خاک قبر پر بولی انسانیت کی شکست کا منہ بولتا ثبوت
خاک قبر پر بولی انسانیت کی شکست کا منہ بولتا ثبوت
خدا کی رحمت کے سایے تلے جہاں ہر بندۂ مومن کی حیات مستعار کا سفر اختتام پذیر ہوتا ہے وہاں کی مٹی بھی اب تجارت کی بھینٹ چڑھ گئی ہے۔ آج کے اس مادیت زدہ دور میں جہاں زندگی کے ہر شعبے میں ظلم کے بازو پھیلتے جا رہے ہیں، وہاں موت کی دہلیز پر بھی انسانی ہمدردی کے دامن پر لالچ کے داغ پڑ چکے ہیں۔
ایک ایسا ہی منظر جس کی تلخی دل پر نقش ہو کر رہ جاتی ہے۔ ایک غریب آدمی جس نے زندگی بھر سادگی اور خودداری کو سینے سے لگائے رکھا اپنی آخری بیماری کو بھی اپنے سینے میں چھپائے رکھا۔ سفید پوشی کے پردے میں، غربت کے ہاتھوں مجبور، علاج معالجے سے محروم رہا اور بالآخر خالق حقیقی سے جا ملا۔ مگر اس کی آزمائش یہیں ختم نہ ہوئی۔
جب اس کے پیاروں نے اسے خاک کے سپرد کرنے کی سعادت حاصل کرنی چاہی تو قبر کی خاک نے بھی انہیں مہنگائی کے طوفان میں دھکیل دیا۔ ستر ہزار روپے۔ صرف ایک قبر کے لیے۔ وہ قبرستان جو وقف ہونا چاہیے جو امیر و غریب کے لیے یکساں آخری آرام گاہ ہونا چاہیے، وہاں بھی طبقاتی دیواریں کھڑی کر دی گئی ہیں۔
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر یہ گورکن کس کی سرپرستی میں اتنی جسارت کرتے ہیں؟ کیا قبرستان کسی کی ذاتی جاگیر ہے؟ یا پھر معاشرے کا ایک ایسا طبقہ ہے جو موت کے سائے میں بھی انسان کی بے بسی سے فائدہ اٹھانے سے باز نہیں آتا؟
یہ المیہ صرف ایک قبر کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کی اخلاقی پستی کا آئینہ ہے۔ جہاں زندگی بھر انسان مہنگائی، بے روزگاری اور امراض کے ہتھکنڈوں سے جنگ لڑتا ہے وہیں موت کے بعد بھی اس کے پیاروں کو اس کے جنازے کی قیمت چکانا پڑتی ہے۔ قبرستان کے دروازے پر کھڑا گورکن، آنسوؤں سے دھندلے نظر آتے چہروں سے قیمت وصول رہا ہوتا ہے۔ یہ منظر کسی بھی حساس انسان کے رونگٹے کھڑے کر دینے کے لیے کافی ہے۔
یہ وقت ہے کہ ہم سب اس ظلم کے خلاف آواز بلند کریں۔ حکومت، بلدیہ اور اوقاف کے اداروں کو چاہیے کہ ہر قبرستان کے دروازے پر سرکاری فیس کا بورڈ واضح طور پر آویزاں کیاجائے۔
کسی بھی قسم کی اضافی وصولی پر سخت ترین کارروائی کا اعلان کیا جائے۔
قبرستانوں کے انتظامات میں شفافیت لائی جائے۔
قبرستان کی مٹی سب انسانوں کی مشترکہ میراث ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں دنیاوی تفاخر اور مادی تفاوت خاک میں مل جاتے ہیں۔ مگر افسوس ہمارے ہاں اس مقدس مقام کو بھی تجارت کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے۔
یہ انسانیت کی شکست نہیں بلکہ ہماری اجتماعی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہمیں اس ظلم کے خلاف نہ صرف آواز بلند کرنی چاہیے، بلکہ عملی اقدامات بھی کرنے چاہئیں۔ یہ مسئلہ معمولی نہیں انتہائی سنگین نویت کا ہے اور اس پر خاموشی میری نظر میں شریک جرم کی حثیت رکھتی ہے ۔
اب تو گھبرا کے یہ کہتے ہیں کہ مر جائیں گے
مر کے بھی چین نہ پایا تو کدھر جائیں گے
یہ شعر آج کے دور میں المناک حقیقت بن چکا ہے۔ آئیے، ہم سب مل کر اس ظلم کے خلاف کھڑے ہوں اور انسانیت کی اس آخری شکست کو فتح میں بدل دیں۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment