رعایت وقت کا خیال ۔۔ تعلقات کی شائستگی کا امتحان


 رعایت وقت کا خیال ۔۔ تعلقات کی شائستگی کا امتحان


اس رواں دواں زمانے میں جب ساعت و لمحہ کی اختصار پسندی نے انسان کو اپنے پنجوں میں جکڑ رکھا ہے محبت کے تعلق اور خلوص کی نسبتوں کا پاس و لحاظ ہی وہ گراں مایہ نعمت ہے جو ہماری اجتماعی زندگی کو تابندگی عطا کرتی ہے اور یہ حقیقت اب ہم سے پوشیدہ نہیں رہی کہ عمر کے جس مرحلے میں جسم و جان کی قوتیں بتدریج ماند پڑنے لگتی ہیں اور زندگی کی دوڑ سے فرصت کے چند قیمتی لمحے میسر آتے ہیں اس منزل پر ہم خود بھی آ کھڑے ہوتے ہیں ایسے میں اپنی ضرورتوں اپنی پسندیدگیوں اور اپنے آرام کا خیال رکھنا کسی اور کی اصلاح نہیں بلکہ خود اپنی تہذیب کا امتحان بن جاتا ہے


یاد رکھیے رشتوں کی پختگی کا معیار ملاقات کی کثرت نہیں بلکہ ملاقات کے وقت کے انتخاب میں پوشیدہ وہ شعور ہے جو تعلق کو زحمت بننے سے بچا لیتا ہے جس دل میں دوسرے کے سکون کے ساتھ ساتھ اپنے وقار کی حفاظت کا احساس بیدار ہو وہی دل محبت کا معتبر مرکز ٹھہرتا ہے ہمارے شہر کراچی کی مصروف اور تھکا دینے والی زندگی میں اتوار کا دن محض چھٹی نہیں بلکہ قدرت کی طرف سے دیا گیا ایک مہربان وقفہ ہے تھکے ہوئے بدن اور بوجھل ذہن کے لیے سانس لینے کا ایک قرینہ۔


یہ بھی پیش نظر رہنا چاہیے کہ اگر ہم چھٹی کے دن عادتاً یا ذوقاً سویرے بیدار ہو جاتے ہیں تو یہ لازم نہیں کہ جہاں ہم جانے کا ارادہ رکھتے ہیں وہاں بھی یہی معمول ہو ممکن ہے ان کے ہاں چھٹی کا دن آرام کے تسلسل کے لیے مخصوص ہو ایسے میں اپنی سہولت کو معیار بنانے کے بجائے دوسرے کے معمول اور سکون کو پیش نظر رکھ کر ملاقات کا وقت طے کرنا ہی اصل شائستگی ہے


کیا ہی مناسب ہو کہ ہم اپنے جذبۂ ملاقات کے اظہار میں اس نزاکت کو لازم پکڑ لیں کہ ہمارا شوق نہ دوسروں کے آرام میں خلل ڈالے اور نہ خود ہمارے سکون کو مجروح کرے صبح سویرے کی گھنٹی بے موقع دستک یا غیر متوقع آمد وہ بے احتیاطیاں ہیں جو خلوص کے شفاف جام میں انجانے کدورت گھول دیتی ہیں، خصوصاً اس عمر میں جہاں نیند محض راحت نہیں بلکہ جسم و جان کی ضرورت بن جاتی ہے۔ 


یہ بات بھی پیش نظر رہنی چاہیے کہ ایسی بے وقت آمد کا اثر صرف ایک فرد تک محدود نہیں رہتا بلکہ گھر کے پورے نظام کو متاثر کر دیتا ہے خاتون خانہ کی تھکی ہوئی نیند بچوں کے خوابوں کا تسلسل اور گھر کے دیگر افراد کے سمیٹے ہوئے سکون سب یکایک منتشر ہو جاتے ہیں، پھر وہ لمحہ آتا ہے جب میزبان خلوص کے باوجود ایک خاموش شرمندگی کے بوجھ تلے دب جاتا ہے ایک طرف مہمان نوازی کا وقار اور دوسری طرف جسمانی ماندگی اور گھریلو بے تیاری ایسی دو رخی کیفیت پیدا کر دیتی ہے جو دل کو آزما دیتی ہے۔


اسی لیے یہ کہنا بے جا نہیں کہ ملاقات سے قبل ایک رابطہ ایک استفسار یا وقت کی پیش بندی محض آداب نہیں بلکہ رشتوں کی نگہداشت کا قرینہ ہے، تاکہ آپ کی آمد مسرت کا سبب بنے اضطراب کا نہیں اور آپ کی موجودگی سکون میں اضافہ کرے نہ کہ خلل ۔


آئیے ہم یہ خاموش مگر پختہ فیصلہ کریں کہ اپنے پیاروں سے ملنے کے شوق میں ان کی صحت ان کے اوقات ان کی ذہنی آسودگی کے ساتھ ساتھ اپنے آرام اور اپنے وقار کی بھی نگہبانی کریں گے، کیونکہ یہی وہ شائستگی ہے جو تعلقات کو دوام بخشتی ہے، خلوص کو نکھارتی ہے اور محبت کے رشتوں کو وقت کی کسوٹی پر سرخرو رکھتی ہے


یاد رکھیے محبت کا تقاضا صرف ملنا نہیں بلکہ ملتے وقت اپنے اور دوسرے دونوں کے دل کی دھڑکن کو محسوس کرنا بھی ہے ۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ