صبح بخیر کے پیامبر اور دلوں کا سچ
صبح بخیر کے پیامبر اور دلوں کا سچ
آئینہ خانۂ دل میں آج پھر وہی پرانی کھٹک تھی۔ صبح دم جب آنکھ کھلی تو خیال نے آ کر دامن پکڑا کہ کیوں نہ اُن رفیقوں کا پتا کیا جائے جو ہر صبح واٹس ایپ کی دنیا میں "السلام علیکم" اور "صبح بخیر" کے چراغ جلا کر خود کو نیکی کا مسافر ثابت کرتے ہیں۔ میں تو برسوں سے ان نوازشوں کے جواب میں آمین اور جزاک اللہ کہہ کر شکرگزاری کا حق ادا کرتا رہا۔
مگر آج دل نے کچھ اور ہی سوچا۔ کہا، کیوں نہ ان ہی میں سے چند ایک کو پہلے صبح بخیر کہہ کر دیکھوں؟ شاید یہ چھوٹا سا تجربہ کچھ نئے معنی آشکار کر دے۔ چناں چہ میں نے طے کیا کہ آج خود پہل کروں گا۔
صبح کی پھیکی روشنی میں میں نے انھیں پیغام بھیجے۔ واٹس ایپ کے سبز نشان نے بتایا کہ میرا سلام ان تک پہنچ گیا ہے۔ پھر میں نے انتظار کیا۔ گھڑی کی سوئیاں چلتی رہیں، مگر جواب کا کوئی پتہ نہ تھا۔ نہ آمین، نہ جزاک اللہ، نہ سلام کا جواب۔ بس خاموشی تھی، جو کچھ کہہ رہی تھی۔
پھر وہی ہوا۔ ٹھیک اپنے مقررہ وقت پر ان کا خودکار پیغام آ پہنچا۔ وہی "صبح بخیر"، وہی دعاؤں کے پھول، جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔ میرے بھیجے ہوئے سلام کا کوئی وجود نہ تھا، کوئی اثر نہ تھا، کوئی پتہ نہ تھا۔
اب ذرا غور کیجیے۔ سلام کوئی معمولی لفظ نہیں، یہ اسلامی معاشرت کی بنیاد ہے، باہمی محبت کی کنجی ہے، اور دلوں کے دروازے کھولنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ شریعت نے تو سلام کا جواب دینا واجب قرار دیا ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "مسلمان کا مسلمان پر پانچ حق ہیں... ان میں سے ایک یہ ہے کہ سلام کا جواب دے۔" یہ کوئی رسمی بات نہیں، یہ ایک دینی فریضہ ہے۔
مگر افسوس! آج کل سلام ایک خودکار پیغام بن کر رہ گیا ہے۔ لوگ تو گویا سلام بھیجتے ہیں، مگر سلام کی روح سے ناآشنا ہیں۔ سلام تو دراصل دعا ہے "تم پر سلامتی ہو" ۔۔ اور جب کوئی تمہیں دعا دے تو کیا اس کا جواب دینا ضروری نہیں؟ کیا یہ سوچنا بھی درست ہے کہ ہم نے سلام بھیج دیا، بس ہمارا فرض ختم ہو گیا؟
میں نے دل کو سمجھایا کہ شاید مصروف ہوں گے۔ شاید پیغام دیکھا نہ ہو۔ شاید سوچ رہے ہوں گے۔ مگر دل مانی نہیں کرتا تھا۔ وہ کہتا تھا کہ جب تم ہزاروں کی بھیڑ میں میرا سلام بھیجتے ہو تو اس کی کوئی قیمت نہیں، مگر جب تم خود میری طرف متوجہ ہوتے ہو تو تمھارے پاس جواب دینے کا وقت نہیں۔
یہ سوچ کر عجیب سی تحیر ہوئی۔ کہ جن لوگوں کی صبح ان کے اپنے بھیجے ہوئے سلام سے ہوتی ہے، ان کے پاس دوسروں کے سلام کا جواب دینے کی مہلت کہاں؟ کتنی عجیب بات ہے کہ ہم نے سلام کو ایک رسم بنا دیا، ایک عادت بنا دیا، ایک خودکار عمل بنا دیا ۔۔ مگر اس کی روح کہیں کھو گئی۔
اور جب سلام ہی کا جواب دینا گوارا نہ کریں، تو آمین اور جزاک اللہ کی توقع کہاں؟ یہ تو سلام سے بھی بڑھ کر محبت اور خلوص کا تقاضا ہے۔
آخر میں خیال آیا کہ شکوہ کرنا بھی بے معنی ہے۔ شاید یہی وقت کا رواج ہے، شاید یہی دور کا دستور ہے۔ لیکن پھر بھی دل یہی کہتا ہے کہ سلام تو دل سے کیا جاتا ہے، اور دل سے اس کا جواب دیا جاتا ہے۔ باقی تو محض الفاظ ہیں، جو ہوا میں اڑ جاتے ہیں۔
اور ہم نے تو بس یہی سیکھا ہے کہ جو کرو، خلوص سے کرو۔ چاہے جواب ملے یا نہ ملے۔ سلام تو ویسے بھی مسلمانوں کے درمیان ایک امانت ہے ۔ اور امانت کا جواب دینا فرض ہے، چاہے زمانہ کتنا ہی بدل جائے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment