ادبی تبصرہ بر مضمون۔۔۔ادب کا مطالعہ ضروری کیوں


 https://www.express.pk/story/2761937/why-is-it-important-to-study-literature-2761937/

ادبی تبصرہ بر مضمون، ادب مطالعہ ضروری کیوں نے


از ۔۔ جبار قریشی


جبار قریشی صاحب کا مضمون ادب کا مطالعہ ضروری کیوں۔ دراصل ایک فکری و روحانی سفر کی روداد ہے یہ صرف ایک طالب علم کی ذہنی تبدیلی کا بیان نہیں بلکہ ایک ایسے انسان کے اندر کے بیدار احساسات کی جھلک ہے جو ابتدا میں سیاست کو سماجی اصلاح کا واحد ذریعہ سمجھتا ہے مگر وقت کے ساتھ یہ حقیقت دریافت کرتا ہے کہ اصل تبدیلی تو دلوں کے موسم بدلنے سے آتی ہے اور وہ تبدیلی ادب کے بغیر ممکن نہیں۔

مصنف نے نہایت سادگی مگر عمیق بصیرت سے بتایا ہے کہ انسان میں احساس کی قوت ہی اسے انسان ہونے کا شرف عطا کرتی ہے۔ سیاست تصادم سے تبدیلی چاہتی ہے مذہب تلقین سے مگر ادب خاموشی سے دلوں میں اتر کر زاویۂ نظر بدل دیتا ہے۔ یہی ادب کا جادو ہے جو تربیت بھی دیتا ہے اور تہذیب بھی۔


کسی کو گھر سے نکلتے ہی مل گئی منزل

کوئی ہماری طرح عمر بھر سفر میں رہا


احمد فراز


یہ شعر قریشی صاحب کے فکری ارتقا کا خلاصہ ہے۔ جس شعوری سفر کا انہوں نے ذکر کیا ہے وہ فوری منزل کا نہیں بلکہ عمر بھر کے احساس اور تجربے کا سفر ہے۔ ان کی تحریر میں وہ خلوص نمایاں ہے جو سچے مطالعے اور تجربے سے پیدا ہوتا ہے۔


ادب کو انہوں نے انسانی شخصیت کے توازن اور تہذیب کا آئینہ قرار دیا ہے ان کا یہ کہنا کہ ادب نیکی کی براہ راست تلقین نہیں کرتا بلکہ احساس کو جگاتا ہے۔ ایک گہرا نکتہ ہے جو انہیں محض قاری نہیں بلکہ متفکر ادیب کے درجے پر فائز کرتا ہے۔


(میری ذاتی رائے میں ادب کے فروغ میں سب سے بڑی رکاوٹ ادب میں موجود گروہ بندیاں ہیں، جس کی وجہ سے باصلاحیت ادیب اکثر پس منظر میں رہ جاتے ہیں اور خوشامدی چاپلوس یا موقعہ پرست سطحی ادب نمایاں مقام حاصل کر لیتا ہے نظریاتی اختلاف فطری ہے، لیکن جب یہ ذاتی رنجش اور مفاد کی بنیاد پر ہو جائے تو ادب اپنی سالمیت کھو دیتا ہے) ۔


قریشی صاحب نے بالکل درست کہا ہے کہ ادب میں ابلاغ کو اولین حیثیت حاصل ہے اور اگر ادب کسی گروہ یا پروپیگنڈے کے لیے استعمال ہو تو یہ فن کی موت بن جاتا ہے۔ ادب صرف الفاظ کا کھیل یا ذاتی اظہار نہیں بلکہ قاری کے دل و دماغ پر اثر ڈالنے کا ذریعہ ہے۔ ادب تبھی زندہ اور مؤثر رہتا ہے جب اہل قلم اپنے اختلافات اور ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھ کر ادب میں ہم آہنگی فکری بصیرت اور تخلیقی استقلال پیدا کریں۔


یہ نکتہ آج کے ادبی منظرنامے میں نہایت اہم اور قابل غور ہے کیونکہ صرف اسی صورت میں ادب نہ صرف زندہ رہتا ہے بلکہ قاری کی سوچ میں تبدیلی اور عمل کی ترغیب بھی پیدا کر سکتا ہے۔


چراغ ہم نے جلا کر یہ کار خیر کیا

ہمارے بعد سہی رسم استفادہ چلے


معتبر شاہجہانپوری


یہ شعر مضمون کا بہترین اختتامیہ ہے، کیونکہ قریشی صاحب کا مدعا یہی ہے کہ ادب کا چراغ ہمیشہ روشن رہے خواہ اس کو روشن کرنے والے وقت کے دھندلکوں میں اوجھل ہو جائیں۔ اصل مقصد روشنی کا تسلسل ہے۔


اجمالی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ یہ مضمون ادب کی معنویت، انسان دوستی اور فکری بیداری کا جامع بیانیہ ہے۔ جبار قریشی صاحب نے احساس، تجربہ اور تجزیہ تینوں کو یکجا کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ ادب انسان کو صرف پڑھاتا نہیں، انسان بناتا ہے۔


محمد اختر شیخ


یہ تبصرہ میں نے جناب جبار قریشی صاحب کے پرورش ادب سے متعلق ایکسپریس میں شائع کالم کے مطالعے کے بعد ان کی درخواست پر تحریر کیا۔

اس سے قبل بھی ان کے ایک کالم پر میں نے اپنی رائے پیش کی تھی، جس پر قریشی صاحب نے میسنجر پر محبت بھرا پیغام بھیجا کہ ۔۔۔

آپ نے کالم پر جو علمی تبصرہ فرمایا اور جن مثبت خیالات کا اظہار کیا، اس پر آپ کا مشکور ہوں…

یہ الفاظ میرے لیے باعث عزت اور حوصلہ افزائی ہیں۔

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ