اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْن


 

اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْن


آج دل ایک نئی کسک کے ساتھ جاگ اٹھا ہے۔ ابھی صبح کی پہلی روشنی نے فضا کو چھوا ہی تھا کہ دکھ بھری خبر پہنچی، ہماری ماموں زاد بہن کے شریک حیات، سلیم بھائی بھی سفر آخرت پر روانہ ہوگئے۔ ایک اور چراغ گل ہوا ایک اور نام اجل کی فہرست میں شامل ہوا۔ اللہ کریم ان کے درجات بلند فرمائے ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے لیے ایسا پرنور اور پرسکون مرقد نصیب فرمائے جو دنیا کی تمام آرام گاہوں سے کہیں زیادہ حسین ہو، اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

آمین یا رب العالمین۔


یہ کسک بھری ساعتوں کی کہانی ہے جن میں دل اپنے ہی خوں سے سنبھلتا ہے اور صبر کی دہائی دیتا ہے۔ ابھی اسی سال ماہ اگست کا زخم تازہ تھا کہ ہماری چھوٹی ماموں زاد بہن رخصت جاں ہو کر عدم کی راہوں کی مسافر ہوئی۔ اس کے انتقال کو محض پندرہ ہی دن گزرے تھے کہ وہی گھر، وہی آنگن وہی دیواریں ایک اور صدمے سے دو چار ہوئیں اور اسہی کی بڑی بہن بھی سفر آخرت کو روانہ ہوگئی۔ 

اور آج ۔۔۔ ہائے آج

اسی بڑی بہن کے رفیق حیات، سلیم بھائی بھی اپنے رب کے حضور حاضر ہوگئے۔ ایک ہی سلسلۂ وقت میں تین چار ماہ کی مختصر مہلت میں ماموں مرحوم کے گلستان چمن کے کئی نازک پھول یکے بعد دیگرے مرجھا گئے۔


رب کریم کی حکمتیں عمیق اور اٹل ہیں۔ وہ جسے چاہے نوازے جسے چاہے بلا لے اور جنہیں اپنے قرب کا مقام عطا فرمائے، ان کے لیے دنیا کی یہ گردشیں محض پل دو پل کا پڑاؤ ہیں۔ ہم تو بس دعا ہی کرسکتے ہیں، اللہ کریم ان سب مرحومین کی مغفرت فرمائے انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا کرے اور ان کے لیے ایسا حسین و پر سکون مرقد نصیب فرمائے جو دنیا کے تمام آرام گاہوں سے کہیں زیادہ خوبصورت اور نور رحمت سے معمور ہو ۔۔ 



 ان کے آرام گاہوں پر انوار و برکات کی بارشیں نازل فرما اور پسماندگان کے دلوں میں صبر جمیل کی شمعیں روشن رکھے۔


یہ دنیا تو یوں ہی چمن کی مانند ہے


یہ چمن یوں ہی رہے گا اور ہزاروں بلبلیں

اپنی اپنی بولیاں سب بول کر اڑ جائیں گی


جانے والوں کے قافلے چلتے رہتے ہیں۔ یہی گردشِ ایّام ہے اور یہی دستور بقا۔ 

کون ہے جو موت سے رستگاری پائے؟


موت سے کس کو رستگاری ہے

آج وہ کل ہماری باری ہے


گزشتہ چار پانچ ماہ میں خاندان کے چھ سات چراغ یکے بعد دیگرے بجھ گئے۔ ایک ایک روشنی آہستہ آہستہ افق کے پار ڈوبتی چلی گئی۔ انسان بے اختیار لرز جاتا ہے کہ یہ سفر تو سبھی نے کرنا ہے، بس فرق صرف وقت کا ہے۔


دل دعا کے لیے ہاتھ اٹھاتا ہے اور زبان عاجزی سے عرض کرتی ہے ۔ 


اللّٰهُمَّ اغْفِرْ لَهُمْ وَارْحَمْهُمْ، وَعَافِهِمْ وَاعْفُ عَنْهُمْ، وَأَكْرِمْ نُزُلَهُمْ، وَوَسِّعْ مُدْخَلَهُمْ، وَاغْسِلْهُمْ بِالْمَاءِ وَالثَّلْجِ وَالْبَرَدِ۔


اے اللہ، ان سب مرحومین کو بخش دے ان پر رحم فرما ان کی خطاؤں سے درگزر کر دے ان کے درجات کو بلند کر ان کی قبروں کو کشادہ فرما اور انہیں پاکیزگی عطا فرما، جیسے سفید کپڑے کو پانی سے پاک کیا جاتا ہے۔


اللّٰهُمَّ اجْعَلْ خَيْرَ أَعْمَالِنَا خَوَاتِيمَهَا، وَخَيْرَ أَيَّامِنَا يَوْمَ نَلْقَاكَ۔


اے اللہ ۔۔ ہمارے اعمال کا خاتمہ بہترین اعمال پر فرما اور ہمارے دنوں میں سب سے بہتر دن وہ بنا جس دن ہم تجھ سے ملاقات کریں۔


یا رب، ہمیں بھی آخر کار اسی سفر پر روانہ ہونا ہے۔ ہمیں اس کی تیاری کی توفیق عطا فرما۔ ہمارے دلوں میں نیکی کی محبت ذکر و اذکار کی لذت، توبہ و استغفار کی حقیقت بسا دے۔ ہمیں ایمان کی حالت میں زندہ رکھ اور ایمان ہی کی روشنی میں موت عطا فرما۔ ہمارے چھوٹے بڑے تمام گناہوں کو معاف فرما دے ہمارے قدم حق کی راہوں پر ثابت رکھ، اور ہمیں بھی اپنے مقربین میں شامل فرما۔


آمین یا رب العالمین۔

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ