صوتی مجاہدین کے خلاف سنجیدہ قدم اٹھائے۔
دو برس پہلے بھی یہی فریاد تھی آج بھی یہی صدائیں۔ بس شور کے سروں میں اضافہ ضرور ہو گیا ہے۔
کاش کراچی کی فضاؤں میں وہی سکون پھر سے لوٹ آئے جو بے ہنگم آوازوں کے جبر تلے دفن ہو چکا ہے۔ ورنہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ہم نے اپنے کانوں کے ساتھ ساتھ اپنی انسانیت کے گوش بھی کھو دیے ہیں۔
ہے شورش صدا خیز یہ بازار ہمارے
دل کانپ اٹھے جب پکارے سبزی والا
آلو والے ۔۔
خدا کرے کہ سندھ پولیس کو بھی وہی خیال آ جائے
اور سکوت پھر سے ہمارا مقدر ہو جائے
اختر شیخ

Comments
Post a Comment