نیکی کے لبادے میں چھپی بدگوئی کے پس پردہ وار
نیکی کے لبادے میں چھپی بدگوئی کے پس پردہ وار
ہر محفل، ہر انجمن، ہر خاندان کے آستان اجتماع پر ایسے چہرے بھی نظر آتے ہیں جو تقوی کے بھاری بھرکم لبادے میں اس طرح ملفوف ہوتے ہیں گویا قدیم شاہی عماموں کی ریشمی چادریں ان کے گرد لپٹی ہوں۔ ظاہر میں نور صلاح و تقوی کا جلوہ، باطن میں دھویں دھویں تجارت نفاق۔ قربت کا ذرا موقع ملا تو کردار کی معطر خوشبو کی بجائے ایک ایسی تند و تیز بو فضا کو معطر کرتی ہے کہ انسان حیرت و افسوس کے دوپٹے میں کھو سا جاتا ہے۔
دنیا کے ہر کوچۂ گفتگو میں ہر شخص کا دعوی ہے صفا و معرفت کا، مگر جب کردار کی گلی میں قدم رکھا تو وہاں اندھیرا ہی اندھیرا نظر آیا۔
منافقوں کی بستی میں ڈیرے ہیں
تیرے منہ پر تیرے، میرے منہ پر میرے ہیں
گزشتہ روز ایک یار دیرینہ سے طویل جدائی کے بعد سر راہ ملاقات ہوئی۔ عرض سلام و کلام کے بعد فرمانے لگے،
ارے اختر بھائی، آپ کے ایک عزیز سے کچھ دن قبل ملاقات ہوئی۔ آپ کا ذکر خیر چھڑا تو موصوف نے ایسے معما طرح سوالات اٹھائے کہ میں ہکا بکا رہ گیا۔ حیران ہوں کہ انھیں کیا پیش آیا؟
آپ تو کسی کے بارے میں ایسی بات نہیں کرتے۔
میں نے ابتدا میں ہنستے ہوئے بات کو ٹالنا چاہا، مگر پھر خیال آیا کہ اصلاح کا موقع ہاتھ سے نہ جانے پائے۔ نہایت سنجیدگی اور نرم گفتاری کے ساتھ عرض کیا برادر من، اگر کسی منافقِ اعظم نے میرے بارے میں کوئی بات کی بھی تھی تو اسے تم تک پہنچانے کا مقصد کیا تھا؟
میں نے تو انھیں اس وقت بھی سب کے روبرو، بلکہ خاص طور پر ان کے سامنے بھی، انھیں منافق ہی کہتا تھا اور آج بھی میری نگاہ میں ان کا وہی مقام ہے۔ مگر افسوس اس بات پر ہے کہ جو بات انہوں نے تم سے کی وہ تمہارے پاس ایک امانت تھی۔ اگر تم نے وہ امانت آگے پہنچا دی تو پھر ان میں اور تم میں کیا فرق رہا؟
دیکھو بھائی، دلوں کو جوڑنے والا بنو، توڑنے والوں کی صف میں جا کر کیوں کھڑے ہوتے ہو؟
رب کریم دلوں کے بھید جانتا ہے کہ کون اخلاص کی چادر اوڑھے ہوئے ہے، کون بغض کے لحاف میں لپٹا ہوا۔ ہر شخص اپنے ہر عمل کا جواب دہ ہے، اور سب کو ایک دن عظیم عدالت کے سامنے پیش ہونا ہے۔ دوسرے گھر کے معاملات کی ٹوہ میں پڑنا چھوڑ دو، یہ تو بدگمانی کا دروازہ کھول دیتا ہے۔ اور یاد رکھو خالق کائنات انسان کے ہر عمل کا بدلہ دنیا ہی میں دکھا دیتا ہے، شرط صرف دیکھنے والی آنکھ اور سمجھنے والے دل کی ہے۔
میری بات سن کر یار گرامی قدر مسکرا دیے۔ ان کے چہرۂ انور پر طنز، محبت اور نصیحت کا ایسا مرکب جھلک رہا تھا جیسے بہار کے پہلے موسم میں رنگوں کا امتزاج۔
ممکن تھا کبھی ان کو میں خاطر میں نہ لاتا
ہوتے جو مقابل مرے دو چار منافق
آخر میں، دل ہی دل میں اور کچھ بلند آواز میں بھی ایک دعا کی جو طنز و محبت کے سنگم پر کھڑی تھی۔۔۔۔
ہمارا کام دعا دینا ہے سو دیتے ہیں
میرے عزیز ہو تیری منافقت کی خیر
اللہ رب العزت ہم سب کو سچائی اخلاص اور حسن کردار کی دولت سے مالا مال فرمائے اور ان چہروں کے فریب سے محفوظ رکھے جن پر نیکی کا نور محض ملمع کاری ہے، اصل میں اندھیرا ہی اندھیرا۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment