بندہ غالب – ایک تخیلاتی مکتوب
بسم اللہ الرحمن الرحیم
محترم میاں صاحب،
السلام علیکم و رحمۃ اللہ
آپ کا مرقومہ پایا۔ تحریر فرمایا کہ آج کل مشاعروں میں شاعر چبوترے پر گردش کرتے ہیں اور ہاتھ میں کوئی آلۂ صدا تھامے رہتے ہیں، میں نے دل تھام لیا ارے قبلہ، شعر خوانی کرتے ہیں یا چہل قدمی؟ یہ کیا تماشا برپا ہے کہ غزل کے دو مصرعوں کے درمیان شاعر کے دو قدم بھی ناپے جاویں۔
کیا کلام کی تاثیر اب آواز کے زیروبم سے بڑھ کر ہاتھ کے اشتہار میں ڈھونڈی جاوے گی؟
ہائے رے زمانہ پہلے لفظ دل سے نکلتا تھا تو سامع کے دل میں اترتا تھا، اب آلۂ صدا بلند سے نکلتا ہے تو دیواروں سے ٹکرا کر پلٹ آوے ہے۔
تم فرماتے ہو کہ عہد بدل گیا ہے، انداز نو ہے۔
میں عرض کرتا ہوں، واہ انداز نو ایجاد کرو مگر وقار سخن کو خاک میں نہ ملاؤ۔
ادب کی محفل رقص گاہ نہیں اور شاعر کا کام تماشہ گری نہیں۔ ہم نے تو نہ سنا کہ میر تقی میر نے شعر پڑھتے وقت ادائے محبوبہ بنائی ہو۔
مشاعرہ دراصل دلوں کی بزم تھی، جہاں ہر شاعر اپنے مصرع سے چراغ جلاتا اور سامعین اپنی خاموشی سے ہوا دیتے۔ شمع وسط میں جلتی تھی اور سب کے رخسار اس نور میں دمکتے تھے۔ اب شمع کی جگہ کوئی آلۂ صدا ہے اور روشنی کی جگہ برقی چراغ ۔۔
میں تو کہتا ہوں میاں، جب شاعر کھڑا ہو کر آلۂ صدا ہلاتا ہے تو شعر بیٹھ جاتا ہے۔ الفاظ کی نزاکت اس کے پائنتی آ جاتی ہے، اور خیال کی پرواز قدموں کی رفتار میں الجھ جاتی ہے۔
ہاں، کسی خواص نے یہ بھی لکھا کہ یہ انفرادیت ہے۔ میں نے کہا انفرادیت ہو تو خیر مگر ادب کی چال آہستہ ہوتی ہے اسے دوڑنے کی عادت نہیں۔
مشاعرہ محفل وجد نہیں، مجلس وقار ہے۔ یہاں شعر سنا جاتا ہے دکھایا نہیں جاتا۔ یہاں الفاظ ناچتے نہیں بلکہ دلوں میں اترتے ہیں۔
اگر یہی حال رہا تو عنقریب وہ دن آویگا جب کوئی شاعر مصرع پڑھ کر سامعین سے کہے گا۔۔۔
آپ سب تالیاں بجائیں اور اگر پسند آئے تو اگلے شعر کے لیے نذرانہ پیش کریں۔
ارے میاں، خدائے برتر کا خوف کرو شعر کا رنگ وہی بہتر جو بیٹھ کر سنایا جاوئے کیوں کہ ادب کے تخت پر خاموشی تاج ہے۔
اور اگر کوئی پوچھے کہ غالب آج کے مشاعرے میں کیوں نہیں آتے؟
تو میرا جواب مرقوم کرئیو۔
ہم کو بھی محفلوں میں بلاتے تو ہو مگر،
بیٹھنے کی جگہ نہیں، آلۂ صدا کی جگہ خالی ہے
یہی تو ہمارا المیہ ہے میاں،
مشاعرہ اب ادب کی محفل نہیں، تماشہ اظہار بن گیا ہے۔
شاعر کم، خطیب زیادہ پیدا ہو رہے ہیں۔ شاید وقت آگیا ہے کہ پھر سے شمع جلائی جاوے اور شاعر سے کہا جاوے، بیٹھ جائیے حضور، اب لفظ بولنے دیجئے۔
بندہ
غالب
تخلیقی مکالمہ از ۔۔۔۔ اختر شیخ

غالب کے دکھ کا اظہار نظر آیا۔ اچھا لگا مگر کہیں ہاتھ کے اشتہار سے مراد ہاتھوں کی جنبش اور اشارے تو نہیں۔ حضرت غالب ابھی جدید آلات سے قریبی شناسائی پیدا نہیں کر پائے۔ لیکن ایسے مکاتیب لکھتے رہے تو قربت پیدا کر لینگے
ReplyDelete