میری امی میری جنت اللہ آپ کو اپنی جوار رحمت میں رکھے ۔آمین


 ماں اور باپ


آج صبح سے دونوں کی یاد نے دل بہت بے چین کیا ہوا ہے۔


ماں کا سایہ اٹھتے ہی گھر کی اینٹ اینٹ بکھر جاتی ہے۔ اور باپ کی چھاؤں سر سے ہٹ جائے تو گویا ساری دنیا ہی اجڑ جاتی ہے۔ ماں کی محبت میں چھپی راحت باپ کے وجود میں چھپی حفاظت یہی وہ دیواریں ہیں جو ہمارے گھر اور دل کو سنبھالتی تھیں۔ یہی وہ چھاؤں ہے جو دنیا کے ہجوم اور شور میں دل کو خاموشی اور راحت بخشتے ہوئے سر سبز رکھتی تھیں۔


ماں کے سائے میں بخت پلتے ہیں

باپ گھر میں درخت بنتے ہیں۔


آج جب دونوں کی سرپرستی یا شفقت میسر نہیں تو ان کی یاد نے دل بے چین کیا ہوا ہے۔۔۔۔

سو دل کی کیفیت کو قرطاس پر بکھیر دیا۔ رب کریم قبول فرمائے۔


رب ارحمھما کما ربیانی صغیرا۔

اے میرے رب، میرے والدین پر رحمت کر جیسا کہ انہوں نے مجھ چھوٹے کو پالا۔


آمین ثم آمین۔


ماں


آج نجانے کتنا وقت گزر گیا اپنی جنت سے دور ہوئے۔ وہ پیارا حسین پرنور چہرہ اپنی پوری جزئیات کے ساتھ آنکھوں کے سامنے رہتا ہے۔ جاگتے سوتے معمولی تکلیف پر بھی ہائے ماں ہی کیوں منہ سے نکلتا ہے۔


اے رات مجھے ماں کی طرح گود میں لے لے

دن بھر کی مشقت سے بدن ٹوٹ رہا ہے


تنویر سپرا


میں جدھر گیا، میں جہاں رہا میرے ساتھ تھا وہی ایک سایہ مہرباں

وہ جو ایک پارہ ابر تھا سر آسماں پس ہر گماں وہ جو ایک حرف یقین تھا،

میرے ہر سفر کا امین تھا،

وہ جو ایک باغ ارم نما، سبھی موسموں میں ہرا رہا وہ اجڑ گیا

وہ جو اک دعا کا چراغ سا، میرے راستوں میں جلا رہا وہ بکھر گیا۔


میرے راستوں سے نکل گئی وہ جو ایک جائے پناہ تھی، میں وہاں نہ تھا۔ 


سر شام غم مجھے ڈھونڈتی میری ماں کی بجھتی نگاہ تھی، میں وہاں نہ تھا۔


میری التجا ہے تو بس یہی، میری زندگی کا جو وقت ہے، کٹے اس کی اجلی دعاؤں میں، 


تیری بخششوں کے دیار میں۔ میری ماں کی روح جمیل کو سدا رکھنا اپنے جوار میں، 

سدا پر فضا وہ لحد رہے تیری لطف خاص کی چھاؤں میں۔



میری مختصر نظم۔ ماں


جب سارا عالم سوتا ہے، 

اس وقت میں اکثر روتا ہوں۔ 

نم آنکھ مری ہو جاتی ہے، 

اے ماں تو بہت یاد آتی ہے۔ 

وہ پیار کا موسم بیت گیا، 

وہ سارا عالم خواب ہوا۔ 

تو جب سے ہم سے دور ہوئی، 

رہ رہ کے ہمیں تڑپاتی ہے، 

اے ماں تو بہت یاد آتی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ 

باپ کی چھاؤں میں زندگی کا سکون تھا۔ وہ خاموش دریا تھے جن کی گہرائی میں پیار کا سمندر تھا۔ وہ اونچی دیوار تھے جو ہر آندھی کو روک لیتی تھیں۔ ان کے ہاتھ محنت کے پتھر سے تراشے ہوئے تھے مگر ہمارے سر پر پھرنے والی ہوا بھی انہی انگلیوں سے سنوری ہوئی تھی۔


باپ کا ہاتھ تھام کر چلنا ہر مشکل راستے کو ہموار کر دیتا تھا، ان کی خاموشی میں نصیحتیں تھیں، ان کی ڈانٹ میں دعائیں تھیں۔ وہ وہ درخت تھے جو خود دھوپ میں کھڑے رہتے تھے مگر ہمیں ہمیشہ سایہ دیتے تھے۔


آج جب وہ سایہ سر سے اٹھ گیا، تو سمجھ آیا کہ درحقیقت وہ سایہ ہی نہیں، وہ پورا باغ تھا جو ہمارے ساتھ تھا۔ ان کی موجودگی ہی وہ بنیاد تھی جس پر ہمارا آسمان کھڑا تھا۔


آخر میں بس اتنا عرض ہے کہ۔۔۔۔۔ 


اے دوست ماں باپ کے سایے کی ناقدری نہ کر 

دھوپ کاٹے گی بہت جب یہ شجر کٹ جائے گا۔


رَبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيراً

آمین ثم آمین


اختر شیخ


دسمبر ۱۷ ۔۔۔ ۲۰۲۵

Comments

Popular posts from this blog

یادوں کے دریچے اور دوستوں کی دستک

ایک معذرت، ایک ملاقات، اور چند ٹھہری ہوئی یادیں

استاد نعت محمد قمر خان رحمانی فن، روایت اور تدریس کا ایک معتبر استعارہ