شہر قائد کے کئی وارث ۔۔ فٹ پاتھ سے ڈمپر ٹینکر مافیا تک


 

شہر قائد کے کئی وارث ۔۔ فٹ پاتھ سے ڈمپر، ٹینکر مافیا تک ۔۔


کراچی کا حال اب کسی جائیداد کے جھگڑے سے کم نہیں۔ یہاں ہر شخص خود کو شہر کا وارث برحق سمجھتا ہے، اور ہر برادری کے پاس اپنا شہری شجرہ نسب موجود ہے۔


چائے والے فرماتے ہیں، صاحب، یہ فٹ پاتھ تو ہمارے بزرگوں کی میراث ہے، ہم تو بس چائے بیچ کر رزق حلال کما رہے ہیں۔


ادھر ڈمپر والے اعلان کرتے ہیں، یہ سڑکیں ہماری ہیں مٹی ہماری گرد ہماری باقی سب مہمان ہیں ۔۔


یوں محسوس ہوتا ہے کہ کراچی کوئی شہر نہیں بلکہ ایک خاندانی وصیت ہے

جس پر روز نئے دستخط اور نئے دعوے ثبت کیے جا رہے ہیں۔

فٹ پاتھوں پر چائے والوں کی سلطنت ہے سڑکوں پر ڈمپر اور ٹینکر برادری کا اقتدار، گلیوں میں کیبل والوں کی حکومت اور آسمان پر اشتہاروں کی آمریت ۔۔۔۔۔


بیچارہ شہری اگر کہیں باقی ہے تو شاید کسی دھوئیں کے بادل میں قید ہو۔ حالیہ دنوں چائے والوں کی ایسوسی ایشن نے اعلان کیا کہ

ہم اپنے حقوق کے لیے میدان میں اتریں گے۔ عرض ہے حضور آپ تو پہلے ہی فٹ پاتھ کے بادشاہ ہیں اب اگر سڑکیں بھی آپ کے زیر نگیں آئیں گی تو ہم پیدل چلنے والے کہاں جائیں؟

یا تو ہمیں ہوا میں چلنے کی تربیت دیجیے، یا پھر چائے کے ساتھ آکسیجن کا پیکٹ بھی عنایت فرمائیے۔


ادھر ڈمپر اور ٹینکر برادری کا جذبہ خدمت بھی دیدنی ہے۔ فرماتے ہیں ہم شہر کو پانی دیتے ہیں سڑکوں کو خاک سے سنوارتے ہیں، ہم نہ ہوں تو کراچی پیاسا مر جائے، گویا وہ پانی نہیں حیات ارضی کے ٹھیکیدار ہیں۔

ایسا دعوی تو کسی پیغمبر کے معجزے کے ساتھ بھی کم ہی جچتا ہے۔


شہری جائیں تو جائیں کہاں؟

فٹ پاتھ چائے والوں کے سڑکیں ڈمپر والوں کی

گلیاں جنریٹر والوں کی اور فضا بل بورڈوں کی۔

کراچی اب زمین پر بسنے والوں کا شہر نہیں، بلکہ قبضے داروں کا مشترکہ خواب بن چکا ہے۔


میری ناقص تجویز ہے کہ کراچی کا ایک خاندانی ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے۔ جس کے جینز میں سب سے زیادہ شور، مٹی، اور ہارن کا نوحہ ملے شہر کا مالک وہی قرار پائے۔

یوں یہ تنازع تو ختم ہو اور کراچی کو بھی یہ تو معلوم ہو جائے کہ آخر وہ کس کا بیٹا ہے؟


اور اگر پھر بھی کسی کو اعتراض ہو تو اقبال شاہد کی یہ نظم پڑھ لیجیے۔ 

رحم کر اے خدا، کراچی میں

جانے کیا گل نیا کھلائے گا

رقص باد صبا، کراچی میں

موسم گل کا یہ اشارہ ہے

اک بدلتی فضا، کراچی میں


مگر فضا بدلے گی کیسے، جب نیتیں نہ بدلیں؟

عارف شفیق کا یہ شعر ہمارے اجتماعی رویے پر نوحہ بن کر گونجتا ہے ۔۔۔


پھر مرے شہر پہ قبضہ جمانے آئے تھے

تجھے جو قائد ملت ہرانے آئے تھے

انھیں نے شہر کا امن و اماں بھی لوٹ لیا

جو میرے شہر میں دولت کمانے آئے تھے


کراچی کسی ایک کا نہیں یہ سب کے پسینے دھول دعا اور دھوئیں کا مرکب ہے۔۔۔۔۔


فرق صرف اتنا ہے کہ چائے والے کے حصے میں دیگچی آئی، ڈمپر والے کے حصے میں مٹی،

اور پیدل چلنے والے کے حصے میں صبر ۔۔۔۔۔

کون اس دیس میں دے گا ہمیں انصاف کی بھیک
جس میں خونخوار درندوں کی شہنشاہی ہے

قتیل شفائی


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ