inDrive صفر کو کامیابی بنا کر؟؟؟ … ہماری آنے والی نسل کا مستقبل داؤ پر نہ لگائیں


 https://www.facebook.com/share/r/1H45oKfCv1/


inDrive کے قابل احترام اشتہار سازوں کے نام ایک عرضداشت
 

،،شاید کہ اُتر جائے ترے دل میں مری بات،،

آپ کی تخلیقی صلاحیتیں قابل ستائش ہیں، مگر حال ہی میں
( زیرو کی ویلیو)
کے عنوان سے پیش کردہ تجارتی ویڈیو اشتہار نے چند سوالات پیدا کر دیے ہیں۔ 

اساتذہ کرام اور والدین کی حیثیت سے ہمارے لیے یہ دیکھنا پریشان کن ہے کہ تعلیم و تربیت جیسے مقدس شعبوں کو بھی اب اشتہاری بیوپار کی نذر کر دیا گیا ہے۔

استاد محترمہ کا یہ فرمانا کہ ،،بچے نے پھر ٹیسٹ میں زیرو لیا ہے،،
جس پر والد صاحب کا مسکرا کر جواب دینا
میڈم، زیرو کی بھی بڑی ویلیو ہوتی ہے،،

یہ مکالمہ درحقیقت ہمارے تعلیمی نظام پر ایک المیہ نگارانہ طنز معلوم ہوتا ہے۔

*وہی انسان ہے احساںؔ کہ جسے علم ہے کچھ
حق یہ ہے باپ سے افزوں رہے استاد کا حق*

حضور، صفر ریاضی کا ایک بنیادی عدد ضرور ہے مگر یہ محنت، لگن اور مسلسل کوشش کے مقابلے میں کبھی بھی قابل فخر نتیجہ نہیں ہو سکتا۔ 

کیا ہم اپنے بچوں کو یہی سکھانا چاہتے ہیں کہ ناکامی کو فلسفے کے پردے میں چھپا لیا جائے؟ 
کیا یہ درست ہے کہ ہم ان کے ہاتھوں میں صفر کے سرٹیفکیٹ تھماتے ہوئے انہیں یہ باور کروائیں کہ 
،،تم نے کوئی کارنامہ سرانجام دیا ہے،،؟؟؟

ایک ایسے معاشرے میں جہاں تعلیم پہلے ہی بے شمار چیلنجز کا شکار ہے، ہماری نئی نسل شارٹ کٹس کی عادی ہوتی جا رہی ہے۔ ایسے میں اگر اشتہارات بھی انہیں یہی سبق دیں گے کہ۔۔۔ 

،،صفر پر بھی مطمئن رہو،، 

تو پھر ہم ان سے محنت اور جدوجہد کی توقع کیسے رکھ سکتے ہیں؟؟؟

خدارا، اسکول، استاد اور تعلیم جیسے مقدس رشتوں کو اپنی تجارتی مصروفیات کا حصہ نہ بنائیں۔ یاد رکھیے، اشتہارات کا مقصد محض گاڑی چلانا نہیں، سوچ کو بھی صحیح سمت دینا ہوتا ہے۔ ایک غلط سوچ آنے والی کئی نسلوں کو برباد کر سکتی ہے۔

ہمارے بچوں کے ذہن کچی مٹی کی مانند ہیں۔ آپ کے ہاتھ میں کلاں ہے ہتھوڑا نہیں۔ آپ کی تخلیقات ان کے ننھے ذہنوں پر ایسے نقش چھوڑتی ہیں جو برسوں تک باقی رہتے ہیں۔ 

کیا آپ واقعی چاہتے ہیں کہ یہ نقش ،،زیرو کی ویلیو،، جیسے فلسفے پر مبنی ہوں؟؟؟

ہمیں اپنے بچوں کو یہ سکھانا ہوگا کہ ناکامی کو فخر کا نشان بنانے کے بجائے اسے محنت کی سیڑھی بنایا جائے۔ صفر کی کوئی ذاتی ویلیو نہیں ہوتی۔۔
ویلیو تو تب پیدا ہوتی ہے جب ہم اس صفر کو محنت اور لگن سے ایک بامعنی عدد میں تبدیل کر دیتے ہیں۔

آخر میں عرض ہے کہ ذمہ داری اور تجارت میں توازن ضروری ہے۔ اگر ذمہ داری پیسے کے آگے ہار گئی تو یہ محض چند لمحوں کا نفع نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کا نقصان ہے۔

اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ