اردو اصول تحقیق پہلی اجتماعی بیداری
اردو اصول تحقیق پہلی اجتماعی بیداری
کالم ۔۔۔ تحقیق کے قدیم چراغ
جب اردو تحقیق کے تاریخ کے اوراق اولیں کھلتے ہیں تو صفحات سے ایک مانوس سہانے خوشبو قیسار اٹھتی ہے، تذکروں کی وہ مہک، جس نے اٹھارویں صدی میں پہلے فارسی کے دامن کو معطر کیا اور پھر اردو کی زلف گرہ گیر سے لپٹ کر ہم تک رسائی پائی۔ مولانا محمد حسین آزاد کے (آب حیات) نے اس روایت میں ایک نئی جان ڈالی، اگرچہ اس میں تحقیقی خامیاں بھی موجود تھیں، مگر اس کی معنوی حرارت اور قلبی تپش نے آئندہ محققین کے لیے مشعل راہ کا کام دیا۔ سرسید احمد خان، الطاف حسین حالی، شبلی نعمانی، اور پھر مولوی عبدالحق اور حافظ محمود شیرانی جیسے بزرگان.. یہ سب اس ناتواں پودے کی آبیاری فرمانے والے باغباں تھے جن کی سعی پیہم سے آج اردو تحقیق شجر تناور کی صورت اختیار کر چکی ہے۔
رہی بات اصولیات تحقیق کی، تو اس کی باقاعدہ بنیادیں کچھ تاخیر سے استوار ہوئیں۔ البتہ 1922ء میں حافظ محمود شیرانی کے مضمون (شہادتِ کلام) نے پہلی بار تحقیق کے داخلی اصولوں کی جانب اہل علم کی توجہ مبذول کرائی۔ مگر آزادی سے پیشتر کے انقلابی ہنگاموں اور تقسیم کے المیے نے اس نازک شاخ کو نمو پانے کا موقع نہ دیا۔ جب حالات نے پھر کرن کیا تو بیسویں صدی کے نصف آخر میں آہستہ آہستہ وہ گرانقدر تحریریں منظر عام پر آنے لگیں جن میں تحقیق کے اصول و ضوابط پر سنجیدہ اور علمی گفتگو کی گئی تھی۔
انہیں مساعی کا نقطۂ عروج مئی 1966ء کی دہلی کانفرنس ہے۔
ایک ایسا تاریخی اجتماع جس نے پہلی بار اردو تحقیق کو بطور ایک مستقل علم پیش کیا۔ اس کانفرنس کے مدونات بعد ازاں مقالات انجمن اساتذہ اردو جامعات ہند کے نام سے شائع ہوئے، اور یہ مجموعہ اردو تحقیق کی روایت میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
کانفرنس کے چار اہم محاور تھے
۱۔ اردو کے تعلیمی مسائل
۲۔نصاب کے مسائل
۳۔اردو تحقیق کے مسائل
۴۔موجودہ ہندوستانی معاشرے میں اردو استاد کا منصب و مقام
مگر ان چاروں محاور میں سب سے درخشاں پہلو وہ آٹھ تحقیقی مقالات تھے جنہوں نے اصول تحقیق کو ایک باقاعدہ علمی و فکری جہت عطا کی۔
مقالات سے مستنبط اہم نکات۔۔۔
پروفیسر گیان چند نے پہلی مرتبہ جامعاتی تحقیق کے عملی مسائل اور محقق کے ذاتی علمی استفادات کو یکجا کر کے پیش کیا گویا تحقیق کا سندی و غیرسندی دونوں اعتبار سے پہلا جامع جائزہ۔
رضی الدین احمد نے تحقیق کے مستحکم ڈھانچے کی جانب رہنمائی فرمائی ایک مرکزی ادارہ، جامعات کا باہمی تعاون و اشتراک، قوانین کا اتحاد، وظائف و مراعات کے مساوی مواقع اور سندی مقالات کی اشاعت یہ سب تحقیق کی عمارت کی اساس ہیں۔
نگہت فرید نے موضوع تحقیق کے انتخاب کے اصول مرتب فرمائے۔ رجحان طبع، افادیتِ عامہ، اغراض و مقاصد کی صراحت اور کورس ورک کی ضرورت اس زمانے میں جب کورس ورک کا تصور بھی مبہم تھا۔
فضل حق کامل قریشی نے سب سے پہلے اصول تحقیق کی باقاعدہ تشکیل و تدوین پر زور دیا اور وقت نے ثابت کر دیا کہ ان کی آواز آئندہ دور کے لیے پیش خیمہ ثابت ہوئی۔
ڈاکٹر تنویر احمد علوی نے قدیم دواوین کی ترتیب و تدوین کو اردو تحقیق کی بنیاد قرار دیا، کہ بغیر معتبر متن کے نہ تاریخ ادب لکھی جا سکتی ہے اور نہ ہی مستند لغت۔ متن کی داخلی و خارجی شہادتیں، اغلاط، الحاقیات یہ سب پہلی بار اس سطح پر زیر بحث آئے۔
اور سب سے اہم
ڈاکٹر خلیق انجم کا مقالہ اردو تحقیق اور حقائق، جس نے محقق کے تین بنیادی فرائض کو واضح کیا۔۔۔۔۔
۱۔حقائق کی جستجو
۲۔حقائق کی تصدیق یا تردید
۳۔حقائق کی تعبیر و تشریح
ان کے نزدیک محقق کا فرض محض مواد جمع کرنا نہیں، بلکہ اس کی تہہ تک پہنچنا ہے مصنف، معاصرین گروہ بندیاں، تعلقات۔ ان سب کا جائزہ لے کر ہی کوئی فیصلہ کرنا چاہیے۔ یہ انداز نظر اردو تحقیق میں پہلی بار اس بلندی کے ساتھ پیش ہوا۔
مقالات کا یہ مجموعہ اردو تحقیق کے لیے وہ چراغ سحر ہے جس کی روشنی نصف صدی گزرنے کے بعد بھی ماند نہیں پڑی۔ انہیں تحریروں سے اردو تحقیق نے اپنا راستہ متعین کیا، اصول مرتب ہوئے، کتابیں وجود میں آئیں اور تحقیق کو ایک باقاعدہ علمی شعبے کی حیثیت حاصل ہوئی۔
آج جب ہم اردو تحقیق کو مضبوط اور متوازن دیکھتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ 1966ء کی وہ علمی محفل محض ایک کانفرنس نہ تھی
بلکہ اردو تحقیق کی اجتماعی بیداری کا پہلا نواسنج تھا۔
اختر شیخ
نومبر ۲۰ ۔ ۲۰۲۵

Comments
Post a Comment