جب علم دل کو روشن نہ کرے ۔۔
جب علم دل کو روشن نہ کرے ۔۔ رومی رحمۃ اللہ علیہ کی فکر کا ابدی پیغام
مولانا جلال الدین رومی رحمۃ اللہ علیہ کا یہ قول گویا تمام علم و فلسفے کے چہروں سے نقاب اٹھا دیتا ہے۔
اگر میرا علم مجھے انسانوں سے محبت کرنا نہیں سکھاتا تو ایک جاہل مجھ سے ہزار درجہ بہتر ہے۔
یہ جملہ صرف فکری بصیرت نہیں، بلکہ ایک آئینہ ہے جس میں ہم سب کو اپنا چہرہ دیکھنے کی ضرورت ہے۔ آج علم عام ہے مگر دلوں میں اندھیرا ہے۔ ڈگریاں بڑھ رہی ہیں مگر اخلاق گھٹ رہے ہیں۔ زبانوں پر آیات اور احادیث ہیں مگر رویوں میں درندگی دلوں میں نفرت اور معاشرت میں بے رحمی ہے۔ رومی کے نزدیک علم کا مقصد انسان کو انسان بنانا ہے۔ اگر علم، غرور اور فرقہ بندی نفرت یا احساسِ برتری پیدا کرے تو وہ علم نہیں زہر ہے۔
اصل علم وہ ہے جو دل کو نرم کرے، آنکھوں کو اشک دے اور انسان کو انسانیت کے احترام پر آمادہ کرے۔
نبی کریم ﷺ نے فرمایا ۔۔۔۔
أفضل الناس أنفعهم للناس،
سب سے بہتر انسان وہ ہے جو دوسروں کے لیے نفع بخش ہو۔ یہی علم کا خلاصہ ہے۔ مگر افسوس کہ ہم نے علم کو نمائش کا ذریعہ بنا دیا، بحث و مناظرے کا میدان بنا دیا اور کردار سے خالی کر دیا۔
آج ہم مسجد میں نماز پڑھتے ہیں مگر ہمسایہ بھوکا ہے، دفتر میں تعلیم یافتہ ہیں مگر دیانت نہیں زبان پر اخلاق کے درس ہیں مگر عمل میں تلخی ہے۔ یہ وہ علم ہے جسے رومی بے فیض علم کہتے ہیں۔ ایسا علم جو دل میں محبت پیدا نہ کرے وہ علم نہیں بوجھ ہے۔
علم اگر عاجزی سکھائے خدمت کی راہ دکھائے دل میں اللہ کی مخلوق کے لیے شفقت پیدا کرے تبھی وہ نور بنتا ہے۔ وگرنہ وہ صرف الفاظ کا ہجوم ہے۔ رومی کے نزدیک اصل عالم وہ ہے جو اپنے علم کے ذریعے زخموں پر مرہم رکھے، دلوں کو جوڑے، فاصلے مٹائے۔
ہمیں اپنے آپ سے سوال کرنا چاہیے،
کیا ہمارا علم ہمیں انسانوں سے محبت کرنا سکھا رہا ہے یا نفرت کا سامان کر رہا ہے؟
کیا ہم دوسروں کی آسانی کا سبب ہیں یا تکلیف کا؟
اگر علم ہمیں محبت نہیں دیتا، تو پھر رومی کے الفاظ میں واقعی ایک جاہل ہم سے بہتر ہے۔ کیونکہ جاہل کم از کم اپنی لاعلمی کے سبب دوسروں کو تکلیف نہیں دیتا مگر ہم اپنے علم کے غرور میں انسانیت کو روند ڈالتے ہیں۔
علم کا حسن تو تب ہے جب وہ دل میں عاجزی، زبان میں نرمی اور عمل میں محبت پیدا کرے۔ رومی کے اس قول میں دراصل ایک دعوت اصلاح ہے، کہ علم کو رتبہ نہ بناؤ عبادت بناؤ، علم کو زینت نہ سمجھو ذمہ داری سمجھو اور سب سے بڑھ کر علم کو محبت کا وسیلہ بناؤ ۔۔۔۔۔
کیونکہ جس علم میں انسانیت نہیں، وہ علم نہیں اور جس دل میں محبت نہیں وہ دل زندہ نہیں۔۔
ایسا علم جس سے دل نرم نہ ہو روح پاک نہ ہو اور انسانیت نکھرے نہیں وہ علم نہیں، بلکہ ایک آزمائش ہے۔
رومی کا یہ پیغام آج بھی زندہ ہے، کہ علم کا اصل ثمر محبت ہے اور محبت ہی انسان کو اللہ تک پہنچاتی ہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment