چہار بیت کی بجھتی محفلوں کا اجالا


 یادوں کے جگنو


چہار بیت کی بجھتی محفلوں کا اجالا


نوجوان چہار بیت استاد زبیر احمد

جو کہکشاں چہار بیت پارٹی کے روح رواں ہیں، سے فیس بک پر قائم ہونے والی دوستی اور پھر ان کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک چہار بیت کی ویڈیو … یہی وہ لمحہ تھا جس نے یادوں کے بند دریچے یکایک وا کر دیے۔ آواز کی ایک لرزش، لے کی ایک جنبش اور دل کے کسی پرانے گوشے میں دفن وہ سب منظر جاگ اٹھے جو برسوں کی گرد میں اوجھل ہو چکے تھے۔ اسی کیفیت میں برادر من سے رابطہ ہوا اور یوں باتوں باتوں میں ماضی کی وہ محفلیں، وہ نشستیں وہ چہرے اور وہ آوازیں ایک ایک کر کے سامنے آنے لگیں۔ جیسے وقت نے پل بھر کو پیچھے مڑ کر دیکھ لیا ہو۔


ایک زمانہ تھا کہ پاک کالونی میں اہل رامپور کی چہار بیت کی محفلیں اپنی پوری آب و تاب سے قائم تھیں اور ہمارے گلبہار میں یہ چراغ ذوق ٹونک کے احباب کے ہاتھوں روشن تھا۔ گلبہار میں ان محفلوں کے روح رواں عبدالسلام بھائی تھے—یا شاید اسلام بھائی۔ نام اب حافظے کے کسی گوشے میں دھندلا سا گیا ہے مگر ان کی آواز ان کا آہنگ اور محفل کی تاثیر آج بھی یادوں کی فصیلوں سے جھانکتی ہے۔ ان کے انتقال کے بعد کچھ عرصہ ان کے فرزندوں نے اس روایت کو نبھایا، مگر پھر وہ بھی اپنی کیمکل کی دکان چلنے میں حالات کے پیش نظر مصروف ہو گئے اور یہ سلسلہ بھی وقت کی گرد میں آہستہ آہستہ گم ہو گیا۔


ہمارے بچپن کے دوست حامد بھائی کے گھر ہر ماہ یہ محفل سجتی تھی اور اس کی دلکشی یہ تھی کہ محلے میں اہل رامپور اور اہل ٹونک۔ دونوں کی کثرت تھی۔ حامد بھائی کے پاس ان گھروں میں ہونے والی ان نشستوں کی بے شمار ویڈیو کیسٹیں آج بھی محفوظ ہیں، گویا وقت کو انہوں نے پلاسٹک کے ایک فریم میں قید کر رکھا ہو۔ مگر افسوس کہ وی سی آر کا دور بیت چکا ہے۔ ہم نے بہت چاہا کہ ان کیسٹوں کو سی ڈی میں منتقل کر لیا جائے، لیکن پرانی کیسٹوں کی ریلیں باہم چپک چکی تھیں، یوں کئی زندہ محفلیں خاموشی کی نذر ہو گئیں۔ آوازیں تھیں، مگر راستہ کھو چکی تھیں۔


اور اس سارے منظرنامے میں حامد بھائی کے والد محترم عبد الستار صاحب مرحوم اور خصوصاً ٹونک کے عبد المجید صاحب جو ہم سب کے بزرگوں کی تھے، اور ان کی اردو بازار میں قائم کتابوں کی دکان علم و ذوق کا استعارہ تھی۔ ان محفلوں کی جان تھے۔ اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے، آمین۔ ان کے بعد کچھ مدت تک ان کے فرزند عبدالوحید، جو ہمارے بچپن کے ساتھی اور ہم راز بھی تھے، نے اس روایت کو تھامے رکھا۔ اب عبد الوحید کی بھی کوئی خیر خبر نہیں ، ہاں اتنا یاد ہے کے وحید بھائی کا سسرال لانڈی میں ہی تھا اور وہ جب لانڈھی جاتے تھے تو کسی پارٹی میں پارٹی رکن کی حیثیت سے شرکت بھی کرتے رہے ہیں ۔ 

دعا ہے ان کے حوالے سے شاید کسی لانڈھی کے دوست سے کچھ معلومات مل جائے ۔ 


پھر وہ وقت آیا کہ ہم سب گلبہار سے مختلف سمتوں میں بکھر گئے اور یہ محفلیں یادوں کے دریچوں میں مقفل ہوتی چلی گئیں۔ ایک طویل وقفے کے بعد حیدرآباد کے سالانہ پروگراموں میں ادبی حوالے سے محترم انوار احمد زئی مرحوم اور شفیع صاحب مرحوم کی مساعی سامنے آئیں۔ اور جب تک بھائی ظفر قابل اجمیری حیدرآباد میں مقیم رہے وہ ان محفلوں کی بازگشت ویڈیوز کی صورت مجھے بھیجتے رہے۔ بعد ازاں ان کی کراچی منتقلی کے ساتھ یہ سلسلہ خود بہ خود خاموش ہو گیا۔


آج یہ تسکین دل برادر من فرخ افضال بھائی کے طفیل نصیب ہوتی ہے کہ دربار سلطانی میں عرس کے موقع پر اپنی پارٹی کی آمد کی خبر دیتے ہیں۔ میں وہاں پہنچ جاتا ہوں، برادر من افضال اور انیس بھائی سے ملاقات بھی ہو جاتی ہے، اور یوں بچھڑے ہوئے قافلوں کی خوشبو لوٹ آتی ہے، دل بھی بھر جاتا ہے اور روح کو بھی قرار نصیب ہوتا ہے۔


یہ محض محفلوں کا ذکر نہیں، یہ ان آوازوں ان نسبتوں اور ان روایتوں کی حکایت ہے جو وقت کے ہاتھوں بکھر تو گئیں، مگر یاد کے قرطاس پر آج بھی مرصع سطروں کی طرح جگمگا رہی ہیں۔


یوں ایک نوجوان کی آواز، ایک ویڈیو کی جھلک اور ایک بے ساختہ رابطہ،

سب مل کر یہ بتا گئے کہ روایت کبھی مرتی نہیں، بس کبھی کبھی خاموش ہو جاتی ہے۔ چہار بیت کی وہ لے، وہ اجتماع وہ رفاقتیں آج اگر محفل کی صورت میں موجود نہیں، تو یاد کی صورت میں زندہ ہیں۔ اور شاید یہی زندہ روایت کی سب سے بڑی علامت ہے کہ جب بھی کوئی صدا اٹھتی ہے، دل فوراً پہچان لیتا ہے۔کہ یہ ہماری ہی آواز ہے جو وقت کے فاصلے طے کر کے واپس لوٹ آئی ہے۔


اختر شیخ

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ