پان تہذیب مشرق کا خوشبو بھرا استعارہ


 پان ۔۔۔۔۔ تہذیب مشرق کا خوشبو بھرا استعارہ


پان  … صرف لذت کام و دہن کا سامان نہیں بلکہ ہماری موقر اور شریفانہ تہذیب کا وہ خوش رنگ ورق ہے جس پر اہل ذوق کی محفلوں کی نزاکت خوش خلقی اور دل آویزی ثبت رہی ہے۔ چاہے لکھنؤ کی ناز بردار فضا ہو، دکنی تمدن کی رکھ رکھاؤ بھری نزاکت ہو یا کراچی کی پرانی بستیوں کے وہ گلی کوچے جہاں شامیں آج بھی روایتوں کی خوشبو سے مہکتی ہیں۔ پان ہر عہد میں شناخت شائستگی اور تہذیبی آداب کی روشن علامت رہا ہے۔


کہتے ہیں کہ پان پیش کرنا محض ضیافت نہیں دل کا در وا کر دینے کا ہنر ہے۔ کبھی کچہری کی بیٹھک ہو کبھی پرانے یاروں کی کشادہ بیٹھکیں کبھی بزرگوں کی سنگت یا خاندانوں کی روایتی محفلیں

 کہیں نہ کہیں وہ نفیس طغری چاندی کی نازک پتریاں ملائم قوام اور کتھے کی خوشگوار مہک لازماً اپنا وقار جماتی تھی۔

پان پیش کرنے کا سلیقہ بذات خود ایک فن ہے آہستگی سے بڑھایا جائے، خلوص سے کھلایا جائے اور خوش دلی سے قبول کیا جائے۔


یہی نزاکت و لطافت ہمارے سخنوروں کے یہاں بھی جلوہ گر ملتی ہے ۔۔۔۔ 


لگاوٹ کی ادا سے ان کا کہنا پان حاضر ہے

قیامت ہے ستم ہے دل فدا ہے جان حاضر ہے


اکبر الہ آبادی


کب پان رقیبوں کو عنایت نہیں ہوتے

کس روز مرے قتل کا بیڑا نہیں اٹھتا


نظیر اکبر آبادی


زمانہ خواہ کتنا ہی تیز قدم ہو جائے روایات چاہے کتنی ہی دھندلا جائیں، مگر پان آج بھی اپنے اصل کا گواہ بن کر تہذیب کی ایک لطیف نشانی کی صورت زندہ ہے۔ محفل کی مہک کو برقرار رکھنے میں اس کی تاثیر آج بھی وہی ہے جو کبھی تھی۔ اسی لئے ہمارے بزرگ فرمایا کرتے تھے کہ 

،،جہاں پان کا چرچا ماند پڑ جائے وہاں محفلوں کی روح پژمردہ ہو جاتی ہے۔،،


ہم آج بھی اسی وقار اسی وضع داری اور اسی روایت کے امین ہیں صاحب ۔۔۔

کہ پان محض کھایا نہیں جاتا نبھایا جاتا ہے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ