اپنی روحانی ماں مس بلقیس صاحبہ۔ جنہوں نے ہمیں انسان بنایا


اپنی روحانی ماں مس بلقیس صاحبہ۔ جنہوں نے ہمیں انسان بنایا


ایک شاگرد بیٹے کا خراج عقیدت


اک شمع اور بجھی، اک چراغ اور گل ہوا

علم کا ایک ستون اور گرا

اب کس کے آگے سر جھکائیں گے

کس کے دامن میں راحت پائیں گے؟


آج دل بوجھل ہے۔

ایک اور سایہ ہم سے اُٹھ گیا۔

ہماری روحانی ماں مس بلقیس آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔


صبح اطلاع ملی کہ مس بلقیس کا انتقال ہو گیا ہے۔

دل جیسے بیٹھ سا گیا۔

فوراً ان کے پوتے ارتضاء سے رابطہ کیا تدفین کا وقت معلوم کیا،

اور اپنے تمام فیڈرل اسکول کے دوستوں کو اطلاع دی کہ

بعد نمازِ ظہر، مسجد الیوسف بلاک 21، سینٹرم کے عقب میں، فیڈرل اسکول کے احاطے میں

نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی۔


میں، جمال جمی اور عبدالسلام نے اپنی روحانی ماں کے جنازے میں شرکت کی۔


یادوں کے دریچے کھلنے لگے۔

1964 تا 1968 کا وہ دور نگاہوں میں پھر سے ابھر آیا، جب ہم پرائمری جماعتوں میں مس بلقیس کی سرپرستی میں پڑھا کرتے تھے۔


ایک ماں وہ تھیں جنہوں نے ہمیں جنم دیا ان کا سایہ تیس برس قبل ہمارے سر سے اٹھ گیا۔ اور دوسری تھیں مس بلقیس، جنہوں نے ہمیں تربیت، اخلاق شعور اور روشنی عطا کی۔۔۔۔۔۔ 

آج اللہ تعالی نے وہ سایۂ شفقت بھی ہم سے واپس لے لیا۔


مجھے بچپن کے وہ منظر آج بھی یاد ہیں۔۔۔۔۔

عیدالاضحیٰ کے دوسرے دن میں اور میرا مرحوم دوست،

کلاس فیلو عبدالرزاق بلوچ (اللہ اس کے درجات بلند فرمائے، آمین)

مس بلقیس کے گھر مسلم لیگ کوارٹرز جایا کرتے تھے۔

مس ہمیں قربانی کے گوشت کے حصے دیتیں،

جو ہم مس عظمی کے گھر پہنچاتے،

جن کا گھر مین گولیمار بازار کے آغاز میں لکڑی کی ٹال کے قریب تھا۔

پھر ایک اور مس کا حصہ ہم پہنچاتے،

جن کا نام اور مکان اب ذہن میں نہیں۔

اور یوں اپنا حصہ لے کر شام تک گھر لوٹ آتے۔

ہر بقرعید پر وہی منظر آنکھوں میں گھوم جاتا ہے۔ مس کا مسکراہٹ بھرا چہرہ، ان کے ہاتھوں سے پکڑے ہوئے گوشت کے پیکٹ اور ہمارے ننھے قدموں کی بھاگ دوڑ ۔۔۔۔۔


وقت گزرتا گیا، لیکن کچھ یادیں وقت سے زیادہ مضبوط ہوتی ہیں۔

وہ لمحے جو دل کے کسی کونے میں بستے ہیں، کبھی پرانے نہیں ہوتے۔


پھر زندگی کے سفر نے رخ بدلا ۔۔۔۔ 

غم روزگار اور غم خانہ بار میں سب کچھ پیچھے رہ گیا۔ اب جب بچے جوان ہوئے کاروبار سنبھلا، تب دل میں پھر سے بچپن جاگا۔

اخلاص کے ساتھ ہم نے اپنے اساتذہ کی تلاش شروع کی اور اللہ نے مدد فرمائی۔


یوں ہماری ملاقات دوبارہ فیڈرل اسکول کے تین اساتذہ سے ہوئی، 

مس بلقیس، سر دوست محمد بلوچ، اور سر خالد۔

الحمدللہ، مس سے وقتاً فوقتاً فون پر بات ہوتی رہتی۔

وہ ہمیشہ دعاؤں سے نوازتیں، ہمارے بچوں کے بارے میں مجھے سے معلوم کرتی اور محبت بھری  نصیحتوں سے سنوارتی رہیں۔


استاد وہ چراغ ہے جو جل کر روشنی دیتا ہے،

اور شاگرد وہ دیا ہے جو اسی روشنی سے منور ہوتا ہے۔

آج وہ چراغ بجھ گیا۔ مس بلقیس کی جدائی نے ہمیں ایک بار پھر احساس دلایا کہ استاد صرف علم نہیں دیتا بلکہ زندگی کا سلیقہ، کردار کی خوشبو اور انسان بننے کا ہنر بھی سکھاتا ہے۔


وہ جو تھے دل کے قریب اب دعا بن کر رہ گئے،

ہم جنہیں بھول نہ پائے وہ صدا بن کر رہ گئے۔


اللہ تعالی ہماری روحانی ماں، مس بلقیس کی آخرت کی منزلیں آسان فرمائے،

ان کی کامل مغفرت کرے،

اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔

ان کے تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔


آمین ثم آمین۔


*-*-*-*-*-*-*-*-*-*


جنازے کے بعد ہمیں فیڈرل اسکول کے بانی کاظمی صاحب کے صاحبزادے سے ملاقات کا موقع ملا۔ وہ بھی جنازے میں شریک تھے، بلکہ نماز جنازہ انہی کے اسکول کے احاطے میں ادا کی گئی۔ انہوں نے ہمیں اپنے والدین اور ہمارے اساتذہ کی یادگار تصاویر دکھائیں،

اور ہم نے اسکول کے احاطے میں کھڑے ہو کر چند تصاویر خود بھی لیں۔

جب ہم نے بتایا کہ ہم فلاں برسوں میں اسی اسکول کے طالب علم رہے 

اور 1974 میں جمی اور سلام نے یہاں سے میٹرک کیا، جبکہ میں آٹھویں کے بعد کامرس لینے کے باعث دوسرے اسکول چلا گیا تھا،

تو وہ بےحد خوش ہوئے۔ 


گویا آج ہم ایک بار پھر ماضی کے دریچوں میں داخل ہو گئے۔ ہر چہرہ، ہر لمحہ، ہر ہالہ  روشنی کا آنکھوں کے سامنے جاگ اٹھا۔


وہ روشنی جو ہمیں راہ دکھاتی تھی، بجھ گئی،

وہ مہر جو دلوں کو گرمی دیتا تھا ڈھل گیا۔


دعاؤں کا حصار 

شفقت کا سایہ سب رخصت ہوا،

مگر ان کی یادوں کا چراغ دل میں جل گیا۔


اب کوئی مس نہیں، جو کہے شاباش

میرے بچے

بس اک صدا ہے جو روح میں اتر گئی ۔


پڑھتے رہو، بڑھتے رہو، نیک بنو، انسان بنو...


یہی ان کا درس تھا یہی ان کا پیغام تھا، اور یہی پیغام رہتی دنیا تک ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا۔


میں اپنی اس تحریر کا اختتام محترم طاہر ضیا کے اس کلام سے کر رہا ہوں ۔۔۔۔۔


جیسے گرا ہو کوہ گراں مجھ پہ ٹوٹ کر

کوئی گیا ہے آج یوں دنیا سے روٹھ کر


دل دھک سے ہو کے رہ گیا سنتے ہی یہ خبر

تم چل دیے ہو آج ہمیں تنہا چھوڑ کر


خاموش بلبلان چمن ہیں سبھی کھڑے

ماتم کناں ہیں آج سبھی اہل بحر و بر


افلاک رو رہے ہیں زمیں بھی اداس ہے

آنسو بہا رہی ہے فضا تیری موت پر


آباد تجھ سے محفل علم و ادب تھی یاں

جانے سے تیرے ہو گئی ویران و بے اثر


تھا آبروئے بزم تو ہی، تیرے بعد اب

ٹوٹے ہیں جام اور ہوئے میخوار دربدر


کیسے بیان کیفیت غم کروں ضیا

لبریز ہے مرا الم و درد سے جگر


محمد اختر شیخ

(ایک شاگرد بیٹا، جو آج بھی اپنے اساتذہ کے فیض میں زندہ ہے)

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ