زبیر احمد۔ چہار بیت کی فروزاں قندیل
زبیر احمد۔ چہار بیت کی فروزاں قندیل
بزم کہکشاں کے چہار بیت پارٹی کے دیوان پر جب پارٹی کے سربراہ زبیر احمد سے غائبانہ شناسائی کا شرف حاصل ہوا تو دل میں ایک پرانی اضطراب کے ساتھ ساتھ ایک تازہ مچلتا ہوا سرور بھی موجزن ہوا۔ یہ دیکھ کر طمانیت ہوئی کہ چہار بیت جیسی چار صدی پر محیط شاندار اور توانا صنف سخن، جو آج کل کراچی میں اپنی آخری رمقیں سمیٹتی محسوس ہوتی ہے ابھی رخصت ہونے کے لیے تیار نہیں۔
یہ فن درحقیقت شعر و سخن کی ایک قدیم اور مکمل صنف ہے جس کی تحریر اور ادائیگی دونوں کی مضبوط دھاریں صدیاں سے جاری و ساری ہیں۔ شعرائے کرام نے چہار بیتیں کہیں، کتابوں میں محفوظ کیں اور ایک خاص ترنم و آہنگ کے ساتھ انھیں پڑھنے کی روایت کو بھی پروان چڑھایا، یہ چار مصرعوں کے اس مختصر سے قالب میں صوتی تاثیر، لے کی بلندی اور بیان کی روانی کو امتیازی مقام حاصل رہا ہے۔
یہ ہنر عوامی دھارے کا حصہ بن کر چوپالوں، میدانوں اور محفلوں کی زینت بنا رہا اور کتابوں کے اوراق میں بھی نسلاً بعد نسل منتقل ہوتا رہا۔ وقت کے ساتھ جب ادبی ذوق اور لوک روایات ماند پڑنے لگیں تو چہار بیت جیسا گہوارۂ فن بھی پردے کے پیچھے چلا گیا۔ یہاں تک کہ نئی نسل کے لیے اس کا نام اور پہچان اجنبی سی ہوتی چلی گئی، حالانکہ یہ ہماری تہذیبی یادداشت کا ایک بیش قیمت اور معتبر جزو ہے۔
یہ جان کر قلب و جاں کو فرحت بے پایاں ہوئی کہ جس شان پاکستان چہار بیت پارٹی کو میں اپنی عقل ناقص کے مطابق کراچی میں اس فن کی آخری روشن مینار سمجھتا تھا، اس کے بعد بھی ایک اور کارواں موجود ہے جو اسی چراغ کو فنا ہونے نہیں دے رہا۔ زبیر احمد صاحب کی چہار بیت پارٹی کو دیکھ کر یقین مزید پختہ ہوا کہ اگر خلوص نیت ہو تو روایت کی عمر ہمیشہ جوان رہتی ہے۔
ایک نوجوان زبیر احمد، اپنے ہم سن و ہم خیال رفقاء کے ہمراہ اس صنف کی بقا کے لیے جس میدان عمل میں سرگرم ہیں، وہ محض ایک شوق دلچسپی نہیں بلکہ ایک تہذیبی ذمہ داری کا والہانہ احساس ہے۔ کل ان سے تبادلۂ کلام ہوا، رابطہ کی سبیل پیدا ہوئی اور چہار بیت کی چند گراں قدر آوازیں بھی دستیاب ہوئیں۔ فرصت کامل ملتے ہی انھیں اپنے یوٹیوب کے خزانے میں محفوظ کرنے کا ارادہ ہے، جہاں پہلے ہی دوسری پارٹیوں کے چہار بیتی گلدستے سجائے جا چکے ہیں، تاکہ یہ نغمیں وقت کی گرد میں گم نہ ہو جائیں۔
سچ تو یہ ہے کہ چہار بیت کا آج جو انحطاط ہے، وہ محض ایک صنف سخن کا زوال نہیں، بلکہ ہماری سماعت، ہماری یادداشت اور ہماری لوک دھن کا دھیرے دھیرے خاموش ہو جانا ہے۔ ایسے حساس وقت میں زبیر احمد اور ان کے رفقا کی یہ کوشش محض داد کے نہیں، بلکہ دعاؤں کے قابل ہے کہ یہ نوجوان اپنے شوق کو ورثہ اور اپنی محنت کو امانت بنا کر آگے بڑھ رہے ہیں۔
دل کی گہرائیوں سے دعا ہے کہ ان کے دم سے یہ قدیم فن شیریں پھر سے تابندہ ہو اور چہار بیت کی رس گھولتی ہوئی صدا آنے والی نسلوں کے کانوں تک پہنچتی رہے۔
اختر شیخ

Comments
Post a Comment