مشوروں کی مہکار اور مریض لاچار


 مشوروں کی مہکار اور مریض لاچار


کراچی جیسے تیز رفتار شہر میں آدمی اگر بیمار پڑ جائے تو سمجھ لیجیے صرف بخار ہی نہیں چڑھتا۔ 

فون کالوں، میسجوں واٹس ایپ وائس نوٹس اور انوکھے علاجوں کا بھی طوفان آ جاتا ہے۔ بیماری اپنی جگہ مگر احباب شہر کے مشورے ایسی رفتار سے آنے لگتے ہیں جیسے سی ویو پر ہوا چل رہی ہو۔۔


پہلا صاحب فون کرتے ہی فرماتے ہیں۔۔۔


بھائی جان، یہ دوائی چھوڑ دیں۔ اصل علاج تو گرم پانی میں ہے۔


ابھی آپ جواب دینے ہی والے ہوتے ہیں کہ دوسری کال آ جاتی ہے۔ 


ارے نہیں نہیں گرم پانی تو جسم سکاتا ہے آپ فوراً فلاں سپلیمنٹ شروع کریں، ہم نے آفس کے دو بندوں کو اسی سے ٹھیک ہوتے دیکھا ہے۔۔


تیسرا دوست تو ایسا پراثر مشورہ دیتا ہے کہ جیسے جناح اسپتال اور آغا خان کی ساری ریسرچ بس اس ایک نسخے میں جمع ہو ۔۔ 

دیکھو … میں تو صاف کہہ رہا ہوں تمہارا ڈاکٹر بس فیس لینے کے چکر میں ہے۔ اصل ڈاکٹر تو میرا جاننے والا ہے۔ پورے شہر میں اس سے بہتر کوئی نہیں۔۔۔۔۔

چوتھے مشیر کی باتیں سن کر مریض سوچنے لگتا ہے کہ کیا میں واقعی بیمار ہوں یا شہر قائد کی میڈیکل اسٹریٹجی میٹنگ کا ایجنڈا بن گیا ہوں؟


بس ہلکی واک کر لیا کرو … نمک کم ۔۔ موبائل کم استعمال کیا کرو … تناؤ سے بچو … اور ہاں میرا بتایا ہوا یوٹیوب چینل لازماً دیکھو اسی پر اصل میڈیسن بتاتے ہیں۔۔


اب بیچارے مریض کا حال یہ ہے کہ دوا کم مشورے زیادہ پی رہا ہے۔


کبھی کہتا ہے 

یہ کھاؤں؟


کبھی سوچتا ہے وہ چھوڑ دوں؟


اور کبھی دل میں آتا ہے کہ سب کو ایک ہی میسج بھیج دوں ۔ 


بھائی خدا کے لیے مشورے کم دیا کریں … بندہ بیمار ہے کنفیوز نہیں۔۔


اصل ضرورت تو یہ ہے کہ بندے کا دل بڑھایا جائے۔ بیمار کو کراچی کے شور میں سب سے زیادہ کمی سکون کی ہوتی ہے۔ اور یہ سکون مشوروں سے نہیں محبت، دعا اور تیمارداری سے ملتا ہے۔


عیادت کے وقت دو لفظ کہہ دیجیے۔ 

حوصلہ رکھیں ان شاء اللہ بہتر ہو جائیں گے۔ اللہ شفا دے گا۔

بس یہی وہ نسخہ ہے جو کسی بھی میڈیکل اسٹور میں نہیں ملتا مگر اثر ایسا رکھتا ہے کہ آدھی بیماری وہیں کم ہو جاتی ہے۔


آخر میں بس اتنی سی گزارش کہ بیمار کی دہلیز کو مشوروں کا رش آور سگنل نہ بنائیں۔ کبھی کبھی انسان دوائی سے نہیں کسی کے نرم لہجے سے ٹھیک ہوتا ہے۔ اگر ہم نصیحتوں کے ٹرک کم اور دعاؤں کی روشنی زیادہ لے کر مریض کے پاس جائیں تو یقین مانیں، شفا کا سفر بھی ہموار ہو جاتا ہے۔


دلجوئی کے یہ چھوٹے چھوٹے لمحے ایسے ہوتے ہیں کہ دینے والے کو معمولی لگتے ہیں مگر پانے والے کی پوری بیماری ہلکی کر دیتے ہیں۔

آدمی درد میں ہو تو لفظ نہیں دیکھتا، صرف احساس محسوس کرتا ہے۔


بس ہم سب اپنے احساس کا یہ میٹھا چراغ جلائے رکھیں۔ شاید کسی کی جلد صحت میں ہمارا یہی خاموش سا رویہ سب سے مؤثر دوا ثابت ہو جائے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ